وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی ملک لیاقت علی خان کی زیرصدارت بہبودی آبادی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں یو این ایف پی اے (UNFPA) یونائیٹڈ نیشن فنڈ فار پاپولیشن اکٹیوٹیز,کے وفد نے بھی شرکت کی اوربہبود آبادی کے امور سے متعلق معاون خصوصی کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ بہبود آبادی معتصم باللہ، ڈائریکٹرجنرل بہبود آبادی عائشہ احسان، ڈائریکٹرایڈمنسٹریشن محمد زکریا، پروگرام آفیسر(یو این ایف پی اے) سیدعثمان محمد، ڈی ڈی (یو این ایف پی اے) کاشف خان، پروگرم سپیشلیسٹ ایس ڈاکٹر شاہد خان,آرایچ ودیگر آفسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے، معاون خصوصی نے بہبود آبادی کی حوالے سے یو این ایف پی اے کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ ادارہ آئندہ بھی اسی طرح اپنے اقدامات جاری رکھے گا۔ اس موقع پریو این ایف پی اے کے وفد نے معاون خصوصی کو مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے مختلف پہلووں پر تفصیلی طور پر شرکائے اجلاس کو آگاہ کیا اور مختلف منصوبوں کی تفصیلات کے حوالے سے معاون خصوصی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یو این ایف پی اے کے کنٹری ڈائریکٹر عنقریب خیبر پختونخوا کا دورہ کر یں گے اور معاون خصوصی کے ساتھ اہم امور پر ملاقات بھی کریں گے اور محکمہ بہبود آبادی کے دفاتر فیملی وئلفیر سنٹر اور آر,ٹی آی کے بھی دورے کریں گے۔ شرکائے اجلاس نے امید ظاہر کی کہ یہ ملاقات مختلف معاملات پر بحث اور اہم فیصلوں کے لیے موثر ثابت ہوگی۔ اس موقع پر سیکرٹری محکمہ بہبود آبادی معتصم باللہ، ڈائریکٹرجنرل بہبود آبادی عائشہ احسان نے بھی بہبود آبادی کے موجودہ حالات اورانتہائی اہم موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی جس کا مقصد پورے خیبر پختونخوا میں یو این ایف پی اے کے تعاون سے بہبود آبادی کے لیے کام کرنا ہے۔
حکومت خیبرپختونخوا نے مقامی اور دیگر صوبوں کے کاشتکاروں اور سپلائرز کو آسان خدمات کی فراہمی کیلئے آن لائن ایپ متعارف کرائی ہے، گندم خریداری میں میرٹ اور شفافیت ہر صورت یقینی بنائیں گے، وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو
خیبرپختونخوا کے وزیر برائے خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ صوبائی حکومت کی گندم خریداری مہم میں میرٹ اور شفافیت بنانے کیلئے تمام اقدامات اٹھا رہی ہے ان کا کہنا تھا کہ محکمہ خوراک خیبرپختونخوا نے مقامی اور دیگر صوبوں کے کاشتکاروں اور سپلائرز کو آسان خدمات کی فراہمی کیلئے آن لائن ایپ متعارف کرائی ہے جس سے کاشتکار اور سپلائرز حضرات محکمہ خوراک کو اپنے پاس دستیاب گندم کے حوالے معلومات فراہم کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مذکورہ ایپ کی خدمات کے حوالے سے جاری ایک ویڈیو بیان میں کیا۔صوبائی وزیر نے ویڈیو بیان میں کہا کہ آنلائن ایپ میں گندم خریداری کے لئے کاشتکاروں اور سپلائرز کو درکار تمام لوازمات واضح بتائے گئے ہیں ظاہر شاہ طورو نے مزید وضاحت کی کہ 18 مئی کے بعد جو کاشتکار اور سپلائر محکمہ خوراک کی ایس او پیز کے مطابق معیاری گندم متعلقہ خریداری مرکز پہنچائے گا اس سے پہلے گندم کوٹہ کے مطابق خریداری کی جائے گی، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ رواں ماہ میں 7 مئی سے 17 مئی تک گندم خریداری صرف خیبرپختونخوا کے مقامی کاشتکاروں سے جاری رہے گی جو انکے لئے خصوصی طور پر مختص کیے گئے اور بعد میں ان سے خریداری جاری ہونے کیساتھ ساتھ دیگرے صوبوں کے کاشتکاروں اور سپلائرز سے بھی خریداری کا عمل شروع ہوگا۔ دریں اثنا صوبائی وزیر نے کہا کہ وفاق اور پنجاب کی حکومتیں بھی وزیراعظم کی ہدایت پر ہماری ایپ کاپی کر رہی ہیں جو خوش آئند ہے اور حکومت خیبرپختونخوا کے لئے اعزاز سے کم نہیں ہے۔
صوبائی وزیر خوراک کی ہدایت پر محکمہ خوراک کی گندم خریداری کے عمل میں بدعنوانی پر دو افسران کے خلاف کارروائی
صوبائی حکومت کا مقامی کسانوں سے گندم کی خریداری ایک کسان دوست اقدام ہے، بدعنوانی کسی صورت برداشت نہیں، ظاہر شاہ طورو
خیبرپختونخوا میں گندم خریداری کے عمل میں شفافیت برقرار رکھنے کے لئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کی ہدایات پر محکمہ خوراک نے کارروائی کا آغاز کردیا ہے اس سلسلے میں محکمہ خوراک نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ملاکنڈ اور اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر کیخلاف گندم خریداری میں شکایات پر قانونی کاروائی شروع کرتے ہوتے ڈی ایف سی کو فوری طور پر فوڈ ڈائریکٹوریٹ رپورٹ کرنے جبکہ انچارج گندم گودام درگئی اے ایف سی کو معطل کردیا۔اس حوالے سے محکمہ خوراک نے باقاعدہ طور پر اعلامیہ بھی جاری کردیا، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں افسران کے خلاف کارروائی مانیٹرنگ رپورٹس اور عوامی شکایات پر کی گئی، دریں اثناء وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے اس حوالے سے کہا ہے کہ گندم خریداری میں بدعنوانی روکنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے ہیں ان کا کہنا تھا کہ خفیہ مانیٹرنگ کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں اور صوبے کے تمام خریداری مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب ہیں۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کرپشن کیخلاف زیرو ٹالرنس پر یقین رکھتے ہیں اس لئے جو اہلکار بدعنوانی میں ملوث پایا گیا اسکے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی،انہوں نے صوبے کے عوام اور میڈیا سے اپیل کی کہ کرپٹ عناصر کی نشان دہی میں حکومت کا ساتھ دیں تاکہ گندم خریداری کے عمل میں شفافیت برقراررہ سکے، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کا مقامی کسانوں سے گندم کی خریداری ایک کسان دوست اقدام ہے۔
رائٹ ٹو پبلک سروسز کے متعلق لاء کالج پشاور یونیورسٹی کے طلباء کے لئے آگاہی سیمینار کا انعقاد
گوڈ گورننس کے قوانین بنیادی انسانی حقوق کے ضامن ہیں، وکلاء خدمات تک رسائی قانون سے مستفید ہو،ں کمشنر جج محمد عاصم امام
رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن کے زیر اہتمام خیبر لاء کالج یونیورسٹی آف پشاور کے طلباء کے لئے عوامی آگاہی سیمنار کا انعقاد کیا گیا۔کمشنر محمد عاصم امام نے کمیشن کے اغراض و مقاصد اور قانونی ضوابط پر جامع لکچر دیا۔ سیمنار میں سینکڑوں کی تعداد میں طلباء اور اساتذہ کرام نے شرکت کی۔ کمشنر نے شرکاء کے سوالات کے جوابات دئیے. انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب نے ملکر ملک اور قوم کی خدمت کرنی ہے۔ وکلاء ہی وہ واحد طبقہ ہے جن کا سامنا ان غریب عوام سے روزانہ کے بنیادوں پر ہوتا ہے جن کو بنیادی خدمات کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ وکلاء اس قانون کے متعلق لوگوں کو بتائیں۔اس ایکٹ کی دفعات سے واقفیت وکلاء کو افسر شاہی کی نااہلی، سرخ فیتہ، اور بدعنوانیوں کو چیلنج کرنے کے قابل بنا سکتی ہے جو عوامی خدمات تک شہریوں کی رسائی میں رکاوٹ ہیں۔ پرنسپل لاء کالج ڈآکٹر عنایت نے شرکاء اور کمیشن کے نمائندوں کا شکریہ ادا کیا. کمشنر محمد عاصم امام نے اختتامی خطاب کرتے میں کہا کہ گوڈ گورننس کے قوانین بنیادی انسانی حقوق کے ضامن ہیں، وکلاء خدمات تک رسائی قانون سے مستفید ہوں۔ اگر رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن نہ ہوتا تو آج عوام بنیادی حقوق کے متعلق اس حد تک آگاہ نہ ہوتے۔
مینجنگ ڈائریکٹر مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن میاں عین اللہ کی زیر صدارت لٹریسی سپروائزرز اجلاس
مینجنگ ڈائریکٹر مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن میاں عین اللہ نے کہا ہے کہ ضم اضلاع میں فاؤنڈیشن کے زیر انتظام مڈل سکول اور سباون سکول پروگرامز عنقریب شروع کیے جائیں گے۔ انہوں نے لٹریسی سپروائزرز کو پروگرام کے اجراء کے لیے بالترتیب 10 اور 15 دنوں کے اندر تمام ڈیٹا بھیجنے کی ہدایت کی تاکہ پروگرام پر جلد از جلد کام شروع ہو اور قبائلی اضلاع کے عوام کو تعلیم کی سہولیات ان کے قریبی علاقوں میں مل سکیں۔ مینجنگ ڈائریکٹر میاں عین اللہ نے مزید ہدایت کی کہ مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن میں درس و تدریس بشمول اساتذہ طلبہ اور سکولوں کا تمام نظام ڈیجیٹائز کیا جائے گا اس ضمن میں لٹریسی سپروائزرز 20 دنوں کے اندر گوگل فارم پر تمام ڈیٹا بھیج دیں تاکہ سسٹم کی مزید ڈیجیٹائزیشن جلد از جلد مکمل کی جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے لٹریسی سپروائزرز اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں اجلاس میں ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر شوکت حیات تمام ضم اضلاع کے لٹریسی سپروائزرز اور ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے دیگر اہلکاروں نے شرکت کی۔ میاں عین اللہ نے سپروائزرز کو ہدایت کی کہ کلاس رومز میں درس و تدریس کے عمل کی مکمل مانیٹرنگ، اساتذہ و طلبہ کی حاضری، کتابوں کی دستیابی اور سکولوں میں دیگر تمام سہولیات کی کمی بارے ماہانہ رپورٹس ہیڈ افس بھیجا کریں تاکہ ان رپورٹس پر مزید کاروائی ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ قبائلی اضلاع بشمول پورے صوبے میں تعلیم عام کرنا اور عوام کو ان کی دہلیز پر تعلیمی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس ضمن میں ویلج کمیٹیز، علاقہ عمائدین، متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسز اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مضبوط روابط قائم رکھے جائیں اور داخلہ مہم پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ کوئی بھی بچہ تعلیم کی عظیم نعمت سے محروم نہ رہے۔ مینجنگ ڈائریکٹر میاں عین اللہ نے یہ بھی ہدایت کی کہ ڈراپ اؤٹ ریشو پر قابو پانے اور بچوں کو سکولوں کی طرف راغب کرنے کے لیے خصوصی مہم شروع کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ لٹریسی سپروائزرز کے جملہ مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ تاہم اپ اپنی تمام تر توجہ طلبہ اور درس و تدریس کے نظام میں مزید بہتری لانے پر دیں۔
کوہاٹ کی لیبر کالونیوں میں غیر قانونی رہائش پذیرلوگوں کے خلاف قانونی کاروائی۔
خیبرپختونخوا کے وزیر برائے محنت فضل شکور خان نے لیبر ڈیپارٹمنٹ کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ کوہاٹ کی لیبر کالونیوں میں غیر قانونی اور غیر متعلقہ طور پر رہائش پذیرلوگوں کے خلاف قانونی کاروائی کرکے کوارٹرز کو فوری طور پر خالی کرائیں اور ان کوآرٹرز کو میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر مستحق اور حقدار لوگوں ں کو الاٹ کریں انہوں نے مزید ہدایت کی کہ کوہاٹ کی لیبر کالونیوں کے کئیر ٹیکرز سمیت دیگر عملے کی بائیو میٹرک حاضری کو یقینی بنائیں اور جو کام میں دلچسپی نہیں لیتا اور حیلے بہانے کرتے ہیں ان کے خلاف بھی قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے یہ ہدایات انہوں نے ضلع کوہاٹ کے لیبر کالونیوں میں فیملی کوارٹرز کے مسائل کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کئے اجلاس میں ڈائریکٹر ایڈمن ورکرز ویلفیئر بورڈ اور دیگر افسران نے شرکت کی اجلاس میں صوبائی وزیر کو کوہاٹ کی فیملی کوارٹرز کے بارے میں تفصیلی طور پر اگاہ کیا گیا صوبائی وزیر کو بتایاگیاکہ فیملی کوارٹرز میں رہنے والے سابقہ ورکرز کو کوارٹرز خالی کرانے کے نوٹسز جاری کیے ہیں جن کو بہت جلد خالی کرا کے حقداروں کو الاٹ کریں گے صوبائی وزیر نے کہا کہ لیبر کالونیوں میں بنائے گئے کوارٹرز ورکرز کے لیے قائم کئے ہیں اور ان پر ان ورکرز کا حق ہے جو مختلف فیکٹریوں میں کام کر رہے ہیں غیر متعلقہ اور غیر قانونی طور پر کوارٹرز میں رہنے والوں کا کوئی حق نہیں بنتا کہ وہ ان کوارٹرز میں رہائش پزیر ہوں
خیبر پختونخوا کی کم عمر ترین گولڈ میڈلسٹ تائیکوانڈو کھلاڑی کی مشیر کھیل اور امور نوجوانان سے ملاقات
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان سے پاکستان کی کم عمر ترین گولڈ میڈلسٹ تائیکوانڈو کھلاڑی عائشہ ایاز نے ملاقات کی۔ عائشہ ایاز نے 12 سال کی عمر میں 7 میڈل جیتے ہیں جن میں 2 گولڈ،2 سلور اور 3 براؤن میڈلز شامل ہیں۔ عائشہ ایاز نے 100 سے زئد قومی اور بین القوامی ایوارڈز بھی حاصل کئے ہیں۔اس موقع پر ڈائرکٹر جنرل سپورٹس عبدالناصر بھی موجود تھے۔مشیر کھیل نے تائیکوانڈو کھلاڑی کو کھیل کے شعبے میں نمایاں کامیابیوں پر 2 لاکھ روپے انعام کا چیک بھی حوالے کیا اور انکی حوصلہ افزائی کی۔انھوں نے کہا کہ مختلف کھیلوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے اور صوبے کا نام روشن کرنے والے کھلاڑی ہمارے ہیرو ہیں اور صوبائی حکومت ہر لحاظ سے اپنے ان قومی کھلاڑیوں کی سرپرستی کرے گی۔انھوں نے امید ظاہر کی کہ عائشہ ایاز اپنی کامیابیوں کا یہ سفر آئندہ بھی جاری رکھے گی اور اپنے ملک وقوم اور صوبے کا نام روشن کرے گی۔
خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی کی اہم ترقیاتی پروجیکٹس پر تبادلہ خیال
خیبر پختونخوا کے وزیر برائے تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم نے امسال بہت متوازن اے ڈی پی بنایا ہے۔ جس میں جاری اور نئے منصوبوں کے لیے خطیر رقوم مختص کی گئی ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم کے جاری 107 منصوبوں میں سے 90 منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں جس میں بندوبستی اضلاع کے 58، ضم اضلاع کے 19 اور اے آئی پی کے 30 منصوبے شامل ہیں۔ ان منصوبوں میں سکولوں کی تعمیر، درجہ بلندی، ماڈل سکولز کے قیام، آئی ٹی لیبز و سائنس لیبز کی تعمیر اساتزہ کی بذریعہ پی ٹی سی بھرتی اور دیگر کئی اہم منصوبے شامل ہیں جن کی تکمیل سے محکمہ تعلیم ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ اس طرح نئے منصوبوں میں رینٹڈ بلڈنگز میں سکولوں کے قیام، مکتب سکولوں کو ریگولر سکولوں میں تبدیل کرنا، سکولوں کی تعمیر و بحالی،اے ایل پی سنٹرز کے قیام، ڈبل شفٹ سکولز اپگریڈڈ ماڈل اور دیگر کئی اہم منصوبے شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ تعلیم اے ڈی پی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری ایجوکیشن مسعود احمد اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع میں 50 مسجد سکولوں کو ریگولرائز کرنا، 200 پرائمری سکولوں کی تعمیر، 100 سکولوں کی دوبارہ تعمیر اور مامدگٹ کیڈٹ کالج کی تعمیر بھی شامل ہیں ضم اضلاع میں 150 سکولوں کی دوبارہ تعمیر جبکہ 150 مڈل سکولوں کو رینٹڈ بلڈنگ میں قائم کرنا بھی شامل ہیں۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ اے ڈی پی کے تحت قبائلی اضلاع میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن دفاتر کا قیام بھی شامل ہے جس میں بالخصوص خواتین آفیسرز کی رہائش کا بھی انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے محکمہ تعلیم حکام کو ہدایت کی کہ مڈل ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں ٹیکنالوجی کورس شروع کرنے بارے بھی تفصیلی بریفنگ تیار کریں۔ وزیر تعلیم نے یہ بھی ہدایت کی کہ صوبہ بھر کے آئی ٹی لیبز اور آئی ٹی ٹیچرز کی مکمل تفصیل فراہم کی جائے تاکہ ضرورت کے مطابق آئی ٹی لیبز کی سولرائزیشن کی جا سکے اور ایکوپمنٹس کو بھی اپگریڈ کیا جائے۔ اس کے علاوہ آئی ٹی ٹیچر سے ان کی استعداد کے مطابق کام لیا جائے،وزیر تعلیم نے حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے ٹائم لائن مقرر کریں تاکہ منصوبے بروقت مکمل ہو ں اور شرع خواندگی میں اضافہ ہو سکے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی زیر صدارت ترقیاتی پروگرام کی تیاری پر اہم اجلاس
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت اگلے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کی تیاری سے متعلق ایک اہم اجلاس پیر کے روز منعقد ہوا جس میں صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کے لئے محکمہ آبنوشی، آبپاشی اور مواصلات کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غوروخوص کیا گیا۔ صوبائی کابینہ اراکین پختون یار خان، شکیل خان، عاقب اللہ خان، بیرسٹر محمد علی سیف کے علاو¿ہ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں محکمہ ہائے مواصلات ، آبنوشی اور آبپاشی کے جاری ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز الوکیشن اور دیگر امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے متعلقہ حکام کو تکمیل کے قریب منصوبوں کو فنڈز کی فراہمی میں پہلی ترجیح دینے کی ہدایت کی اور کہا ہے کہ جاری منصوبوں خصوصاً تکمیل کے قریب منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا، سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ایسے منصوبے شامل نہ کئے جائیں جن پر مقررہ وقت میں عملدرآمد ممکن نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے ضرورت کی بنیاد پر ترجیحی منصوبے تجویز کئے جائیں اور نئے منصوبوں میں ان علاقوں کو ترجیح دی جائے جہاں پہلے کام نہیں ہوا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں صرف وہ اسکمیں شامل کی جائیں جو ہر لحاظ سے قابل عمل ہوں۔ جو منصوبے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل ہوں ان کے لئے سالانہ خاطر خواہ فنڈز مختص کئے جائیں اس طرح یہ اسکیمیں بروقت مکمل ہوسکیں گی اور ان کا فائدہ بلاتاخیر عوام تک پہنچے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ صوبائی دارالحکومت پشاور کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں فلٹریشن کے منصوبے تجویز کئے جائیں جبکہ جنوبی اضلاع میں پینے کے پانی کے مسئلے کو حل کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مبینہ طور پر سرکاری ٹیوب ویلز کا پانی بیچنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے تمام ورکس ڈیپارٹمنٹس کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کی موثر مانیٹرنگ کے لئے اپنی استعداد کو بڑھائیں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر سے پیر کے روز خیبر پختونخوا بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ آفس پشاور میں کینیڈا کی سرمایہ کار کمپنی ”ٹیٹان کاپر” اور ”پانا کاپر” کے نمائندوں نے ملاقات کی
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر سے پیر کے روز خیبر پختونخوا بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ آفس پشاور میں کینیڈا کی سرمایہ کار کمپنی ”ٹیٹان کاپر” اور ”پانا کاپر” کے نمائندوں نے ملاقات کی اور انکے ساتھ صوبے کے معدنی شعبے میں 50 ملین امریکی ڈالر تک کی انوسٹمنٹ کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں کنیڈین کمپنی کے کنٹری چیف ایگزیکٹیو آفیسر نبیل صادق نے معاون خصوصی کو کمپنی کے انوسٹمنٹ پلان، معدنی لیزوں کے حصول میں انکو درپیش چیلنجز اور دیگر امور سے آگاہ کیا اور بورڈ آف انوسٹمنٹ کے ذریعے بیرونی سرمایہ کاری میں تعاون کی گزارش کی۔اس موقع پر معاون خصوصی نے بورڈ آف انوسٹمنٹ کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ کنیڈین فرم کو یہاں پر سرمایہ کاری میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے۔ انھوں نے فرم کے نمائندوں سے کہا کہ وہ صوبے میں سرمایہ کاری کی صورت میں یہاں پر عالمی سطح پر کئے جانے والی بہتر مائننگ پریکٹسس کو اپنا کر مائننگ کرے۔ انھوں نے بورڈ کو ہدایت کی کہ وہ معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کے سلسلے میں سرمایہ کاروں کیلئے قوانین میں پائے جانے والی پیچیدگیوں کی نشاندہی کرے تاکہ ان کو سرمایہ کاروں کیلئے آسان بنایا جائے۔معاون خصوصی نے حکومت کی جانب سے کنیڈین فرم کو صوبے میں سرمایہ کاری کے سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہائی کرائی اور کہا کہ حکومت صوبے میں کینیڈا کی سرمایہ کاری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
