
صوبائی وزیر برائے محنت فیصل خان ترکئی نے ورکر ویلفیئر بورڈ کے زیرِ انتظام سکولوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے، طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنے اور بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبہ و اساتذہ کی حوصلہ افزائی کے لیے مختلف اقدامات کا اعلان کیا۔
اجلاس میں ورکر ویلفیئر بورڈ کے سکولوں کی مجموعی تعلیمی کارکردگی، طلبہ کے نتائج، دستیاب سہولیات اور درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے خصوصی سیمینار منعقد کرنے کی ہدایت کی، جس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو خصوصی طور پر سراہا جائے گا۔
صوبائی وزیر فیصل خان ترکئی نے ورکر ویلفیئر بورڈ کے ان سکولوں کی انتظامیہ اور پرنسپلز کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے بہتر تعلیمی نتائج حاصل کیے۔ انہوں نے کہا کہ محنت اور بہترین کارکردگی کا اعتراف نہ صرف طلبہ بلکہ اساتذہ اور سکول انتظامیہ کے لیے بھی حوصلہ افزائی کا باعث بنتا ہے۔ بہترین نتائج دینے والے سکولوں کے پرنسپلز کو تعریفی سرٹیفیکیٹس دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
فیصل خان ترکئی نے کہا کہ صوبائی حکومت ورکر ویلفیئر بورڈ کے سکولوں میں طلبہ کو معیاری اور جدید تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مرحلہ وار تمام متعلقہ سکولوں کو سولرائز کیا جائے گا تاکہ بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیمی سرگرمیوں میں بجلی کی بندش کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات کا خاتمہ کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سکولوں میں پرانے اور ناکافی فرنیچر کو تبدیل کرکے نیا اور معیاری فرنیچر فراہم کیا جائے گا، جبکہ طلبہ کو سائنسی تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے سکولوں کی سائنس لیبارٹریز کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ جدید لیبارٹریز کی فراہمی سے طلبہ کو عملی تعلیم اور تجربات کے ذریعے سیکھنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔
صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سکولوں کی ضروریات کا جامع جائزہ لے کر ترجیحی بنیادوں پر سہولیات کی فراہمی کا منصوبہ تیار کیا جائے اور تعلیمی معیار میں بہتری کے لیے مسلسل مانیٹرنگ کا مؤثر نظام وضع کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد صرف طلبہ کے امتحانی نتائج بہتر بنانا نہیں بلکہ انہیں ایسا تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے جہاں وہ جدید علوم، سائنسی تحقیق اور عملی مہارتوں سے بھی مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے اساتذہ پر بھی زور دیا کہ وہ طلبہ کی تعلیمی و اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دیں۔
فیصل خان ترکئی نے کہا کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی اور ان کے لیے خصوصی مواقع پیدا کرنے سے دیگر طلبہ میں بھی محنت، مقابلے اور کامیابی کا جذبہ فروغ پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ورکر ویلفیئر بورڈ کے سکولوں میں تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے محنت کش کا بچہ ہی مستقبل کا ڈاکٹر، انجینئر، سائنسدان، استاد اور ملک کا مؤثر کردار بن سکتا ہے، اس لیے ان کی تعلیم پر سرمایہ کاری دراصل صوبے اور ملک کے مستقبل پر سرمایہ کاری ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ 23 ستمبر 2026 کو محنت کشوں کے پانچ بچوں کو دنیا کی ٹاپ 100 یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام اس عزم کا اظہار ہے کہ محنت کشوں کے بچوں کو بھی عالمی معیار کی تعلیم اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
اجلاس کے اختتام پر صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو فیصلوں پر بروقت عملدرآمد یقینی بنانے اور سکولوں میں بنیادی و جدید سہولیات کی فراہمی کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
