Home Blog Page 205

نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی کا مرحوم نگران وزیر اعلی کی وفات پر تعزیتی اجلاس

نگران وزیراعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ہاؤسنگ ظفراللہ خان عمرزئی کے دفتر میں بدھ کے روز مرحوم نگران وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کی وفات پر تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹرانس پشاور کے عملے نے شرکت کی، اجلاس میں مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلیے فاتحہ خوانی کی گئی اور انکے درجات کی بلندی کیلیے خصوصی دعا کی گئی اپنے تعزیتی بیان میں نگران معاون خصوصی ظفراللہ خان عمرزئی نے کہا کہ مرحوم محمد اعظم خان ایک انتہائی ایماندار، قابل اور شریف النفس انسان تھے، پاکستان بالخصوص صوبے کے لئے انکی خدمات کو ہمیشہ سنہرے الفاظ میں لکھا جائے گا انھوں نے کہا کہ مرحوم اعظم خان کی صوبے کیلیے کئے گئے اقدامات اور خدمات قابل تعریف ہے مرحوم کی اچانک وفات، ان کے اہلخانہ سمیت ملک و قوم کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے نگران معاون خصوصی نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور سوگوار خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو صبر و استقامت سے برداشت کرنے کی توفیق عطاء فرمائے۔

خیبرپختونخوا کی سنٹرل اور ڈسٹرکٹ جیلوں میں ورچوئل وزٹنگ پوائنٹس قائم۔ بریفنگ

وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی زیرصدارت صوبے میں جیل اصلاحات بارے میں جائزہ اجلاس بدھ کے روز منعقد ہوا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایڈوکیٹ جنرل، صوبائی محتسب، ڈی جی پراسیکیوشن، آئی جی جیل اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ عابد مجید نے اس موقع پر اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خیبرپختونخوا کی سنٹرل اور ڈسٹرکٹ جیلوں میں ورچوئل وزٹنگ پوائنٹس قائم کردئیے گئے ہیں جن کی بدولت دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے قیدی اپنے رشتہ داروں سے آن لائن ملاقات کرسکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ جیل مانسہرہ میں قیدیوں کیلئے ملاقات کے دوران سہولت کیلئے ماڈل انٹرویو روم بنادیا گیا ہے جس کا دائرہ کار صوبے کی دیگر جیلوں تک بھی بڑھادیا جائے گا۔اسی طرح خیبرپختونخوا کی 14 جیلوں میں تعلیم بالغاو خواندگی سنٹرز بھی قائم کئے گئے ہیں جبکہ قیدیوں کے علاج کے لیے 18 جیلوں میں ایک نجی تنظیم کے تعاون سے کلینکس بھی بنائے گئے ہیں جہاں ضروری طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ جیلوں میں سہولیات کا جائزہ لینے کے حوالے سے صوبائی نگران کمیٹی کے سات اجلاس منعقد ہوچکے ہیں جبکہ صوبائی و ضلعی نگران کمیٹیوں نے مختلف جیلوں کے بالترتیب 18 اور 156 دورے کئے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کم عمر بچوں اور خواتین کو دیگر قیدیوں سے علیحدہ رکھا جا رہا ہے اور انہیں تمام ضروری سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔ وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں جیل اصلاحات کے حوالے سے اقدامات اطمینان بخش ہیں۔ جیلوں میں مزید بہتری لانے اور گنجائش بڑھانے کے لئے مسلسل کوششیں جاری رکھی جائیں۔اس موقع پرچیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کا کہنا تھا کہ جیلوں میں اصلاحات لانا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ قیدیوں کو مفید شہری بنانے کیلئے مفت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت دی جاتی ہے جسکے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ اجلاس کے اختتام پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی جانب سے وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کو خیبرپختونخوا کی مختلف جیلوں میں قیدیوں کی جانب سے بنائی جانے والی مصنوعات بھی پیش کی گئیں۔

نگران وزیر بلدیات اور آبنوشی نے مسائل کے حل کے لئے آن لائن کھلی کچہری کا سلسلہ جاری رکھنے کا اعلان

خیبر پختونخوا کے نگران وزیر بلدیات و آبنوشی انجینئر عامر درانی نے کہا ہے کہ آن لائن کھلی کچہری کا سلسلہ مسائل کے حل کے لئے تواتر کیساتھ جاری رکھیں گے، انہوں نے عوامی شکایات کے ازالہ کیلئے فوری طور پر اقدامات اٹھانے اور ایک ہفتہ کے اندر کمپلائنس رپورٹ جمع کرنے کی ہدایات کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈی سیز سن کوٹہ کے تحت رولز کے مطابق حقدار کو میرٹ پر بھرتی کرنے میں مزید تاخیر نہ کی جائے۔عوام کو سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اس سلسلے میں سروس ڈیلیوری نظام کو مزید بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے فنڈز کی کمی کے مسئلہ کو بہت جلد نگران وزیر خزانہ کیساتھ اٹھانے اور ایک اجلاس اگلے ہفتے منعقد کرنے کی بھی ہدایت کردی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ بلدیات کے تحت آن لائن فیس بک کھلی کچہری لائیو پروگرام میں عوام کی شکایات سنتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری بلدیات داود خان،سپیشل سیکرٹری بلدیات محمد آصف،ڈی جی لوکل گورنمنٹ افتخار عالم،سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ میاں شفیق الرحمان،چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈبلیو ایس ایس پی پشاور سید ناصر حسین،ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈویلپمینٹ اتھارٹی ریاض علی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔آن لائن کھلی کچہری میں صوبہ کے مختلف اضلاع سے عوام نے اپنی شکایات بذریعہ ٹیلیفون کال،سوشل میڈیا فیس بک کے ذریعے بھجوائے جن کے ازالے کے لئے نگران وزیر بلدیات اور سیکرٹری بلدیات نے موقع پر احکامات دئیے۔ضلع پشاور سید آباد گلبہار کالونی سے صفائی،ابرار حسین شاہ مانسہرہ سے ویلیج کونسل فنڈز،نعمان اللہ نوشہرہ سے پیدائش،ڈیتھ سرٹیفیکیٹ بارے،شبیر احمد ہری پور سے سیوریج نظام میں اور صفائی،ویلیج کونسل چیئرمین شاہ عالم پشاور نے اے ڈی لوکل گورنمنٹ کے حوالے سے،عثمان نے جنوبی وزیرستان سے ٹیوب ویل بنانے،سوات سے فیصل عزیز نے سپورٹس ایونٹ مقرر کرنے اور سید غنی صوابی سے نائب قاصد پروموشن کیس اور دیگر اضلاع سے عوام نے اپنی شکایات درج کروائیں۔

ضلع جنوبی وزیرستان اپرسمیت تمام قبائلی اضلاع کی ترقی اولین ترجیح ہے۔

خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے امور ضم اضلاع،صنعت وحرفت اور فنی تعلیم ڈاکٹر عامر عبد اللہ نےضم اضلاع کے دوروں کے سلسلے میں بدھ کے روز جنوبی وزیرستان اپر کا دورہ کیا۔دورے کے دوران ضلعی انتظامی ہیڈکوارٹر کمپاونڈ ٹانک میں نگران صوبائی وزیر کی زیر صدارت اہم جرگہ منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان اپر اور محسود و برکی قبائل کے مشران وعمائدین نے شرکت کی۔ اس موقع پر قبائلی مشران نے نگران وزیر کو جنوبی وزیرستان اپر میں ترقیاتی منصوبوں، امن و امان کی صورتحال اور عوامی مسائل کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔قبائلی مشران نے نگران وزیر کو فاٹا انضمام کے وقت حکومت کی جانب سے کئے گئے وعدوں پر عملدر آمد، ترقیاتی عمل کیلئےفنڈز کے اجرا،سرتاج عزیز کمیٹی کے تحت قبائلی علاقوں میں ٹیکس فری سہولیات کو یقینی بنانے سمیت متعدد مسائل کے حل کیلئے اپنی گذارشات پیش کیں اور نگران وزیر کو اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔اس موقع پرجرگے سے خطاب میں نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح قبائلی اضلاع کی ترقی، خوشحالی اور امن و امان کا قیام ہے۔ انہوں نے کہا کہ دس سالہ پلان کے تحت ہر سال 100 ارب روپے کا حصول وفاق کی جانب سے تاحال ممکن نہیں ہوسکا ہے تاہم اس سلسلے میں وفاقی حکومت کے ساتھ وقتاً فوقتاً رابطے ہورہے ہیں اور اس پیکج کے اجراء سے قبائلی اضلاع کے ترقیاتی کاموں کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔نگران وزیر نے ضلع کے بعض ملحقہ سرحدی حدود کے تعین کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں جلد کمیشن قائم کیا جائے گا اور اس بارے میں ایس ایم بی آر کو ٹاسک سونپا گیا ہے۔نگران وزیر نے جنوبی وزیرستان اپر کو پاک افغان بارڈر تک روڈ کے زریعے منسلک کرنے کیلئے بھی اقدامات اٹھانے کیلئے یقین دہانی کرائی ۔دورے کے دوران نگران وزیر کو ضلعی انتظامیہ اور محکمہ پولیس کی جانب سے ضلع میں ترقیاتی عمل،جاری ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات اور ان پر کام کی رفتار،انتظامی امور اور امن وامان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔دریں اثنا نگران وزیر کیساتھ ضلع جنوبی وزیرستان اپر کے نوجوانوں کے وفد نے بھی ملاقات کی اور نگران وزیر کو ضلع میں صحت وتعلیم اور عوامی مسائل کے حل اور سیاحت کے فروغ کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر نگران وزیر کا کہنا تھا کہ قبائلی نوجوانوں کا معاشرے کے اصلاح اور سماجی برائیوں کے خاتمے میں اہم کردار ہے اور وہ اپنے معاشرے سے قومی تنازعات اور دشمنیوں کے خاتمے میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔

ڈپٹی کمشنر باجوڑ کی زیر صدارت پولیو مہم کی تیاری اور مہم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی

ڈپٹی کمشنر باجوڑ محمد انوار الحق کی زیر صدارت ڈی سی آفس میں 27 نومبر 2023 سے شروع ہونے والی انسدادپولیو مہم کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ کاشف ذوالفقار، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علی رضا، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریونیو فیض محمد، محکمہ صحت، ایجوکیشن، نمائندہ ڈبلیو ایچ او، اور دیگر متعلقہ اداروں کے سربراہان اور ڈی ای او سی کے ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں این اسٹاپ آفیسرڈاکٹر عبد الرحمن نے 27 نومبر سے شروع ہونے والے پولیو مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر باجوڑ نے تمام تر تیاریوں پر نظر ثانی کرنے کے بعد ڈی پی او باجوڑ کو پولیو فرنٹ لائن ورکرز کو مناسب اور بروقت سیکیورٹی کی فراہمی کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر باجوڑ نے DEOC ممبران کومہم کے دوران تحصیل سطح پر TPEC اجلاس کا انعقاد،مائیکرو پلان کی اپڈیشن، ٹیموں کی ٹریننگ اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کو 27 نومبر سے شروع ہونے والی پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کے سختی سے احکامات جاری کیں۔

نگران صوبائی وزیر صنعت و حرفت نے ڈیرہ اسماعیل خان میں قائم صنعتی زون میں تین نئے یونٹس کا افتتاح

خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے صنعت و حرفت، فنی تعلیم اور امور ضم اضلاع ڈاکٹرعامر عبد اللہ نے منگل کے روز ڈیرہ اسماعیل خان میں قائم صنعتی زون میں تین نئے یونٹس کا افتتاح اور دو کا سنگ بنیاد رکھا۔ ان نئے یونٹس میں فوڈ اور مشروبات کے کارخانوں سمیت ایل پی جی انرجی اور کیمیکلز کی صنعتیں شامل ہیں۔خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے تحت ان نئے یونٹس میں مجموعی طور پر تقریبا 660 ملین روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے اور ان سے تقریبا 15 سو افراد کو روزگار کے مواقع میسر آسکیں گے۔اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی نگران وزیر صنعت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حلال رزق عین عبادت ہے اور ڈیرہ اسماعیل خان میں اکنامک زون کے قیام سے نہ صرف یہاں پر کاروباری حضرات کو حلال رزق کمانے کے بہترین موقع میسر آسکیں گے بلکہ مقامی و دیگر افراد کیلئے ان صنعتوں میں باعزت روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے جو پورے خطے کیلئے ایک خوش آئند بات ہے۔انھوں نے کہا کہ مستقبل میں ڈیرہ اسماعیل خان میں سپیشل اکنامک زون کا قیام بھی عمل میں آ جائیگا جس سے یہاں پر مزید ترقی و خوشحالی کی راہیں کھلیں گی۔ انھوں نے کہا کہ چند سالوں میں نہ صرف اس زون کی کامیابی سامنے آئے گی بلکہ مزید ایسے زونز کے قیام کی ضرورت محسوس ہو گی تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب ملکر ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی اور مدد کریں۔ افتتاحی تقریب میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے پی ایزڈمک جاوید اقبال خٹک، ڈپٹی کمشنر منصور ارشد، زون منیجرڈیرہ اسماعیل خان اکنامک زون عمر علی ڈار سمیت دیگر انتظامی افسران،عوامی نمائندوں، انجمن تاجران کے عہدیداروں اور معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے پی ای زیڈ مک نے کہا کہ گزشتہ دو سال میں اس زون کا قیام عمل میں لایا گیا جو کہ انتہائی اہم منصوبہ ہے اور ایک سال کے دوران اس میں تمام انفراسٹرکچر ترتیب دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ فی الحال زون میں 12یونٹ فعال اور 14زیر تعمیر ہیں جبکہ پانچ یونٹس کا افتتاح کیا گیا ہے۔تقریب کے اختتام پر نگران وزیر نے سرمایہ کاروں میں شیلڈزبھی تقسیم کیں جبکہ بعد ازاں انہوں نے اکنامک زون کے احاطے میں پودے لگائے اور زون کی ترقی اور علاقے کی خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔

خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور میں عالمی یوم ذیابیطس کے حوالے سے مفت شوگر کیمپ کا انعقاد

عالمی سطح پر ہر سال 14 نومبر کو عالمی یوم ذیابیطس منایا جاتا ہے جس کا مقصد عوام میں ذیا بیطس مرض سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہی پھیلانا ہے اس سلسلے میں خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے پیڈز اور اینڈوکرینالوجی شعبہ جات کی جانب سے او پی ڈی میں مفت کیمپ لگائے گئے تھے. کیمپ کی سربراہی چیئر پرسن پیڈز وارڈ ڈاکٹر صباحت امیر، ڈاکٹر شازیہ بہار اور ڈاکٹر سلیمان الہی ملک نے کی، فری شوگر کیمپ میں نہ مصرف مریضوں کے معائنے کئے گئے بلکہ انکو ادویات بھی دی گئیں اس موقع پر لوگوں میں شوگر کے مرض سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم کی گئی جس میں احتیاطی تدابیر کے حوالے سے معلوماتی پمفلٹس اور کتابچے بھی تقسیم کیے گئے.اس موقع پر ڈاکٹرصباحت امیر کا کہنا تھا کہ پورے صوبے میں سال 2009 سے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں بچوں میں ذیابطیس کے حوالے سے مفت علاج فراہم کرنے کی سہولت موجود ہے ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام والدین کو کم از کم ان پانچ باتوں کی معلومات ضرور ہونی چاہیے تاکہ ان کو وقت پر پتہ چل سکے کہ ان کے بچے کو ذیابیطس کا مرض لاحق ہے جس میں بچے کو بار بار پیاس کا لگنا، بار بار چھوٹے پیشاب کا آنا یا خواب کے دوران پیشاب کا شروع ہو جانا، وزن میں کمی آنا، اور تھکاوٹ محسوس کرنا، ان علامات کی صورت میں بچے کو جلد از جلد ڈاکٹر کے پاس لے جائیں تاکہ اس کی بروقت تشخیص و علاج ممکن ہوسکے.خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے ذیابطیس کے ڈاکٹر سلیمان الہی ملک نے اس دن کے حوالے سے کہا کہ عالمی ادارہ برائے ذیابیطس (ائی ڈی ایف) کے 2021 کے سرویکے مطابق پاکستان میں تقریبا 33 ملین افراد کو ذیابطیس کا مرض لاحق ہے مطلب آبادی کے لحاظ سے 26 فیصد آبادی کو ذیابیطس ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اپنی خوراک کو متوازن کرنے کی ضرورت ہے انھوں نے لوگوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سبزیوں اور پھلوں کا استعمال زیادہ اور میٹھی چیزوں کا استعمال کم کریں اور روزانہ کی بنیاد پر کم از کم 20 سے 30 منٹ تک ورزش کریں اور اگر کسی کو شوگر ہو تو وہ ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق دوائیاں استعمال کرے اور پرہیز لازمی کرے۔

اسسٹنٹ کمشنر کرم نے انٹر سکولز کھیل مقابلوں کا افتتاح کیا، خوشی اور امن کا پیغام دینے میں شرکت۔

اسسٹنٹ کمشنرکرم حفیظ اللہ نے اپرکرم میں سالانہ انٹر سکولز کھیل مقابلوں کا افتتاح کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کرم نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، سپورٹس سیکرٹری اور سکولز سربراہان کے ہمراہ زون اے میں شامل سکولز کے بیچ کھیل مقابلوں کا افتتاح گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول شلوزان میں لقمان خیل اور ملانہ کے سکولز کے بیچ والی بال میچ سے کیا۔ اسی طرح زون بی کے لئے کھیل مقابلوں کا آج سے کچکینہ کے ہائی سکول میں کرکٹ میچ سے آغاز کیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر نے دونوں مقامات پر مختصر گفتگو کرتے ہوئے کھیلوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کرم کے باسیوں کو کھیل کود جیسی صحت مندانہ سرگرمیوں کے انعقاد کے ذریعے امن، محبت اور آشتی کا پیغام دینے پر محکمہ تعلیم کی کاوشوں کی تعریف کی۔ اے سی نے نوجوانوں میں امید پیدا کرکے ان کے چہروں پر خوشی لانے کے سپورٹس کمیٹی اور سکولز سربراہان کے شبانہ روز کوششوں کو سراہا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان کی زیرِ اہتمام ترقی پانے والے پولیس افسران کی تقریب

ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان ناصر محمود ستی نے کہا ہے کہ محکمانہ ترقی فرض شناس ملازمین کاحق ہے تاہم ترقی ملنے سے فرائض اور ذمہ داریوں میں اضافہ ہو جاتا ہے،جن کی دیانتدارانہ ادائیگی اگلی محکمانہ ترقی کی ضمانت ہوتی ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سب انسپکٹر سے انسپکٹرکے عہدے پر ترقی پانے والے پولیس افسران کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آر پی او ڈیرہ نے کہا کہ فرض شناسی کا دنیا میں پہلا تحفہ محکمانہ ترقی ہوتی ہے،ترقی کرنا ہر انسان کی خواہش اور اس کا بنیادی حق ہے لیکن ترقی پانے کی یہ خوشی اس وقت دوبالا ہو جاتی ہے جب اہلکار کو اگلے رینک کی ذمہ داریاں پوری کرنے کا احساس ہو۔آپ کو پہلے رینک پر فرض شناسی کا تحفہ محکمہ کی طرف سے محکمانہ ترقی کی صورت میں مل گیا اب آپ کی ذمہ داری ہے کہ اگلے رینک کی ذمہ داریوں اور فرائض کے تقاضوں کے مطابق عوام کی جان و مال کا تحفظ اور ظالموں کے خلاف مظلوم عوام کی دار رسی قانون کے مطابق کریں۔انسپکٹر کے عہدے پر ترقی پانے والے افسران میں صفدر خان، شاہ جہاں، منظور احمد، اصل دین اور عبدالطیف شامل ہیں۔

حکومت صوبے میں صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل اور صحافت کے فروغ کے لئے جامع اقدامات اٹھا رہی ہے۔

محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ حکومت خیبرپختونخوا کے سیکرٹری سید عبدالجبار شاہ نے کہا ہے کہ حکومت صوبے میں صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل اور صحافت کے فروغ کے لئے جامع اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز پشاور پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک سے بات چیت کے دوران کیا، جنہوں نے گریڈ 21 میں ترقی پانے پر سید عبدالجبار شاہ کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ اطلاعات علیم خان، ڈائریکٹر جنرل محکمہ اطلاعات محمد عمران، ڈپٹی سیکرٹری محمد خرم اور پشاور پریس کلب کے سابق صدر ایم ریاض بھی موجود تھے۔ عبدالجبار شاہ نے صوبے میں صحافیوں کی فلاح و بہبود اور صحافت کے فروغ کے لئے حکومت کے اقدامات کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر پشاور پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک نے کارکن صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے پشاور پریس کلب کی معاونت پر سیکرٹری اطلاعات اور محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کا شکریہ ادا کیا۔