خیبرپختونخوا کے وزیرِ قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم ایڈوکیٹ نے چیئرمین تحصیل گمبٹ ساجد اقبال کے ہمراہ گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول طورہ ستنہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اسکول میں تعلیمی نظام، تدریسی معیار، اساتذہ کی حاضری اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران صوبائی وزیرِ قانون نے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا، اساتذہ اور طلبہ سے ملاقات کی اور تدریسی عمل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے اسکول میں موجود سہولیات، صفائی کی صورتحال اور فرنیچر سمیت دیگر انتظامی امور پر بھی توجہ دی۔ آفتاب عالم نے اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر (ڈی او) کو ہدایت کی کہ غیر حاضر اساتذہ کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور اسکولوں میں اساتذہ کی حاضری کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ تعلیمی نظم و ضبط پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے تعلیمی معیار، اساتذہ کی حاضری اور غفلت پر سخت کارروائی کی ہدایت کی. وزیرِ قانون نے کہا کہ طلبہ کا مستقبل قوم کے مستقبل سے جڑا ہوا ہے اور اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں دیانتداری اور سنجیدگی سے ادا کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت سرکاری تعلیمی اداروں میں معیارِ تعلیم بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ چیئرمین تحصیل گمبٹ ساجد اقبال نے اس موقع پر فروغِ تعلیم کیلئے تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا
