وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ نیو پشاور ویلی منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے بھر پور اقدامات جاری ہیں اور اس منصوبے کو عوامی امنگوں کے مطابق مکمل کیا جائے گا جس میں دور جدید کی اہم سہولیات دستیاب ہو ں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور ویلی منصوبے کی تکمیلی امور کے حوالے سے پشاور میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ ہاؤسنگ خیام حسن، ڈائریکٹر جنرل عمران وزیر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ نے گزشتہ اجلاس میں نیو پشاور ویلی سے متعلق کیے گئے فیصلوں پر ہونے والی پیشرفت سے معاون خصوصی کو آگاہ کیا جبکہ ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا پختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ نیو پشاور ویلی منصوبہ خیبر پختونخوا کا سب سے بڑا ہاؤسنگ منصوبہ ہے جس کا رقبہ ایک لاکھ چھ ہزار کنال اراضی پر محیط ہے جو کئی گاؤں اور علاقوں پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں جرگہ کمیٹی کے چیئرمین نے اراضی مالکان کے ساتھ معاوضے اور دیگر معاملات کے امورطے کئے ہیں اور اس کی ہفتہ وار رپورٹ سیکرٹری ہاؤسنگ کو پیش کی جا رہی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نے اجلاس کے شرکاء کو بتایاکہ اس ہاؤسنگ منصوبے میں اب تک کی بڑی پیشرفت ایکسپریس وے ہے جو 15 سالوں سے نیو پشاور ویلی ہاؤسنگ سکیم کی تکمیل کی راہ میں رکاوٹ تھی۔انہوں نے کہا کہ یہ رہائشی منصوبہ آٹھ فیزز پر مشتمل ہے اور دور جدید کے رہائشی تقاضوں سے ہم آہنگ ہوگا جس میں ہیلتھ زون، کالج ویونیورسٹی،مساجد اور سپورٹس کمپلیکس جیسی سہولتیں بھی شامل ہونگیں۔ معاون خصوصی نے بریفنگ میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی اراضی سے متعلق جتنے بھی تصفیہ طلب معاملات ہیں وہ متعلقہ ممبر قومی اسمبلی کے تعاون اور جرگوں کے ذریعے حل کیے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیو پشاور ویلی ہاؤسنگ سکیم کے ہر فیز میں یکساں سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس ہاؤسنگ منصوبے کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے ویژن کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے اور یہ ہاؤسنگ منصوبہ صوبے کی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
مشیر صحت احتشام علی کا عوامی و میڈیا کی شکایات پر ہسپتالوں کے دوروں کا سلسلہ جاری
مشیر صحت خیبر پختونخوا احتشام علی نے عوامی و میڈیا شکایات کے پیش نظر رات گئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چارسدہ اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال تنگی کا اچانک دورہ کیا۔دورے کے دوران انہوں نے ہسپتالوں کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور ایمرجنسی ادویات سمیت طبی آلات کی دستیابی کا جائزہ لیا۔ مریضوں سے ہسپتال کی سہولیات اور انتظامیہ کے رویے کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔ڈی ایچ کیو چارسدہ میں بدانتظامی اور ویمن میڈیکل آفیسر کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مشیر صحت نے فوری انکوائری کا حکم دیا۔ انہوں نے ہسپتال میں ادویات کی فراہمی کے حوالے سے بھی تفصیلات طلب کیں۔تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال تنگی کے حوالے سے شکایات تھیں لیکن موقع پر سب کچھ بہتر پایا گیا۔ مشیر صحت نے کہا کہ انتظامی معاملات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبے کے لئے وسائل فراہم کر رہی ہے اس کے باوجود عوام کو بہترین سہولیات کی عدم فراہمی ناقابل فہم ہے، محکمہ صحت میں کچھ بھی خراب ہو تو میں ذمہ دار ہوں جبکہ ہسپتالوں میں ایم ایس اور اضلاع میں ڈی ایچ اوز ذمہ دار ہیں۔مشیر صحت نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور صحت کے معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے اور عوام کو بہترین صحت سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
خیبر پختونخوا کے وزیرکھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے 5 فروری یوم
خیبر پختونخوا کے وزیرکھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ہندوستان نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کرکے نہ صرف کشمیری عوام سے انکی آزادی کا حق چھین لیا ہے بلکہ ان کے بنیادی انسانی حقوق بھی پامال کیے گئے۔انھوں نے کہا کہ عالمی تاریخ میں کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ ہونے والے ظلم اور بربریت کی مثال نہیں ملتی اور ہم اپنے کشمیری بھائیوں،بہنوں ماؤں،بزرگوں اور بچوں سے مکمل یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور انکی سیاسی،اخلاقی اور انسانی حمایت جاری رکھیں گے۔انھوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے اور کشمیری عوام کو ان کا جائز حق دلانے میں اپنا حصہ ڈالے۔انھوں نے کہا کہ ہندوستان نے ظلم، جبر اور بربریت کی انتہا کرکے ہزاروں کشمیریوں کو شہید کر دیا ہے تاکہ انھیں زبردستی اپنے حق سے محروم رکھ سکے تاہم وہ اپنے اس مقصد میں کامیاب نہیں ہو گا اور کشمیر انشاء اللہ آزاد ہوگا۔
پانچ فروری کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلے ملک بھر کی طرح ضلع تورغر میں
پانچ فروری کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلے ملک بھر کی طرح ضلع تورغر میں بھی یوم یکجہتی کشمیر جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا۔ڈپٹی کمشنر تورغر انورزیب خان کی سربراہی میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ایک منٹ کی خاموشی اور واک/ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ریلی میں تورغر کے مختلف محکمہ جات کے افسران و جوانوں کے علاوہ مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والوں نے شرکت کی۔واک/ ریلی ڈپٹی کمشنر آفس سے شروع ہوکر میرہ بازار جدباء پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے بعد ڈی سی آفس میں پودے لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز بھی کیا گیا۔پروگرامز میں ڈسٹرکٹ پولیس کی طرف سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے جدبا ہائی سکول میں پروگرام کا انعقاد کیا گیا تھا جسمیں طلباء اور افسران نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
کوہستان لوئر، پٹن: حکومت خیبر پختونخوا کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ
کوہستان لوئر، پٹن: حکومت خیبر پختونخوا کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ کوہستان لوئر کے زیر اہتمام آج 5 فروری یومِ کشمیر کے موقع پر کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی اور جدوجہدِ آزادی کے لیے ان کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے گورنمنٹ ہائی سکول پٹن میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں بچوں نے کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کے موضوع پر خصوصی تقاریر پیش کیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ارشد عباسی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف محمد اظہر خان نے اس موقع پر شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اس موقع پر پاکستان کا قومی ترانہ اور کشمیر کے ترانے بھی بجائے گئے۔تقریب کا مقصد کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی، مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کے وحشیانہ مظالم، خواتین کی بے حرمتی، نوجوانوں کو لاپتہ کر کے قتل کیے جانے جیسے افسوسناک واقعات کو عالمی برادری کے سامنے اجاگر کرنا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پاکستان کی عوام اس مشکل گھڑی میں کشمیری بھائیوں، ماؤں، بہنوں اور ان معصوم بچوں کے ساتھ ہے جن پر مودی سرکار ظلم ڈھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ وہ دن ضرور آئے گا جب اسلامی جمہوریہ پاکستان غالب ہوگا اور کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف کی قیادت میں گورنمنٹ ہائی اسکول پٹن سے پٹن لوئر بازار تک ایک ریلی نکالی گئی۔علاوہ ازیں، ضلع کوہستان لوئر کے مختلف مقامات اور پلوں پر کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے بینرز آویزاں کیے گئے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایبٹ آباد میں کشمیر کے مظلوم عوام سے یکجہتی کا بھر پور اظہار
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ضلع ایبٹ آباد میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے کشمیر کے مظلوم عوام سے یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا گیا۔ اس سلسلے میں ایوب پل حویلیاں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی اور کشمیری عوام سے یکجہتی اور ان کی حمایت کے لیے ایوب پل سے پرانا پل حویلیاں تک واک بھی کی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان، وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی آف اینڈ ٹیکنالوجی ملک مجدد الرحمان، تحصیل چیئرمین حویلیاں عزیز شیر خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد عثمان اشرف، اسسٹنٹ کمشنر حویلیاں، لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران اور نمائندوں سمیت سکولوں کے طلباء و طالبات اور اساتذہ نے شرکت کی۔ شرکاء نے بھارتی ظلم و تسلط کے خلاف کشمیری عوام کے غیر متزلزل عزم و حوصلے کو سراہا اور انہیں یقین دلایا کہ ہمارا دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی تک کشمیریوں کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بھارتی سامراج کے خلاف اور کشمیری عوام کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔ دریں اثناء گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول حویلیاں میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان تھے جبکہ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسٹنٹ کمشنرز، اساتذہ اور نجی و سرکاری سکولوں کے طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں طلباء و طالبات نے کشمیری عوام سے یکجہتی کے اظہار اور ان پر بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے حوالے سے ٹیبلوز پیشں کیے اور تقاریر کیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن ر ثناء اللہ خان نے کہا کہ آج یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایک دفعہ پھر ہم سب مل کر کشمیری عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے پاکستان کے عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستان نے کشمیر اور کشمیری عوام کے لیے ہر عالمی فورم پر آواز اٹھائی ہے اور اٹھاتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن کشمیر میں بھی آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔ ہم سب مل کر کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی تک ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ قبل ازیں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا جس کے مہمان خصوصی کمشنر ہزارہ ڈویژن ظہیر اسلام تھے۔ پرچم کشائی کے بعد ملک خدادا پاکستان کی سلامیت اور کشمیر کی بھارتی سامراج اور کشمیریوں کی بھارتی ظالم افواج سے آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے پختونخوا ہاؤس میں خصوصی تقریب
یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے پختونخوا ہاؤس میں خصوصی تقریب ہوئی۔ کمشنر ڈویژن مردان نثار احمد مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر, ڈی پی او ظہور بابر آفریدی، سیکرٹری ٹو کمشنر سارا تواب، اے ڈی سی فنانس فہد افتخار، سرکاری افسران، میڈیا، سول سوسائٹی، سکولوں کے طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ سکول کے بچے بچیوں نے قومی نغمے، ترانے، تقاریر اور ٹیبلو پیش کیے جن میں کشمیری مسلمانوں کی قربانیوں کو اجاگر کیا گیا اور ان پر بھارتی قابض فوج کے ظلم و بربریت کی منظر کشی کی گئی۔ مقررین نے کشمیری مسلمانوں پر بھارتی غاصب فوج کے مظالم کی مذمت کی۔ انہوں نے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی ضمیر کی خاموشی کو افسوسناک قرار دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر مردان نثار احمد نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں کی جدوجہد آزادی ضرور کامیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے اداروں پر زور دیا کہ وہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔ کمشنر مردان نے کہا کہ یہ دن ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ آزادی کتنی اہم ہے اور ہمارے اسلاف نے آگ و خون کے دریا پار کر کے ہمارے لیے آزادی حاصل کی جس کی ہمیں قدر کرنی چاہییے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کرکے وہاں کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی کوشش کی ہے۔ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ ہے اور کشمیری مسلمانوں کی قربانیوں کی بدولت کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ آخر میں کمشنر مردان نثار احمد اور ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر نے واک کی قیادت کی۔
پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے صوبائی وزیر لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان کا خصوصی پیغام
صوبائی وزیر لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان نے کہا ہے کہ دنیا کا کوئی آئین اور طاقت کشمیر کو ہم سے الگ نہیں کرسکتا کشمیر کے لیے ہم تن من دھن کی بازی لگاکر بھی دفاع کریں گے یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے جاری اپنے پیغام میں صوبائی وزیر فضل حکیم خان نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد یہی ہے کہ اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو یاد دلایا جا سکے کہ پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی تھے، کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی، ہماری سانسیں ان کے ساتھ چلتی ہیں، کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور ایک عالمی تنازع بھی ہے، بدقسمتی سے عالمی طاقتوں نے مسئلہ کشمیر میں دلچسپی نہیں دکھائی، کشمیریوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے فضل حکیم خان نے عالمی طاقتوں پر ایک بار پھر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کشمیری عوام کی آزادی کی اس تحریک کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کریں انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اس کا تحفظ ہر پاکستانی کا فرض ہے کشمیر پاکستان کا تھا ہے اور ہم اسے حاصل کر کے رہیں گے انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم قائد عمران خان نے اقوام متحدہ میں جس دلیری اور دلائل کے ساتھ کشمیر کا مقدمہ پیش کیا تھا اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ہم قائد عمران خان کی والہانہ قیادت میں کشمیری عوام کے حقوق کی جنگ لڑتے رہیں گے اور مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ حل ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور حق خود ارادیت کے حصول کی اس جدوجہد میں ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں فضل حکیم خان نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام پر بھارتی ظلم و ستم کا نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلانے کے سلسلے میں اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے اسلام آباد میں افغانستان کے پاکستان میں قائم مقام سفیر مولوی سردار احمد شکیب سے ملاقات کی، سینئر سیاستدان محمد علی درانی اور مولانا فضل الرحمان خلیل بھی ملاقات میں شریک تھے۔اس موقع پر بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی طرف سے افغانستان کی قیادت کے لئے خصوصی پیغام بھی سفیر مولوی سردار احمد شکیب کے حوالے کیا۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے افغانستان کے عوام کے لیے خیر سگالی کا پیغام دیتے ہوئے بانی پی ٹی آئی اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی طرف سے نیک تمناؤں اور برادرانہ خیر سگالی کے جذبات سے بھی آگاہ کیا۔ملاقات میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان خوشگوار، باہمی بااعتماد اور دوطرفہ تعاون پر مبنی تعلقات کے فروغ اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔بیرسٹر محمد علی سیف نے افغانستان کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ قبائلی و سیاسی عمائدین اور علماء کا وفد افغانستان لانا چاہتے ہیں۔ افغانستان کے سفیر نے بانی پی ٹی آئی عمران خان، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور اور وفد کی طرف سے نیک تمناؤں کے اظہار پر جوابی خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا،افغانستان کے سفیر نے آمد پر بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف، محمد علی درانی اور مولانا فضل الرحمان خلیل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کی بہتری کیلئے آپ کا کردار قابل تعریف ہے،سفیر نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کی مظبوطی خطے اور عوام کے مفاد میں ہے۔
وزیراعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اینٹی کرپشن مصدق عباسی نے بانی پاکستان
وزیراعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اینٹی کرپشن مصدق عباسی نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات مسلسل روکنے پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں رٹ دائر کردی۔ رٹ میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی چیئرمین عمران خان سے متعدد بار ملاقات کرنے سے روکا گیا اور ملاقات کرنے نہیں دیا گیا- رٹ میں بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اجازت دینے کی استدعا کی ہے۔ مشیر وزیراعلی مصدق عباسی کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل کے باہر چار، پانچ گھنٹے انتظار کروایا جاتا ہے اور بغیر کسی وجہ کے ملاقات کے بغیر واپس کر دیتے ہیں۔بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات یقینی بنانے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کردی ہے۔
