کیپرا کی شاندار کارکردگی

خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی (کیپرا) نے مالی سال 2025-26 کے دوران سیلز ٹیکس آن سروسز کی وصولیوں میں 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کرتے ہوئے 48.71 ارب روپے جمع کیے، جو گزشتہ مالی سال کے 40.60 ارب روپے کے مقابلے میں 8.11 ارب روپے زیادہ ہیں۔ترجمان کیپرا کے مطابق ادارے نے مالی سال 2025-26 کے دوران مجموعی طور پر 53.7 ارب روپے کے محاصل جمع کیے، جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران 51.8 ارب روپے کے محاصل جمع کیے گئے تھے۔ کیپرا نے سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں مقررہ 45.5 ارب روپے کا ہدف بھی کامیابی سے عبور کر لیا۔تفصیلات کے مطابق سیلز ٹیکس آن سروسز کی وصولیوں میں نمایاں اضافہ مؤثر ٹیکس انتظام و منصوبہ بندی، بہتر نفاذ، ٹیکس دہندگان کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور ادارے کے افسران و اہلکاروں کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔مالی سال کے دوران انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس (آئی ڈی سی) کی مد میں 5 ارب روپے وصول کیے گئے۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی گزرگاہوں کی بندش کے نتیجے میں آئی ڈی سی کی وصولیوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ڈائریکٹر جنرل کیپرا، مس ارم ناز نے افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیلز ٹیکس آن سروسز کی وصولیوں میں نمایاں اضافہ پوری ٹیم کی محنت، مؤثر حکمت عملی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ کیپرا ہیڈکوارٹرز اور تمام ریجنل دفاتر نے مالی سال 2025-26 کے لیے اپنے مقررہ اہداف کامیابی سے حاصل کیے، اور انہیں یقین ہے کہ اسی جذبے، حکمت عملی اور لگن کے ساتھ آئندہ مالی سال کے اہداف بھی کامیابی سے حاصل کیے جائیں گے۔انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم اور سیکرٹری برائے محکمہ خزانہ کیپٹن ریٹائرڈ کامران احمد آفریدی کی رہنمائی اور تعاون پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سرپرستی نے کیپرا کی ادارہ جاتی استعداد اور ریونیو اصلاحات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ڈائریکٹر جنرل نے ٹیکس دہندگان کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اعتماد اور رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی کا رجحان کیپرا کی کامیابی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ ٹیکس نیٹ کو مزید وسعت دینے، ڈیجیٹل سہولیات میں اضافے، ٹیکس دہندگان کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور صوبے کی مالی خود انحصاری کے فروغ کے لیے اپنی اصلاحاتی کوششیں جاری رکھے گا۔

مزید پڑھیں