Home Blog Page 206

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو سے ملاقات

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور سے پیر کے روز وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے ملاقات کی ہے جس میں خیبر پختونخوا میں پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے انسداد پولیو مہمات کو مزید مؤثر انداز میں چلانے سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں انسداد پولیو مہمات کو بہتر انداز میں چلانے اور ان کے اہداف کے سو فیصد حصول کے لیے آگے کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد عابد مجید، سیکرٹری صحت عدیل شاہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی ملاقات میں شریک تھے۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے سے پولیو وائرس کا خاتمہ موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے اور انسداد پولیو مہمات کی وہ بذات خود نگرانی کر رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے کو پولیو سے پاک کرنے کے لئے ایک نئے عزم کے ساتھ اقدامات کررہی ہے، پولیو وائرس کا خاتمہ ایک قومی فریضہ ہے، یہ سیاست اور دیگر تمام وابستگیوں سے بالاتر ہے۔ یہ ہماری آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کا معاملہ ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ یہ خوش آئند بات ہے کہ رواں سال اب تک صوبے میں پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ امن و امان کی مشکل صورتحال کے باوجود انسداد پولیو مہمات کو بھر پور انداز میں جاری رکھنے کے لئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن علاقوں میں انسداد پولیو مہمات کے حوالے سے مشکلات درپیش ہیں ان پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ ایسے علاقوں میں انسداد پولیو مہمات کو کامیاب بنانے کے لئے معمول کے طریقہ کار سے ہٹ کر کام کرنا ہوگا جبکہ مقامی مسائل کا مقامی حل سب سے بہترین طریقہ ہے اور اس
مقصد کے لیے صوبائی حکومت نے نیشنل پولیو ٹاسک فورس کے اجلاس میں تجاویز دی ہیں ان پر عمل کیا جائے تو بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔ علی امین گنڈاپور نے اپنی گفتگو میں کہا کہ مسائل زدہ علاقوں میں انسداد پولیو مہمات چلانے کے لئے مقامی افراد اور کمیونٹی کی خدمات حاصل کی جائیں جبکہ انسداد پولیو مہمات کے بہتر نتائج کے لئے معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات کے عمل کو مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔جن علاقوں میں امن و امان کے مسائل درپیش ہیں وہاں ڈویژن کی سطح پر الگ الگ انسداد پولیو مہمات چلائی جائیں، جو لوگ انسداد پولیو مہم کا بائیکاٹ کرتے ہیں وہ پولیو ویکسین کے مخالف نہیں بلکہ کچھ بنیادی مسائل ہیں جنھیں حل کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے خصوصی اقدامات: 40 ہزار سکیورٹی عملہ تعینات

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس جمعرات کے روز منعقد ہوا جس میں سکیورٹی اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لینے کے علاوہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کےلئے مرتب کردہ پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد عابد مجید،انسپکٹر جنرل پولیس اختر حیات خان گنڈاپور کے علاوہ متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ صوبہ بھر کے ڈویژنل کمشنرز، ریجنل پولیس آفیسرز ، ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز بھی بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبے کے چودہ اضلاع میں محرم الحرام کی مجالس اور جلوس منعقد ہونگے جن میں سے سکیورٹی کے تناظر میں آٹھ اضلاع حساس ترین جبکہ چھ حساس قرار دیئے گئے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے لئے کل 40 ہزار سکیورٹی عملہ تعینات کیا جائے گا جبکہ صوبے میں مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کےلئے ایف سی اور پاک فوج کے خصوصی دستے بھی تعینات کئے جائیں گے۔ مزید برآں، جلوسوں اور مجالس کی مو¿ثر انداز میں مانیٹرنگ کے لیے محکمہ داخلہ میں سنٹرل کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جس میں تمام قانون نافذ کرنےوالے اور سکیورٹی اداروں کے نمائندے ہمہ وقت موجود ہونگے۔ اجلاس کے شرکاءکو آگاہ کیا گیا کہ حساس اضلاع/ مقامات کی سکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، مجالس اور جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔ اس کے علاو¿ہ اسلحہ کی نمائش ، ڈبل سواری، نفرت انگیز وال چاکنگ پر پابندی عائد ہوگی جبکہ منفی پروپیگنڈہ کی روک تھام کے سلسلے میں سوشل میڈیا کی مانیٹرنگ کےلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اسی طرح حساس علاقوں میں موبائل سروس معطل رکھی جائے گی جبکہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلئے محکمہ صحت اور ریسکیو عملے کی خصوصی ڈیوٹیاں لگائی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنا سب سے اہم ترجیح ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، حساس اضلاع/ مقامات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے لئے تمام تر درکار مالی وسائل ترجیحی بنیادوں پر جاری کئے جائیں۔محرم الحرام کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لئے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اور منتخب عوامی نمائندوں کی خدمات حاصل کی جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے شدید گرمی کے پیش نظر محرم الحرام کے جلوسوں کے راستوں میں مناسب مقامات پر ٹینٹس لگانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ مجالس اور جلوس والے علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے لئے پیسکو/ ٹیسکو حکام کو آن بورڈ کیا جائے، مجالس اور جلوس والے علاقوں میں بجلی کے اضافی ٹرانسفارمرز کا بندوبست کیا جائے تاکہ کسی بھی ٹرانسفارمر کے خراب ہونے پر اسے بروقت تبدیل کیا جاسکے۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے 8، 9 اور 10 محرم کو جلوس کے راستوں پر سبیلوں کا خصوصی انتظام کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو محرم الحرام کے دوران اضلاع، ڈویژن اور صوبے کی سطح پر تمام متعلقہ اداروں اور محکموں کے درمیان کوآرڈینیشن کا مو¿ثر نظام وضع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام کو پر امن طریقے سے گزارنے کےلئے تمام محکمے اور ادارے اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن پوری کریں۔ وزیر اعلیٰ نے علمائے کرام اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کریں۔

صوبائی وزیر صحت سید قاسم علی شاہ کا حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا دورہ، عوامی فلاحی منصوبوں کا افتتاح

خیبر پختونخوا کے وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے جمعرات کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا دورہ کیا جہاں ہسپتال انتظامیہ سمیت آئی ڈی ایف-ایچ ایم سی کے صدر ڈاکٹر نظیف اللہ نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین، میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر شہزاد اکبر اور ہاسپیٹل ڈائریکٹر ڈاکٹر شیرزمان اور ڈاکٹر محمد شاہ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے کارڈیولوجی ڈپارٹمنٹ کے ہارٹ لنکس میں غریب مریضوں کے لیے مفت ادویات کی فراہمی کیلئے ڈرگ بینک کا افتتاح کیا۔ کارڈیولوجی ڈیپارٹمنٹ چیئرمین ڈاکٹر شاہ سوار نے وزیر صحت کو اقدام بارے جائزہ پیش کیا۔ اس اقدام سے نادار مریضوں کو جان بچانے والی ادویات مفت فراہم ہونگی۔ وزیر صحت نے یہاں سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ عوامی فلاح کے ان اقدامات سے امراض قلب کے مریضوں کی دادرسی ہوگی۔ عام آدمی تک حکومتی خدمات کی مفت فراہمی تحریک انصاف حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ڈاکٹر شاہ سوار نے وزیر صحت کو ایگزیکٹو ہیلتھ کلینک کے بارے میں بھی بریف کیا جو کٹنگ ایج ٹیکنالوجی استعمال کرتا ہے تاکہ متخصص کارڈیک دیکھ بھال کے رسائی کو بڑھایا جا سکے۔وزیر صحت کو نئی ٹیلی میڈیسن سروسز کے بارے میں بریف کیا گیا اس سے دور دراز علاقوں کے مراکز صحت میں نئی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے امراض قلب میں مبتلا مریضوں کو علاج کی بھرپور سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر پختون یار خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی نگرانی میں منظور کئے گئے

خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر پختون یار خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی نگرانی میں منظور کئے گئے ترقیاتی منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے عوام کے حقوق پر کسی کوڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی عوام کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے موجودہ صوبائی حکومت عام عوام کے ساتھ ساتھ سرکاری ملازمین کے حالات زندگی بہتر بنانے کی بھی خاص توجہ دے رہی ہے۔ موجودہ صوبائی حکومت کو یہ اعزا ز حاصل ہے کہ یہ ایک عوام دوست اور ملازم دوست حکومت ہے جس نے ہمیشہ غریب طبقے کے لوگوں کے مسائل کے حل پر توجہ دی ہے ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈ اپور سے اسلام آباد خیبر پختونخوا ہاؤس میں ملاقات کے موقع پر کیا صوبائی وزیر پختون یار خان نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو خیبر پختونخوا و باالخصوص بنوں ڈویژن میں جاری ترقیاتی کاموں اور دیگر عوامی مسائل سے آگاہ کیا جس پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے بہترین کارکردگی پر داد دیتے ہوئے عوام کے مسائل کو حل کرنے کی ہدایت کی، صوبائی وزیر پختون یار خان نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو یقین دلایا کہ عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے کسی بھی صورت عوام کے اعتماد کوٹھیس نہیں پہچائیں گے بلاامتیاز ترقیاتی منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔

خیبرپختونخوا کے وزیر برائے زراعت میجر ریٹائرڈ سجاد بارکوال نے کہا ہے کہ ہم نے زراعت میں ابھی تک وہ مقام حاصل نہیں کیا

خیبرپختونخوا کے وزیر برائے زراعت میجر ریٹائرڈ سجاد بارکوال نے کہا ہے کہ ہم نے زراعت میں ابھی تک وہ مقام حاصل نہیں کیا جتنا ہونا چاہیے تھا۔ جس کیلیے محکمہ زراعت اور کسانوں کو یکجا ہو کر زراعت کی ترقی میں اپنا کردار کرنا ہوگا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے ضم اضلاع کے کسانوں کیلئے ورلڈ بینک کے تعاون سے دیہی سرمایہ کاری اور ادارہ جاتی معاونت کے منصوبے کے تحت زرعی مشینری، زمین کی ہمواری، اراضی کے تحفظ،پانی کے بچاو،مگس بانی اور ماحولیاتی ٹیکنالوجی کی فراہمی کیلیے ماڈل فارم سروسز سنٹر باڑہ خیبر منصوبے میں کسانوں کے انتخاب کیلیے قرعہ اندازی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر زراعت میجر(ر) سجاد بارکوال نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی، اراکین صوبائی اسمبلی عبدالعنی آفریدی، سہیل آفریدی، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت محمد طاہر، ڈائریکٹر جنرل زراعت ضم اضلاع مراد علی، ڈائریکٹر سیڈ عقیل شاہ، ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر زراعت ضلع خیبر ضیائالاسلام اور دیگر محکمہ جات کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر زراعت میجر ریٹائرڈ سجاد بارکوال نے قرعہ اندازی کے عمل کا افتتاح کیا۔انہوں نے فوڈ سکیورٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے صوبے کو خوراک میں خود کفیل بنانے میں مشترکہ کوششوں کی ضرورت۔کسانوں کو زرعی ماہرین کی ماہرانہ صلاحیتوں سے مستفید ہونے اور، ملکی اور گھریلو خوراکی ضروریات پورا کرنے کیلیے ان سے ہمہ وقت رابطہ میں رہنے پر زور دیا۔ میجر ریٹائرڈ سجاد نے کسانوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ آپ کے مسائل کو حل کرنے کیلئے بھر پور کوششیں کررہے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری زراعت و پراجیکٹ ڈائریکٹر نے پراجیکٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس پراجیکٹ کا مقصد ضم اضلاع کے زمینداروں کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ چونکہ ضم اضلاع میں زرعی پیداوار کے لحاظ سے کافی استعداد موجود ہے جس سے زمینداروں کی مالی حالت میں کافی بہتری لائی جاسکتی ہے۔

خاندان شریفیہ میں وزارت عظمی کی جنگ جاری ہے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف

> نواز شریف چوتھی بار وزیراعظم بننے کے لیے سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں، مشیر اطلاعات

> پنجاب جیسا اہم صوبہ غیر سنجیدہ ٹک ٹاکر سہیلیوں کے حوالے کر دیا گیا ہے

> مریم نواز کی ٹک ٹاک اور اداکاری شریف خاندان کی آخری کارکردگی ثابت ہوگی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کہتی ہیں کہ انہیں کام نہیں کرنے دیا جا رہا۔ اس لئے عوام کو بتایا جائے کہ وہ کون ہے جو آپ کو کام نہیں کرنے دے رہا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آپ کے چچا اور ابا جی کی حکومت میں آخر یہ فریاد کیوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے بہتے آنسو شریف خاندان میں اختلافات کا ثبوت ہیں۔ خاندان شریفیہ میں وزارت عظمی کی جنگ جاری ہے۔نواز شریف چوتھی بار وزیراعظم بننے کے لیے سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں۔ نواز شریف گروپ بمقابلہ شہباز شریف گروپ آپس میں مشت و گریباں ہیں۔ شہباز شریف کی گردن اسحاق ڈار اور رانا ثناء اللہ کے ذریعے دبائی گئی ہے۔ مریم کا ہدف بھی شہباز شریف اور اس کی حکومت ہے اور کرسی کی اس اندرونی لڑائی میں عوام رل رہی ہے۔ عوام کے مسائل کی خاندان شریفیہ کو پرواہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم کی تمام توجہ پی ٹی ائی کی خواتین کارکنان اور عمران خان کے خلاف انتقامی کارراوئیوں پر مرکوز ہے۔ عنقریب مریم اڈیالہ جیل میں قید با مشقت کاٹ رہی ہوں گی۔ پنجاب جیسا اہم صوبہ غیر سنجیدہ ٹک ٹاکر سہیلیوں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ مریم نواز کی ٹک ٹاک اور اداکاری شریف خاندان کی آخری کارکردگی ثابت ہوگی۔

خیبرپختونخوا کے وزیر جنگلات، ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و جنگلی حیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے جمعرات کے روز

خیبرپختونخوا کے وزیر جنگلات، ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و جنگلی حیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے جمعرات کے روز اپنے حجرہ مکان باغ میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں اور وفود کے مسائل انتہائی توجہ سے سنے اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی یقین دہانی کرائی اور اس ضمن میں مختلف محکموں کو ہدایات جاری کیں جبکہ بعض لوگوں کے مسائل موقع پر ہی حل کئے اس موقع پر فضل حکیم خان نے لوگوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت کیلئے ہر وقت حاضر ہوں عوام نے ہم پر جو اعتماد کا اظہار کیا ہے ہم اُن سے کئے گئے تمام وعدے نبھائیں گے عوامی خدمت میں کوئی کمی نہیں آنے دینگے عوام کی طرف سے ملنے والی بھرپور محبت کا صلہ خدمت کے عمل سے ادا کریں گے، اس موقع پر آئے ہوئے مختلف وفود نے بعض مسائل کے فوری حل اورذاتی دلچسپی لینے پر فضل حکیم خان کاتہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی کی زیر صدارت یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی کی زیر صدارت یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی مردان کے بجٹ کے مسائل کے حوالے سے اجلاس محکمہ اعلیٰ تعلیم کے کمیٹی روم سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا، اجلاس میں صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو ضلع مردان سے منتخب اراکین خیبر پختونخوا اسمبلی افتخار علی مشوانی، عبدالسلام، طفیل انجم محکمہ اعلی تعلیم کے افسران یو ای ٹی مردان کے وائس چانسلر اور دیگر عملے نے شرکت کی، اجلاس میں صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کو یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے یو ای ٹی مردان پر تفصیلی بریفنگ دی، صوبائی وزیر کو بریفنگ میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے ملنے والے گرانٹ کے بارے میں بتایاگیا، بریفنگ میں مذید بتایا گیا کہ ایچ ای سی نے یو ای ٹی مردان کو نئے یونیورسٹی کے لسٹ میں ڈالا ہے اور صرف 18ملین روپے ریلیز کی ہے، مذید بتایاگیا کہ مذکورہ انجینئرنگ یونیورسٹی کو تنخواہوں کی مد میں بھی فنڈ ریلیز نہیں ہوا ہے اس کے علاوہ صوبائی وزیر کو یو ای ٹی مردان کی تمام بجٹ اور اخراجات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، اس موقع پر صوبائی وزیر میناخان آفریدی نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ تمام یونیورسٹیوں کو تنخواہوں کی مد میں فنڈز ریلیز ہوچکے ہیں اور یو ای ٹی مردان کو بھی بہت جلد فنڈ جاری ہوجائیگا، انہوں نے کہا کہ صوبے کی مالی طور پر مشکلات کا سامنا کرنے والے جامعات کو مالی بحران سے نکالنے کیلیے ضروری اقدامات اٹھارہے ہیں اور اس مسئلے کی پائیدار حل کیلیے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی خصوصی ہدایت پر ایک ٹاسک فورس بھی تشکیل دی گئی ہے جو مالی بحران سے دوچار ہونے والے جامعات کی مالی مشکلات کی وجوہات کی جانچ پڑتال کرے گی اور انہیں مالی مشکلات سے نکالنے کیلیے تجاویز دیگی، انہوں نے مذید کہا کہ جامعات کا کام معیاری ریسرچ کو عام کرنا اور فروغ دینا ہے۔

وفاقی حکومت اور آئی ایم ایف کا بجٹ 2024-25 ہائبرڈ ہے، مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم و بین الصوبائی رابطہ نے وفاقی بجٹ 2024-25 پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ 2024-25 حکومت اور آئی ایم ایف کا ایک ہائبرڈ بجٹ ہے جس میں ٹیکسز کا چناؤ آئی ایم ایف نے اور اخراجات کا حکومت نے کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مزمل اسلم نے اپنے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کیا۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ٹیکس کا بوجھ عام عوام پر آئی ایم ایف کا اور اشرافیہ کے لئے ٹیکس چھوٹ حکومت کا فیصلہ ہے اسی طرح دودھ اور ادویات پر ٹیکسز آئی ایم ایف کا جبکہ مقامی کارساز ٹیکس چھوٹ حکومت کا سکرپٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی گیس پیٹرول قیمت میں اضافہ آئی ایم ایف کا جبکہ سرکاری مراعات اور تنخواہوں میں اضافہ حکومت کا فیصلہ ہے۔ مزمل اسلم نے کہا کہ تعلیم صحت اور زراعت پر کٹوتی آئی ایم ایف کا فیصلہ ہے جبکہ ترقیاتی اخراجات میں ایم این ایز کیلئے 75 ارب مختص کرنا حکومت کا فیصلہ ہے بجٹ صرف آئی ایم ایف کا ہے اور حکومت مکمل شراکت دار ہے۔ مشیر خزانہ و محکمہ بین الصوبائی رابطہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے ایک دوسرے بیان بجلی کے نئے نرخوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی نئی قیمت کم اور زیادہ یونٹ صارفین کیلئے ناقابل برداشت ہو جائے گی جبکہ استطاعت رکھنے والے شمسی یا دیگر توانائی پر منتقل ہو جائیں گے۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ پیداواری قیمت کے مقابلے میں نئے نرخ واضح طور پر غیر منصفانہ اور ظلم پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بجلی کی پیداواری قیمت 0.04/ KWH فی ڈالر جبکہ فروخت کی قیمت 0.3/KWH فی ڈالر ہے جو پیداوری قیمت سے آٹھ گنا زیادہ ہے۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ اخراجات آمدنی کے تناسب سے پاکستان رہنے کیلئے سب سے مہنگا ملک ہے اور ان سب کا ذمہ دار کون ہے اور پاکستان کے لوگ کیوں متاثر ہو رہے ہیں۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے ضلع بونیر کا دورہ

وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے ضلع بونیر کا دورہ کرکے سواڑی میں ہاکی گراؤنڈ اور کھیلوں کے زیر تعمیر جمنیزیم کا اچانک دورہ کیا اور وہاں پر زیر تعمیر کام کا جائزہ لیا۔انھوں نے دورے کے دوران بونیر میں نوجوانوں کیلئے قائم کیئے جانے والے ضلعی سطح کے جوان مرکز کیلئے مجوزہ اراضی سائٹ کا بھی معائنہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر یوتھ افیرز،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر، دیگر متعلقہ افسران و ریونیو اہلکار بھی موجود تھے۔مشیر کھیل نے دورے کے دوران سپورٹس جمنیزیم پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ تعمیراتی کام کو درکار اعلی معیار کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔انھوں نے کہا کہ سپورٹس کے ان ترقیاتی منصوبوں کو بلا تعطل تیزی کیساتھ مکمل کیا جائے تاکہ مقامی نوجوانوں کو کھیل وتفریح کے مواقع جلد از جلد دستیاب ہوسکیں۔انھوں نے ضلع بونیر میں جوان مرکز کے قیام کیلئے تجویز کردہ سائٹ کا دورہ کرنے کے موقع پر اس منصوبے کیلئے جس اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے کا جائزہ لیا۔مذکورہ مرکز محکمہ سپورٹس کی ملکیتی اراضی پر قائم کیا جائے گا اور اسکے لئے موزوں قطع اراضی کی باقاعدہ ڈیمارکیشن بھی کی گئی ہے۔ انھوں نے اس ترقیاتی منصوبے کو جلد شروع کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو آئندہ مراحل جلد طے کرنے کیلئے ہدایات جاری کئے۔واضح رہے کہ جوان مرکز کے قیام کا مقصد بندو بستی اور ضم اضلاع میں نوجوانوں کو درپیش چیلنجز اور مواقع کو مد نظر رکھتے ہوئے انھیں تعاون فراہم کرنا ہے اور ان مراکز میں ضروری انفراسٹرکچر،تعلیمی سہولیات،انٹرپرینیورشپ انکیوبیشن سینٹرز،ائی ٹی لیبز،سٹارٹ آپ کیلئے اجتماعی ورکنگ سپیس،یوتھ اسمبلیز اور تفریحی سہولیات جیسے مواقع ایک ہی جگہ پر دستیاب ہونگے۔ یہ سہولیات نوجوانوں کو آگے بڑھنے،سیکھنے اور ایک دوسرے کیساتھ مربوط کرنے کیلئے ڈیزائین کیے گئے ہیں۔