Home Blog Page 219

کسانوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔ وزیر زراعت میجر ریٹائرڈ سجاد بارکوال

خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت میجر ریٹائرڈ سجاد بارکوال نے جمعرات کے روز ضلع مہمند کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر محکمہ زراعت توسیع کے ضلعی دفتر گئے جہاں انہیں زراعت کے مختلف امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع مراد علی خان، ضلعی ڈائریکٹر زراعت توسیع آصف ا قبال اور دیگرمتعلقہ افسران بھی ان کے ہمرا تھے۔ صوبائی وزیر نے دورے کے دوران زرعی مشینری، سٹور ز،فارم سروسز سنٹرز اور حاضری رجسٹرڈ کا معائنہ کیا۔اس موقع پرانہوں نے محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ زراعت کی ترقی کے لئے تمام تر صلاحتیں بروئے کار لائیں اور جہاں کہیں مسائل درپیش ہوں انہیں ان کے نوٹس میں لایا جائے تاکہ بروقت ان کا ازالہ کرتے ہوئے ترقی کے عمل کو تیز کیا جاسکے۔صوبائی وزیر نے مزید ہدایت کی کہ زمینداروں سے روابط رکھیں اور ان کی فصل کی پیداوار میں اضافہ کے لئے انہیں جدید سائنسی طریقوں سے آگاہ کریں۔اسی طرح انہوں نے باغات لگانے اور کسانوں کے لئے تربیتی سیشن کے انعقاد کرنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے محکمہ زراعت کی تمام ونگز کے ضلعی افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ ماہانہ کی بنیاد پر کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس منعقد کریں اور ان میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ زمیندروں کے مسائل ضلع کی سطح پر آسانی سے حل ہو سکیں اور شعبہ زراعت بھی ترقی کر سکے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے جنگلات، جنگلی حیات، ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس

خیبرپختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ جنگلات، جنگلی حیات، ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس چئیرمین کمیٹی عارف احمد زئی کی زیر صدارت جمعرات کے روز صوبائی اسمبلی میں منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلات،جنگلی حیات، ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی پیر مصور خان، کمیٹی اراکین و ایم پی یز عبدالسلام، افتخار علی مشوانی، محمد نعیم، شیر علی آفریدی سمیت سپیشل سیکرٹری مسعود احمد، جنگلات، ماحولیات، جنگلی حیات، فارسٹ ڈویلپمنٹ کارپوریشن اور پاکستان فارسٹ انسٹیوٹ کے اعلیٰ حکام سمیت صوبائی اسمبلی اور محکمہ قانون کے افسران بھی موجود تھے، اجلاس میں ماحولیات کے لئے سیکرٹری کی سربراہی میں ادراہ برائے تحفظ ماحولیات کا اپنا ٹربیونل قائم کرنے، ایف ڈی سی ٹمبر مارکیٹ میں پڑی لکڑیوں، کنٹینرز میں سفیدہ کی ترسیل پر پابندی، بھٹہ خشتوں کو زیگ زاگ ٹیکنالوجی پر منتقلی اور کرش پلانٹس کے حوالے سے سیر حاصل بحث کی گئی اس موقع پر معاون خصوصی برائے جنگلات و ماحولیات پیر مصور خان نے ادارہ برائے تحفظ ماحولیات میں سیکرٹری کی سر براہی میں ٹربیونل کے قیام کی تجویز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ ملکر کام کیا جائے گا، انھوں نے کہا کہ ایف ڈی سی کے زیر اہتمام لکڑیوں کی نیلامی کے لئے ایک کمیٹی بنائی گئی ہے، لکڑیوں کا پورا ریکارڈ موجود ہے، لکڑیوں کی نیلامی سے نہ صرف صوبائی حکومت کو بلکہ لوگوں کو بھی منافع حاصل ہوگا، کنٹینر ز میں سفیدہ لکڑیوں کی ترسیل پر پابندی کے حوالے سے کمیٹی کو بتایا گیا کہ کنٹینرز میں سفیدہ کی ترسیل پر پابندی کی وجہ اس کی آڑ میں دیگر قیمتی لکڑیوں کی اسمگلنگ کا سدباب ہے لیکن اس حوالے سے جلد ایک میکنزم تیار کیا جائے گا جس کے تحت مردان، چارسدہ اور سفیدہ پیداوار والے دیگر علاقوں میں سفید ہ کی ترسیل کے لیے ایک جگہ کا انتخاب کیا جائے گا جہاں محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کی نگرانی میں سفیدہ لکڑیوں کی لوڈنگ کی جائے گی جسکا پورا ریکارڈ مرتب کیا جائے گا تاکہ اس کاروبار سے وابستہ لوگوں کو آسانیاں فراہم کی جا سکیں، اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ صوبے میں آلودگی کا باعث بننے والے مزید بھٹہ خشتوں کو زیگ زاگ ٹیکنالوجی پر منتقلی کے لئے بھٹہ خشت یونین سے بھی ملاقات کی جائے گی تاکہ صوبے میں واقع مزید بھٹہ خشتوں کو بھی زیگ زاگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جاسکیں، اراضی پر دیگر محکموں یا لوگوں کی دعویدار ی کے حوالے سے معاون خصوصی پیر مصور خان نے کمیٹی کو بتایا کہ اس سلسلے میں پہلے سے ایک کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے جس کے متعدد اجلاس بھی منعقد کیے گئے ہیں، قائمہ کمیٹی کے چئیرمن عارف احمد زئی نے کہا کہ ایف ڈی سی ٹمبر مارکیٹ چکدرہ اور سوات گبین جبہ میں قیمتی لکڑیوں کا معائنہ اور جائزہ لینے کے لئے کمیٹی جلد وہاں کا دورہ کرے گی۔انھوں نے متعلقہ حکام کو ورکنگ پیپر بروقت کمیٹی اراکین کو فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی (کیپرا) کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا جنوری کی ٹیکس وصولی بڑھ کر 28.92 ارب ہوگئی ہے۔مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم

مشیر خزانہ و بین الصوبائی رابطہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی کی جانب سے ماہ جنوری کے ٹیکس محصولات بارے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی (کیپرا) کی جانب سے جنوری کے مہینے میں بھی اضافی محصولات جمع کرنے کی روایت برقرار رکھی گئی کیپرا اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا جنوری ٹیکس وصولی بڑھ کر 28.92 ارب ہوگئی ہے جبکہ ٹیکس محصولات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 46 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ مشیر خزانہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں میں نان ٹیکس وصولی 55 فیصد سے زیادہ ہے جس سے محصولات 50فیصد سے زیادہ ہو جائیں گے۔ مزمل اسلم نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی آمین گنڈاپور کے مسلسل تعاون کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور کیپرا حکام کو اضافی محصولات جمع کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

سوات کوریڈورپر ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر،صوبائی حکومت کافلیگ شپ منصوبہ ہے

ٹرانسمشن لائن کے ذریعے صوبائی حکومت اپنی بجلی سستے نرخوں پر مقامی صنعتوں کو بھی فراہم کرے گی

یہ منصوبہ 8 ارب روپے کی لاگت سے ڈیڑھ سال میں مکمل کیا جائے گا جس سے سرمایہ کاری کوفروغ ملے گا،سیکرٹری توانائی زبیرخان

خیبرپختونخوامیں بجلی کے ترسیلی نظام کی بہتری اورصوبے میں اپنے ذرائع سے پیداہونے والی سستی پن بجلی کو بہترطریقے سے استعمال میں لانے کے لئے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ قائم ہونے والی خیبرپختونخوا ٹرانسمیشن اینڈ گرڈسسٹم کمپنی(KPT&GSC) جلد ہی پیڈوکے مکمل ہونے والے منصوبوں سے پیداہونے والی سستی بجلی کواپنے نظام سے استعمال میں لاکر نئی تاریخ رقم کرے گی۔سوات کوریڈورسے40کلومیٹرطویل220کے وی ٹرانسمیشن لائن بچھاناموجودہ صوبائی حکومت کا ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے جس پرتیز ی سے کام کیا جارہا ہے۔ان خیالات کااظہارسیکرٹری توانائی وبرقیات محمدزبیرخان نے خیبرپختونخوا ٹرانسمیشن اینڈ گرڈسسٹم کمپنی کے بارہویں بورڈ آف ڈائیریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں کمپنی کے چیف ایگزیکٹومحمدایوب سمیت دیگربورڈ ممبرزمشیر طلاء محمد،ایڈیشنل سیکرٹری عبدالحسیب،ڈائریکٹرایچ آراینڈایڈمن پیڈومحمدادریس خٹک اورڈپٹی سیکرٹری توانائی اعجازاکرم نے شرکت کی۔ اجلاس میں مٹلتان سے مدین تک 40 کلو میٹر طویل 132/220 کے وی ٹرانسمشن لائن بچھانے کے جاری منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بتایا گیاکہ ٹرانسمشن لائن کا منصوبہ 8 ارب روپے کے تخمینہ لاگت سے ڈیڑھ سال کے عرصے میں مکمل کیا جائے گا۔ ٹرانسمشن لائن 84 میگاواٹ مٹلتان ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور سوات میں صوبائی حکومت کے دیگر منصوبوں سے پیدا ہونے والی بجلی کو نیشنل گرڈ یا رعایتی نرخوں پر مقامی صنعتوں کو فراہم کرے گی۔منصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل سے صوبائی حکومت کو سالانہ تقریباً 7 ارب روپے کی آمدن ہوگی۔اس سلسلے میں پیڈواورنجی کمپنی کے درمیان پہلے ہی معاہدہ طے پاچکا ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے صوبے میں توانائی اور صنعت کے شعبوں میں انقلاب آئے گا۔ پاور ٹرانسمشن لائن کے ذریعے صوبائی حکومت اپنی بجلی سستے نرخوں پر مقامی صنعتوں کو بھی فراہم کرے گی جس سے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں کو صوبے کی طرف راغب کرنے میں مدد ملے گی۔اس موقع پرسیکرٹری توانائی نے کمپنی کے حکام پر زوردیا کہ ٹرانسمیشن لائن بچھانے کیلئے فزبیلٹی سٹڈی کی تیاری اورکنسلٹنٹ کی تقرری کا عمل مزید تیزکیا جائے تاکہ منصوبہ مقررہ وقت میں مکمل کیا جاسکے۔ KPٹرانسمیشن اینڈ گرڈسسٹم کمپنی کے بورڈ کو مزید فعال بنانے کے لئے تیکنیکی ماہرین پر مشتمل ٹیم کو شامل کیا جائے تاکہ آنے والے دنوں میں کمپنی کو صوبے کے منافع بخش ادارے کے طورپر سامنے لایاجائے۔اجلاس میں کمپنی کے امورکی بہتری کے لئے کئی اہم فیصلوں کی بھی منظوری دی گئی۔

عمران خان کے خط لکھنے سے جعلی حکومت کے جعلی وزراء کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں، بیرسٹر ڈاکٹر سیف

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ عمران خان کے خط لکھنے سے جعلی حکومت کے جعلی وزراء کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں۔ خط لکھنے کے بعد شریف خاندان کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں، نواز شریف اور مریم نواز کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔خط متعلقہ حکام کو موصول ہونے سے پہلے ہی جعلی وزراء نے پروپیگنڈا شروع کر دیا۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ جعلی حکومت کے ہوش ایک خط لکھنے سے ہی اڑ گئے ہیں، پتہ نہیں عمران خان کے رہا ہونے کے بعد جعلی حکومت کی کیا حالت ہوگی، عمران خان کے رہا ہونے کے بعد جعلی حکومت کو تمام اوچھے ہتھکنڈوں اورتمام غیر قانونی اقدامات کا حساب دینا ہوگا۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ شریف اور زرداری خاندان نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ عوام بھوک سے مر رہے ہیں اور ان دونوں پارٹیوں کو اقتدار کی پڑی ہوئی ہے۔ ملک میں آئین اور قانون کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔ عمران خان کا خط کوئی خفیہ دستاویز نہیں ہے بلکہ انہوں نے اوپن خط لکھا ہے جسمیں مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے۔ عمران خان شریف خاندان کے اعصاب پر سوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ہی ملک کا حقیقی لیڈر ہے اور وہ ہی ملک کو موجودہ مسائل سے نکال سکتے ہیں۔ فارم 47 کے ذریعے پی ٹی آئی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا نہ ہوتا تو آج ملک کو موجودہ تباہی کا سامنا نہ ہوتا۔ جمہوریت پر ڈاکہ ڈالنے کے بعد جعلی حکومت نے تمام ریاستی اداروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے

نیوپشاور ویلی ہاؤسنگ پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے لئے بھر پور اقدامات جاری ہیں۔ ڈاکٹر امجد علی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ نیو پشاور ویلی منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے بھر پور اقدامات جاری ہیں اور اس منصوبے کو عوامی امنگوں کے مطابق مکمل کیا جائے گا جس میں دور جدید کی اہم سہولیات دستیاب ہو ں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور ویلی منصوبے کی تکمیلی امور کے حوالے سے پشاور میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ ہاؤسنگ خیام حسن، ڈائریکٹر جنرل عمران وزیر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ نے گزشتہ اجلاس میں نیو پشاور ویلی سے متعلق کیے گئے فیصلوں پر ہونے والی پیشرفت سے معاون خصوصی کو آگاہ کیا جبکہ ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا پختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ نیو پشاور ویلی منصوبہ خیبر پختونخوا کا سب سے بڑا ہاؤسنگ منصوبہ ہے جس کا رقبہ ایک لاکھ چھ ہزار کنال اراضی پر محیط ہے جو کئی گاؤں اور علاقوں پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں جرگہ کمیٹی کے چیئرمین نے اراضی مالکان کے ساتھ معاوضے اور دیگر معاملات کے امورطے کئے ہیں اور اس کی ہفتہ وار رپورٹ سیکرٹری ہاؤسنگ کو پیش کی جا رہی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نے اجلاس کے شرکاء کو بتایاکہ اس ہاؤسنگ منصوبے میں اب تک کی بڑی پیشرفت ایکسپریس وے ہے جو 15 سالوں سے نیو پشاور ویلی ہاؤسنگ سکیم کی تکمیل کی راہ میں رکاوٹ تھی۔انہوں نے کہا کہ یہ رہائشی منصوبہ آٹھ فیزز پر مشتمل ہے اور دور جدید کے رہائشی تقاضوں سے ہم آہنگ ہوگا جس میں ہیلتھ زون، کالج ویونیورسٹی،مساجد اور سپورٹس کمپلیکس جیسی سہولتیں بھی شامل ہونگیں۔ معاون خصوصی نے بریفنگ میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی اراضی سے متعلق جتنے بھی تصفیہ طلب معاملات ہیں وہ متعلقہ ممبر قومی اسمبلی کے تعاون اور جرگوں کے ذریعے حل کیے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیو پشاور ویلی ہاؤسنگ سکیم کے ہر فیز میں یکساں سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس ہاؤسنگ منصوبے کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے ویژن کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے اور یہ ہاؤسنگ منصوبہ صوبے کی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

مشیر صحت احتشام علی کا عوامی و میڈیا کی شکایات پر ہسپتالوں کے دوروں کا سلسلہ جاری

مشیر صحت خیبر پختونخوا احتشام علی نے عوامی و میڈیا شکایات کے پیش نظر رات گئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چارسدہ اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال تنگی کا اچانک دورہ کیا۔دورے کے دوران انہوں نے ہسپتالوں کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور ایمرجنسی ادویات سمیت طبی آلات کی دستیابی کا جائزہ لیا۔ مریضوں سے ہسپتال کی سہولیات اور انتظامیہ کے رویے کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔ڈی ایچ کیو چارسدہ میں بدانتظامی اور ویمن میڈیکل آفیسر کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مشیر صحت نے فوری انکوائری کا حکم دیا۔ انہوں نے ہسپتال میں ادویات کی فراہمی کے حوالے سے بھی تفصیلات طلب کیں۔تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال تنگی کے حوالے سے شکایات تھیں لیکن موقع پر سب کچھ بہتر پایا گیا۔ مشیر صحت نے کہا کہ انتظامی معاملات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبے کے لئے وسائل فراہم کر رہی ہے اس کے باوجود عوام کو بہترین سہولیات کی عدم فراہمی ناقابل فہم ہے، محکمہ صحت میں کچھ بھی خراب ہو تو میں ذمہ دار ہوں جبکہ ہسپتالوں میں ایم ایس اور اضلاع میں ڈی ایچ اوز ذمہ دار ہیں۔مشیر صحت نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور صحت کے معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے اور عوام کو بہترین صحت سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

خیبر پختونخوا کے وزیرکھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے 5 فروری یوم

خیبر پختونخوا کے وزیرکھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ہندوستان نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کرکے نہ صرف کشمیری عوام سے انکی آزادی کا حق چھین لیا ہے بلکہ ان کے بنیادی انسانی حقوق بھی پامال کیے گئے۔انھوں نے کہا کہ عالمی تاریخ میں کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ ہونے والے ظلم اور بربریت کی مثال نہیں ملتی اور ہم اپنے کشمیری بھائیوں،بہنوں ماؤں،بزرگوں اور بچوں سے مکمل یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور انکی سیاسی،اخلاقی اور انسانی حمایت جاری رکھیں گے۔انھوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے اور کشمیری عوام کو ان کا جائز حق دلانے میں اپنا حصہ ڈالے۔انھوں نے کہا کہ ہندوستان نے ظلم، جبر اور بربریت کی انتہا کرکے ہزاروں کشمیریوں کو شہید کر دیا ہے تاکہ انھیں زبردستی اپنے حق سے محروم رکھ سکے تاہم وہ اپنے اس مقصد میں کامیاب نہیں ہو گا اور کشمیر انشاء اللہ آزاد ہوگا۔

پانچ فروری کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلے ملک بھر کی طرح ضلع تورغر میں

پانچ فروری کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلے ملک بھر کی طرح ضلع تورغر میں بھی یوم یکجہتی کشمیر جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا۔ڈپٹی کمشنر تورغر انورزیب خان کی سربراہی میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ایک منٹ کی خاموشی اور واک/ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ریلی میں تورغر کے مختلف محکمہ جات کے افسران و جوانوں کے علاوہ مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والوں نے شرکت کی۔واک/ ریلی ڈپٹی کمشنر آفس سے شروع ہوکر میرہ بازار جدباء پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے بعد ڈی سی آفس میں پودے لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز بھی کیا گیا۔پروگرامز میں ڈسٹرکٹ پولیس کی طرف سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے جدبا ہائی سکول میں پروگرام کا انعقاد کیا گیا تھا جسمیں طلباء اور افسران نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

کوہستان لوئر، پٹن: حکومت خیبر پختونخوا کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ

کوہستان لوئر، پٹن: حکومت خیبر پختونخوا کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ کوہستان لوئر کے زیر اہتمام آج 5 فروری یومِ کشمیر کے موقع پر کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی اور جدوجہدِ آزادی کے لیے ان کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے گورنمنٹ ہائی سکول پٹن میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں بچوں نے کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کے موضوع پر خصوصی تقاریر پیش کیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ارشد عباسی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف محمد اظہر خان نے اس موقع پر شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اس موقع پر پاکستان کا قومی ترانہ اور کشمیر کے ترانے بھی بجائے گئے۔تقریب کا مقصد کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی، مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کے وحشیانہ مظالم، خواتین کی بے حرمتی، نوجوانوں کو لاپتہ کر کے قتل کیے جانے جیسے افسوسناک واقعات کو عالمی برادری کے سامنے اجاگر کرنا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پاکستان کی عوام اس مشکل گھڑی میں کشمیری بھائیوں، ماؤں، بہنوں اور ان معصوم بچوں کے ساتھ ہے جن پر مودی سرکار ظلم ڈھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ وہ دن ضرور آئے گا جب اسلامی جمہوریہ پاکستان غالب ہوگا اور کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف کی قیادت میں گورنمنٹ ہائی اسکول پٹن سے پٹن لوئر بازار تک ایک ریلی نکالی گئی۔علاوہ ازیں، ضلع کوہستان لوئر کے مختلف مقامات اور پلوں پر کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے بینرز آویزاں کیے گئے۔