وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے پیراپلیجک سنٹر پشاور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ادارے کے مختلف شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا جن میں افراد باہم معذوری کی بحالی کے مختلف وارڈز، فزیو جیم، ارتھاٹکس ڈیپارٹمنٹ، آٹزم سیکشن، کلب فٹ کلینک، اکوپیشنل تھراپی جیم اور دیگر شعبہ جات شامل ہیں۔ بیرسٹر سیف نے اس بات کو خوش آئند قرار دیا کہ پیراپلیجک سنٹر پشاور پاکستان اور ہمسایہ برادر ملک افغانستان میں معذور افراد کی بحالی خدمات مہیا کرنے والا منفرد قومی ادارہ ہے جو نہ صرف مختلف حادثات میں ریڑھ کی ہڈی کی چوٹوں سے متاثرہ معذوری کے شکار افراد کی بحالی یقینی بناتا ہے بلکہ انہیں تربیتی پروگرامز کے ذریعے فعال زندگی گزارنے کے قابل بناتا ہے۔ اسی طرح سنٹر کے زیر انتظام ورکشاپ میں خصوصی طور پر معذور افراد کی ضروریات کے مطابق کسٹمائزڈ وہیل چیئرز اور دیگر سہارا جات تیار کئے جاتے ہیں جو اعلیٰ معیار اور جدید تقاضوں کے مطابق ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ یہ خدمات نہ صرف ان افراد کی زندگی کو آسان بناتی ہیں بلکہ انہیں عملی زندگی میں معاشی خود کفالت کی آسانیاں بھی فراہم کرتی ہیں۔ ڈاکٹر محمد علی سیف نے سنٹر کی مثالی خدمات، خصوصاً افراد باہم معذوری کی بحالی اور انکی ضروریات کے مطابق وہیل چیئرز اور سہارا جات کی تیاری کو سراہا اور یقین دلایا کہ اس منفرد صنعت کو مزید ترقی دینے کیلئے حکومت سنجیدہ اقدامات کرے گی۔ انہوں نے مزید یقین دلایا کہ صوبائی حکومت کی سطح پر سنٹر میں تیار کردہ وہیل چیئرز اور دیگر سہارا جات کے استعمال کو ترجیح دی جائے گی تاکہ دیگر ممالک سے درآمد کی بجائے اس منفرد مقامی صنعت کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس اقدام سے نہ صرف معیاری مصنوعات کی مقامی سطح پر دستیابی یقینی بنائی جائے گی بلکہ قیمتی زرمبادلہ کی بچت بھی ہوگی۔ مشیر اطلاعات نے سنٹر کو درپیش مسائل کے حوالے سے یقین دلایا کہ سنٹر کی سالانہ گرانٹ میں اضافے، سنٹر میں داخل افراد باہم معذوری کو ہنر سکھانے اور گھروں میں واپسی کے فالو اپ خدمات کے دو پروگرامز کی بحالی اور دیگر ضروریات کے حوالے سے وزیراعلیٰ سے خصوصی بات کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ وزیراعلیٰ جلد سنٹر کا دورہ کریں گے تاکہ ادارے کی مزید ترقی کیلئے جامع منصوبہ بندی کی جا سکے۔ قبل ازیں سنٹر آمد پر چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر سید محمد الیاس نے مشیر اطلاعات کو ادارے کی کارکردگی اور مستقبل کے توسیعی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ مشیر اطلاعات نے ڈاکٹر سید محمد الیاس اور ان کی ٹیم کو ان کی غیر معمولی خدمات اور معذور افراد کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت سنٹر کو پورے ملک کیلئے ایک حقیقی رول ماڈل بنانے اور اس طرز پر مزید بحالی مراکز کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کو سنٹر کی مثالی خدمات پر دستاویزی فلم بنانے اور اسکی عالمی سطح پر تشہیر کی ہدایت بھی کی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ریلیف ملک نیک محمد خان داوڑ نے کہا ہے کہ
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ریلیف ملک نیک محمد خان داوڑ نے کہا ہے کہ ریسکیو1122 کی خدمات کو ہر علاقے میں پہنچانے کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، عوام کو ریلیف فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔یہ بات انہوں نے شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں ریسکیو ایمرجنسی سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ملک نیک محمد خان داوڑ نے بمقام دتہ خیل شمالی وزیرستان ریسکیو سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کیاجہاں حادثات اور دیگر ہنگامی صورتحال میں فوری مدد کے لیے ایمبولینسز اور طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی اس کے علاوہ سنگین حالت کے مریضوں کو بڑے ہسپتالوں میں منتقل کرنے کے لیے مفت ایمبولینس سروس بھی دستیاب ہوگی اس کے علاوہ صوبائی وزیر نے دتہ خیل ہسپتال کو ضروری سامان فراہم کیا تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات میسر ہوں۔ملک نیک محمد خان داوڑ نے مزید کہا کہ ریلیف اور ریسکیو کی خدمات عوام تک باآسانی پہنچانے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، اور اس سلسلے میں عوام کے تعاون کو بھی اہمیت دی جا رہی ہے۔
خیبر پختونخوا کے وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان نے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما الیاس احمد بلور کے انتقال پر
خیبر پختونخوا کے وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان نے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما الیاس احمد بلور کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور پسماندگان کوصبرجمیل عطا فرمائے۔ انہوں نے کہاکہ میری دلی ہمدردیاں غم زدہ خاندان کے ساتھ ہیں اور اس دکھ کی گھڑی میں پسماندگان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
وعدوں سے تکمیل تک کا سفر کامیابی سے جاری ہے۔وزیر قانون
خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم آفریدی ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ وعدوں سے تکمیل تک کا سفر کامیابی سے جاری ہے اور انشاء اللہ اسے عوام کے بھرپور تعاون سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔اپنے ایک بیان میں وزیر موصوف نے کہا کہ پورے کوہاٹ میں سڑکوں کی تعمیر پر کام زور و شور سے جاری ہے اور وہ سڑکیں جن کی تعمیر کئی سالوں سے زیرِ التواء تھی ان پر کام تیز کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کو ٹرانسپورٹیشن کی بہترین سہولیات میسر ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ کے ڈی اے لنک روڈ پر شیخان مین نہر سے آگے کے ڈی اے تک سی اینڈ ڈبلیو اور ایریگیشن کے محکموں کی زیر نگرانی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے جو جلد مکمل ہو گا اسی طرح تحصیل ناظم گمبٹ ساجد اقبال کی زیر نگرانی پستہ سنڈہ روڈ کا بلیک ٹائپنگ بھی جاری ہے،شیخان اور پستہ سنڈہ کے عوام نے فوری منظوری اور کام شروع کرنے پر وزیر قانون اورایم این اے شہریار آفریدی کا شکریہ ادا کیاہے جن کی ذاتی دلچسپی اور کوششوں سے کئی سالوں سے زیرِ التواء منصوبے تکمیل کی جانب گامزن ہیں۔آفتاب عالم نے اپنے اس عزم کو دہرایا ہے کہ وہ عوام کی بے لوث خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے اور حسب وعدہ تمام وعدے ایفا کریں گے۔
کالجوں اور یونیورسٹیوں کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنے کیلئے خود دورے کررہاہوں۔ صوبائی وزیر تعلیم
خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے مخلصانہ کوششیں کر رہی ہے اور ان کے صوبے کے مختلف کالجوں اور یونیورسٹیوں کے دورے اس کی کڑی ہیں تاکہ کالجوں اور یونیورسٹیوں کے مسائل سے آگاہی حاصل کرکے اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات کئے جا سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کرک میں وہاں کے کالجز سے متعلق دی گئی بریفنگ کے دوران کیا۔قبل ازیں انہیں خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک میں بھی ایک تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت میجر (ر) محمد سجاد بارکوال،شاہد خٹک ایم این اے، چیئرمین ڈیڈاک کرک خورشید احمد خٹک، پارٹی کی ضلعی قیادت اور میل و فی میل کالجز کے پرنسپل بھی موجود تھے۔وزیر موصوف کو ضلع کرک کے 6 میل، 4 فی میل اور ایک کامرس کالج کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور انہیں کارکردگی کے کے علاوہ درپیش مسائل و مشکلات سے بھی آگاہ کیا۔مینا خان نے واضح کیا کہ معیار تعلیم اور اساتذہ کی حاضری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔اساتذہ کو چاہیے کہ وہ ڈیلیور کریں۔انہوں نے اس بات پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا کہ سرکاری کالجوں میں پی ایچ ڈیز اور اعلیٰ کوالیفائیڈ اساتذہ کے باوجود پرائیویٹ کالجوں کے مقابلے میں ان کی کمزور کارکردگی سوالیہ نشان ہے کیونکہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں سرکاری اداروں جیسی کوالیفائیڈ افرادی قوت نہیں۔صوبائی وزیر نے ٹرانسفر پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تمام تبادلے خالصتاً میرٹ پر ہوں گے اور رانگ پوسٹس پر تبادلوں کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تبادلوں کی حکم عدولی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتاہر ایک کو عملدرآمد کرنا ہوگا ورنہ گھر جانا پڑے گا۔کالجوں میں بجلی کے مسائل سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ پورے صوبے کا ہے اور اس کے حل کیلئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے پہلے ہی 20 ارب روپے کی لاگت سے سولرائزیشن پراجیکٹ شروع کر دیا ہے جس سے تمام تعلیمی اداروں سمیت سرکاری دفاتر کے بجلی کے مسائل حل ہوں گے۔وزیر تعلیم نے زیادہ تر معمولی نوعیت کے مسائل ضلع کرک کی منتخب مقامی قیادت کے باہمی تعاون سے موقع پر حل کر دیئے جبکہ دوسرے مسائل باقاعدہ سمری کی صورت میں بھیجنے کی ہدایات دیں۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے خزانہ و بین الصوبائی رابطہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ
وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے خزانہ و بین الصوبائی رابطہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ عوام دوست اقدامات اٹھاتے ہوئے خیبر پختونخوا حکومت نے مہنگے ترین علاج کا خرچہ برداشت نہ کر سکنے والے 22 افراد کو 06 کروڑ30 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی ہے، اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وژن اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے مالی استطاعت نہ رکھنے والے اور پیچیدہ بیماریوں کے علاج کے منتظر ان 22 افراد کو 6 کروڑ 30 لاکھ روپے کی امداد فراہم کر چکے ہیں۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن طفیل انجم نے کہا ہے کہ
وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن طفیل انجم نے کہا ہے کہ ایمپلائمنٹ ایکسچینج کے نظام میں بہتری اور شفافیت لانے کے لیے نظام کو آن لائن اور ڈیجیٹائز کر رہے ہیں انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایمپلائمنٹ ایکسچینج کی ڈیجیٹائزیشن پر کام جلد از جلد شروع کر کے سارے نظام کو آن لائن کیا جائے وہ جمعرات کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں ایمپلائمنٹ ایکسچینج سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے اجلاس میں سیکرٹری انڈسٹریز، ایم ڈی خیبر پختونخوا ٹیوٹا ملک منصور قیصر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں معاون خصوصی کو خیبر پختونخوا ایمپلائمنٹ ایکسچینج کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں ایمپلائمنٹ ایکسچینج کی ذمہ داریوں، رولز اور دیگر سرگرمیوں کے بارے میں معاون خصوصی کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر معاون خصوصی طفیل انجم کا کہنا تھا کہ ایمپلائمنٹ ایکسچینج کے حوالے سے لوگوں کی بہت سی شکایات آرہی ہیں ایمپلائمنٹ ایکسچینج کے نظام میں بہتری لانے کے لیے ہر ایک کو دلچسپی لینا ہوگی اور سنجیدگی سے کام کرنا ہوگا ایمپلائمنٹ ایکسچینج کے موجودہ نظام میں جو خامیاں ہیں اس کو دور کرنے کے لیے سب ایک ٹیم ورک کی طرح کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایمپلائمنٹ ایکسچینج کی ڈیجیٹائزیشن سے تمام درخواست گزاروں کا ڈیٹا آن لائن دستیاب ہوگا اور ایک کلک پر تمام درخواست گزاروں کا ڈیٹا آئے گا جس سے بہت آسانی ہوگی نظام میں شفافیت اور بہتری لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر و صوبائی وزیر برائے لائیو سٹاک و فشریز فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ
پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر و صوبائی وزیر برائے لائیو سٹاک و فشریز فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ قائد عمران خان کی فائنل کال پر لبیک کہتے ہیں 24 نومبر کو مالاکنڈ ڈویژن سے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور عوام نکلے گے اور ہمیشہ کیطرح اول دستہ کا کردار ادا کریں گے جب تک عمران کو جھوٹے کیسز میں رہائی نہیں ملتی تب تک گھروں کو واپس نہیں آئیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ودودیہ ہال سیدو شریف میں انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن ملاکنڈ ریجن کے زیر اہتمام قائد عمران خان کی رہائی اور مراد سعید کو تحفظ دینے کے حوالے سے ایک بڑے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا کنونشن میں صوبائی وزیر و صدر خیبرپختونخوا آئی ایس ایف سہیل آفریدی، معاون خصوصی ڈاکٹر امجد علی، مشیر صحت اہتشام ایڈوکیٹ، ممبران قومی اسمبلی سلیم الرحمان، سہیل سلطان ایڈوکیٹ، سٹی میئر شاہد علی خان، آئی ایس ایف ملاکنڈ ریجن صدر سیف اللہ خان سمیت بڑی تعداد میں آئی ایس ایف، انصاف یوتھ ونگ اور پی ٹی آئی کارکنان و عہدیداران نے شرکت کی، ودودیہ ہال عمران خان، سردار علی امین گنڈاپور اور فضل حکیم خان یوسفزئی زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا، کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی کا کہنا تھا کہ نوجوان پاکستان تحریک انصاف کا ایک قیمتی سرمایہ ہیں اور پاکستان تحریک انصاف اپنے اس قیمتی سرمایہ پر فخر کرتی ہے عوام نے ہمیں عمران خان کی رہائی، جمہوریت و آئین کی بحالی اور ترقی و خوشحالی کیلئے کامیاب بنا کر منتخب کیا ہے اور ہم اس مقصد کے حصول کیلئے چین سے نہیں بیٹھے گے انہوں نے کہا کہ مراد سعید اس ملک کے محب وطن پاکستانی ہیں جنہوں نے ہمیشہ ملک میں امن و ترقی کی بات کی ہے جب تک انہیں تحفظ اور عمران خان کو جعلی کیسز میں رہائی نہیں ملتی ہم اسمبلی میں بھی آواز اٹھائے گے اور احتجاجی مظاہرے بھی جاری رکھے گے انہوں نے کہا کہ احتجاج کی فائنل کال کے لیے خیبر پختونخوا میں تمام تر تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں وزیراعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور خود تمام تیاریوں کی نگرانی کر رہے ہیں 24 نومبر کو خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک بھر سے پی ٹی آئی کے عہدیداران و کارکنان، آئی ایس ایف سمیت عوام کا سمندر اسلام آباد کا رخ کریگا اور جب تک عمران خان سمیت دیگر پی ٹی آئی کارکنان و قائدین کو رہا نہیں کیا جاتا اور دیگر مطالبات جس میں 26ویں ترمیم کا خاتمہ، جمہوریت اور آئین کی بحالی، مینڈیٹ کی واپسی شامل ہیں مانے نہیں جاتے تب تک گھروں کو واپس نہیں لوٹے گے انہوں نے کہا کہ فائنل کال جعلی وفاقی حکومت سے خاتمہ ثابت ہوگا انہوں نے کہا کہ جعلی وفاقی حکومت کچھ بھی کرے اس کا آخری وقت آپہنچا ہے فائنل کال کے بعد ملک میں آئین و قانون کا بول بالا ہوگا اور ملک میں حقیقی آزادی آئے گی اس موقع پر صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی نے انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن ملاکنڈ ریجن کے عہدیداروں کو کامیاب کنونشن کے انعقاد پر مبارکباد دی اور ان کے کوششوں کو سراہا انشائاللہ آنے والا دور ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف کا ہے وہ دن دور نہیں کہ عمران خان جیل سے رہا ہوکر اس ملک کے وزیراعظم بنیں گے۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے جیلخانہ جات ہمایون خان نے کہا ہے کہ
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے جیلخانہ جات ہمایون خان نے کہا ہے کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر جیلوں کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور جیلوں میں قیدیوں اور حوالاتیوں کو ہنر مند بنانے کے لیے ٹھوس بنیادوں پر کام ہو رہا ہے۔ قیدیوں کے خوراک کے مینو کو بہتر بنا دیا گیا ہے جبکہ صوبے کی مختلف جیلوں میں قیدیوں کو کمپیوٹر سمیت مختلف ٹیکنالوجیز و ہنر اور ماربل انڈسٹری کی تربیت کے ساتھ جیلوں میں بننے والی مصنوعات کی ای مارکیٹنگ کا نظام بھی وضع کیا جا رہا ہے۔ وہ صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو اور ارکان صوبائی اسمبلی افتخار علی مشوانی، عبدالسلام آفریدی، ڈیڈیک چیئرمین زرشاد خان اور امیر فرزند خان کے ہمراہ سنٹرل جیل مردان کے دورے کے موقع پر بات چیت کر رہے تھے۔ انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات عثمان محسود بھی معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات کے ہمراہ تھے۔ جیل پہنچنے پر سپرنٹینڈنٹ جیل نجم الحسن عباسی نے معاون خصوصی کااستقبال کیا۔ جیل پولیس کے دستے نے سلامی پیش کی۔ مشیر جیل خانہ جات نے جیل میں ماڈل انٹرویو روم، ماڈل پریزنرز کال سنٹر اور کمپیوٹر ٹریننگ سنٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ مردان جیل میں قیدیوں کو ویڈیو لنک پر عدالتوں میں پیشی، جیل ٹو جیل ورچول ملاقاتوں سمیت علاج معالجے اور مختلف سکلز سکھانے کی سہولت موجود ہے۔ اس موقع پر مشیر جیل خانہ جات ہمایون خان نے کہا کہ صوبے بھر میں جیلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے پر کام جاری ہے جس سے بجلی کے بلوں کی مد میں ماہانہ کروڑوں روپے کی بچت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جیلوں میں بننے والی مصنوعات کی مارکیٹنگ کے نظام کو آن لائن کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے صوبے کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا جبکہ ان مصنوعات کی آمدنی سے قیدی ہنر مندوں کا حصہ بھی بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا واحد صوبہ ہے جس کے مختلف جیلوں میں بننے والی مصنوعات بشمول ماربل کی مصنوعات، فرنیچر، سواتی شال اور دستکاریاں لوک ورثہ ایکسپو اسلام آباد میں رکھے گئے ہیں۔ ہمایون خان نے کہا کہ جیلوں میں مختلف ہنر کی تربیت مکمل کرنے والوں کو ٹیویٹا کی اسناد اور ڈپلوما دئیے جائیں گے جس سے وہ رہائی کے بعد صوبائی حکومت کے ہنر مند نوجوان اور احساس قرض حسنہ سکیم سے بھی استفادہ کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ڈگریوں پر سزا معافی کا سلسلہ مختلف ہنر میں ڈپلومہ حاصل کرنے والوں تک بڑھایا جائے گا اس مقصد کے لیے قانون میں ضروری ترامیم کی جائیں گی۔ معاون خصوصی جیلخانہ جات نے اعلان کیا کہ مردان جیل کے ماربل یونٹ کو باقاعدہ انڈسٹری کا درجہ دیا جائے گا۔ انہوں نے جیل ہسپتال، ویڈیو لنک فیسلٹی، ملاقات کے ڈیجیٹل نظام (کیو سسٹم) ڈٹرجنٹ یونٹ، لنگر خانے اور الیکٹریکل ٹریننگ سنٹر کا دورہ کیا اور اس حوالے سے معلومات حاصل کیں۔
خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان نے کہا ہے کہ جعلی حکومت
خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان نے کہا ہے کہ جعلی حکومت کی گنتی کا وقت شروع ہوچکا ہے وفاقی حکومت سے جلد پاکستانی عوام کو نجات دلائیں گے 24 نومبر کو ڈی چوک اسلام آباد میں بھرپور انداز میں احتجاج ریکارڈ کریں گے اور قائد عمران خان کو رہا کرواکر دم لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنوں آڈیٹوریم ہال میں آئی ایس ایف بنوں کی جانب سے منعقدہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مرکزی صدر ارسلان چوہدری,صوبائی صدر اشفاق مروت,ملک سکندر حیات خان,ملک عدنان خان,ملک اقبال جدون,پیر کمال شاہ,ملک شکیل خان,ندیم خان,نذیر زمان و دیگر نے خطاب کیا اور آئی ایس ایف کے 17 سال مکمل ہونے پر کاٹا گیا صوبائی وزیر نے کہاکہ گرفتار ہونے والے کارکنوں کو رہا کرائیں گے ان کی رہائی کی سفارش صوبائی اسمبلی کے فلور بھی ہوئی ہے اس پر عمل درآمد ہونا چاہئے فارم 47 کی حکومت کسی بھی صورت تسلیم نہیں کریں گے اور اس کے خلاف اواز اٹھاتے رہیں گے انہوں نے کہا کہ بنوں کے نوجوانوں کو باعزت روزگار دلا کر دم لیں گے اس لئے کہ کارکن ہی ہمارا اصل سرمایہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کا دفتر عوام کا دفتر ہے کسی بھی وقت کوئی بھی آسکتا ہے انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی قیادت مرکزی حکومت کی اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والی نہیں بلکہ ان کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا جانتی ہے شہباز حکومت ہمیں انتقامی سیاست پر مجبور کررہی ہے لیکن قائد عمران خان نے قیادت کو ایسی تربیت نہیں دی ہے انہوں نے ہمیشہ افہام و تفہیم کی سیاست پر زور دیا ہے انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد عمران خان کو باعزت رہا کرانا ہے اور پاکستانی عوام کو اس کرپٹ اور نااہل حکومت سے نجات دلانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کا ہنر رکھتے ہیں مگر ضمیر اجازت نہیں دے رہا عوام کو خوشحالی باعزت روزگار اور امن کی طرف لے کر جائیں گے حکومت اپنی عزت کھو چکی ہے اس کے پاس حکومت چلانے کا پلان نہیں وفاقی حکومت آئیں بائیں شائیں پر مجبور ہے اور عوام کا اعتماد کھو چکی ہے۔
