ڈپٹی کمشنر باجوڑ محمد انوار الحق کی زیر صدارت ڈی سی آفس میں 27 نومبر 2023 سے شروع ہونے والی انسدادپولیو مہم کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ کاشف ذوالفقار، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علی رضا، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریونیو فیض محمد، محکمہ صحت، ایجوکیشن، نمائندہ ڈبلیو ایچ او، اور دیگر متعلقہ اداروں کے سربراہان اور ڈی ای او سی کے ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں این اسٹاپ آفیسرڈاکٹر عبد الرحمن نے 27 نومبر سے شروع ہونے والے پولیو مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر باجوڑ نے تمام تر تیاریوں پر نظر ثانی کرنے کے بعد ڈی پی او باجوڑ کو پولیو فرنٹ لائن ورکرز کو مناسب اور بروقت سیکیورٹی کی فراہمی کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر باجوڑ نے DEOC ممبران کومہم کے دوران تحصیل سطح پر TPEC اجلاس کا انعقاد،مائیکرو پلان کی اپڈیشن، ٹیموں کی ٹریننگ اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کو 27 نومبر سے شروع ہونے والی پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کے سختی سے احکامات جاری کیں۔
نگران صوبائی وزیر صنعت و حرفت نے ڈیرہ اسماعیل خان میں قائم صنعتی زون میں تین نئے یونٹس کا افتتاح
خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے صنعت و حرفت، فنی تعلیم اور امور ضم اضلاع ڈاکٹرعامر عبد اللہ نے منگل کے روز ڈیرہ اسماعیل خان میں قائم صنعتی زون میں تین نئے یونٹس کا افتتاح اور دو کا سنگ بنیاد رکھا۔ ان نئے یونٹس میں فوڈ اور مشروبات کے کارخانوں سمیت ایل پی جی انرجی اور کیمیکلز کی صنعتیں شامل ہیں۔خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے تحت ان نئے یونٹس میں مجموعی طور پر تقریبا 660 ملین روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے اور ان سے تقریبا 15 سو افراد کو روزگار کے مواقع میسر آسکیں گے۔اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی نگران وزیر صنعت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حلال رزق عین عبادت ہے اور ڈیرہ اسماعیل خان میں اکنامک زون کے قیام سے نہ صرف یہاں پر کاروباری حضرات کو حلال رزق کمانے کے بہترین موقع میسر آسکیں گے بلکہ مقامی و دیگر افراد کیلئے ان صنعتوں میں باعزت روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے جو پورے خطے کیلئے ایک خوش آئند بات ہے۔انھوں نے کہا کہ مستقبل میں ڈیرہ اسماعیل خان میں سپیشل اکنامک زون کا قیام بھی عمل میں آ جائیگا جس سے یہاں پر مزید ترقی و خوشحالی کی راہیں کھلیں گی۔ انھوں نے کہا کہ چند سالوں میں نہ صرف اس زون کی کامیابی سامنے آئے گی بلکہ مزید ایسے زونز کے قیام کی ضرورت محسوس ہو گی تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب ملکر ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی اور مدد کریں۔ افتتاحی تقریب میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے پی ایزڈمک جاوید اقبال خٹک، ڈپٹی کمشنر منصور ارشد، زون منیجرڈیرہ اسماعیل خان اکنامک زون عمر علی ڈار سمیت دیگر انتظامی افسران،عوامی نمائندوں، انجمن تاجران کے عہدیداروں اور معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے پی ای زیڈ مک نے کہا کہ گزشتہ دو سال میں اس زون کا قیام عمل میں لایا گیا جو کہ انتہائی اہم منصوبہ ہے اور ایک سال کے دوران اس میں تمام انفراسٹرکچر ترتیب دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ فی الحال زون میں 12یونٹ فعال اور 14زیر تعمیر ہیں جبکہ پانچ یونٹس کا افتتاح کیا گیا ہے۔تقریب کے اختتام پر نگران وزیر نے سرمایہ کاروں میں شیلڈزبھی تقسیم کیں جبکہ بعد ازاں انہوں نے اکنامک زون کے احاطے میں پودے لگائے اور زون کی ترقی اور علاقے کی خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔
خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور میں عالمی یوم ذیابیطس کے حوالے سے مفت شوگر کیمپ کا انعقاد
عالمی سطح پر ہر سال 14 نومبر کو عالمی یوم ذیابیطس منایا جاتا ہے جس کا مقصد عوام میں ذیا بیطس مرض سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہی پھیلانا ہے اس سلسلے میں خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے پیڈز اور اینڈوکرینالوجی شعبہ جات کی جانب سے او پی ڈی میں مفت کیمپ لگائے گئے تھے. کیمپ کی سربراہی چیئر پرسن پیڈز وارڈ ڈاکٹر صباحت امیر، ڈاکٹر شازیہ بہار اور ڈاکٹر سلیمان الہی ملک نے کی، فری شوگر کیمپ میں نہ مصرف مریضوں کے معائنے کئے گئے بلکہ انکو ادویات بھی دی گئیں اس موقع پر لوگوں میں شوگر کے مرض سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم کی گئی جس میں احتیاطی تدابیر کے حوالے سے معلوماتی پمفلٹس اور کتابچے بھی تقسیم کیے گئے.اس موقع پر ڈاکٹرصباحت امیر کا کہنا تھا کہ پورے صوبے میں سال 2009 سے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں بچوں میں ذیابطیس کے حوالے سے مفت علاج فراہم کرنے کی سہولت موجود ہے ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام والدین کو کم از کم ان پانچ باتوں کی معلومات ضرور ہونی چاہیے تاکہ ان کو وقت پر پتہ چل سکے کہ ان کے بچے کو ذیابیطس کا مرض لاحق ہے جس میں بچے کو بار بار پیاس کا لگنا، بار بار چھوٹے پیشاب کا آنا یا خواب کے دوران پیشاب کا شروع ہو جانا، وزن میں کمی آنا، اور تھکاوٹ محسوس کرنا، ان علامات کی صورت میں بچے کو جلد از جلد ڈاکٹر کے پاس لے جائیں تاکہ اس کی بروقت تشخیص و علاج ممکن ہوسکے.خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے ذیابطیس کے ڈاکٹر سلیمان الہی ملک نے اس دن کے حوالے سے کہا کہ عالمی ادارہ برائے ذیابیطس (ائی ڈی ایف) کے 2021 کے سرویکے مطابق پاکستان میں تقریبا 33 ملین افراد کو ذیابطیس کا مرض لاحق ہے مطلب آبادی کے لحاظ سے 26 فیصد آبادی کو ذیابیطس ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اپنی خوراک کو متوازن کرنے کی ضرورت ہے انھوں نے لوگوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سبزیوں اور پھلوں کا استعمال زیادہ اور میٹھی چیزوں کا استعمال کم کریں اور روزانہ کی بنیاد پر کم از کم 20 سے 30 منٹ تک ورزش کریں اور اگر کسی کو شوگر ہو تو وہ ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق دوائیاں استعمال کرے اور پرہیز لازمی کرے۔
اسسٹنٹ کمشنر کرم نے انٹر سکولز کھیل مقابلوں کا افتتاح کیا، خوشی اور امن کا پیغام دینے میں شرکت۔
اسسٹنٹ کمشنرکرم حفیظ اللہ نے اپرکرم میں سالانہ انٹر سکولز کھیل مقابلوں کا افتتاح کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کرم نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، سپورٹس سیکرٹری اور سکولز سربراہان کے ہمراہ زون اے میں شامل سکولز کے بیچ کھیل مقابلوں کا افتتاح گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول شلوزان میں لقمان خیل اور ملانہ کے سکولز کے بیچ والی بال میچ سے کیا۔ اسی طرح زون بی کے لئے کھیل مقابلوں کا آج سے کچکینہ کے ہائی سکول میں کرکٹ میچ سے آغاز کیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر نے دونوں مقامات پر مختصر گفتگو کرتے ہوئے کھیلوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کرم کے باسیوں کو کھیل کود جیسی صحت مندانہ سرگرمیوں کے انعقاد کے ذریعے امن، محبت اور آشتی کا پیغام دینے پر محکمہ تعلیم کی کاوشوں کی تعریف کی۔ اے سی نے نوجوانوں میں امید پیدا کرکے ان کے چہروں پر خوشی لانے کے سپورٹس کمیٹی اور سکولز سربراہان کے شبانہ روز کوششوں کو سراہا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان کی زیرِ اہتمام ترقی پانے والے پولیس افسران کی تقریب
ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان ناصر محمود ستی نے کہا ہے کہ محکمانہ ترقی فرض شناس ملازمین کاحق ہے تاہم ترقی ملنے سے فرائض اور ذمہ داریوں میں اضافہ ہو جاتا ہے،جن کی دیانتدارانہ ادائیگی اگلی محکمانہ ترقی کی ضمانت ہوتی ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سب انسپکٹر سے انسپکٹرکے عہدے پر ترقی پانے والے پولیس افسران کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آر پی او ڈیرہ نے کہا کہ فرض شناسی کا دنیا میں پہلا تحفہ محکمانہ ترقی ہوتی ہے،ترقی کرنا ہر انسان کی خواہش اور اس کا بنیادی حق ہے لیکن ترقی پانے کی یہ خوشی اس وقت دوبالا ہو جاتی ہے جب اہلکار کو اگلے رینک کی ذمہ داریاں پوری کرنے کا احساس ہو۔آپ کو پہلے رینک پر فرض شناسی کا تحفہ محکمہ کی طرف سے محکمانہ ترقی کی صورت میں مل گیا اب آپ کی ذمہ داری ہے کہ اگلے رینک کی ذمہ داریوں اور فرائض کے تقاضوں کے مطابق عوام کی جان و مال کا تحفظ اور ظالموں کے خلاف مظلوم عوام کی دار رسی قانون کے مطابق کریں۔انسپکٹر کے عہدے پر ترقی پانے والے افسران میں صفدر خان، شاہ جہاں، منظور احمد، اصل دین اور عبدالطیف شامل ہیں۔
حکومت صوبے میں صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل اور صحافت کے فروغ کے لئے جامع اقدامات اٹھا رہی ہے۔
محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ حکومت خیبرپختونخوا کے سیکرٹری سید عبدالجبار شاہ نے کہا ہے کہ حکومت صوبے میں صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل اور صحافت کے فروغ کے لئے جامع اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز پشاور پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک سے بات چیت کے دوران کیا، جنہوں نے گریڈ 21 میں ترقی پانے پر سید عبدالجبار شاہ کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ اطلاعات علیم خان، ڈائریکٹر جنرل محکمہ اطلاعات محمد عمران، ڈپٹی سیکرٹری محمد خرم اور پشاور پریس کلب کے سابق صدر ایم ریاض بھی موجود تھے۔ عبدالجبار شاہ نے صوبے میں صحافیوں کی فلاح و بہبود اور صحافت کے فروغ کے لئے حکومت کے اقدامات کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر پشاور پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک نے کارکن صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے پشاور پریس کلب کی معاونت پر سیکرٹری اطلاعات اور محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کا شکریہ ادا کیا۔
صوبائی وزیر نے خواتین کی حوصلہ افزائی اور معاشرتی بہبود پر دوستی پشاور ویمن لٹریچر فیسٹیول سے خطاب
صوبائی وزیر برائے جیل خانہ جات، سماجی بہبود، ویمن ایمپاورمنٹ، جسٹس ریٹائرڈ قیصر ارشاد نے کہا ہے کہ ہماری خواتین میں بھر پور صلاحتیں موجود ہیں ضرورت انہیں اجاگر کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے کی ہے۔یہ باتیں انہوں نے 9 نومبر 2023 کو دوستی پشاور ویمن لٹریچر فیسٹیول کے پہلے ایڈیشن کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوکیا۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے اس طرح کی تقاریب کے انعقاد سے خواتین کی صلاحتیں نہ صرف ابھر کر سامنے آتی ہیں بلکہ وہ اپنا، صوبے اور ملک کا نام بھی روشن کر سکتی ہیں۔ انہوں نے پانچ روزہ ادبی میلے کے انعقاد پر منتظمین اور شرکا کو مبارکباد پیش کی۔
یہ تاریخی میلہ 6 نومبر سے 10 نومبر 2023 تک جاری رہا، جس میں خواتین مصنفین، ادب کے شائقین، فکری رہنماؤں اور شاعروں کو اکٹھا کیا گیا۔ فیسٹیول میں طلباء کی بڑی تعداد وقتاً فوقتاً ان سیشنز میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کرتی رہی، اس دن کی ایک اہم خصوصیت شہید بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی کے کیٹرنگ ہال میں یوم اقبال کی تقریب تھی جس میں متعدد مصنفین اور شاعروں نے شرکت کی اور علامہ اقبال کی شاعری، فلسفہ اور ہماری قوم کے لیے اتحاد کے شاندار پیغامات کو خراج تحسین پیش کیا۔
صوبائی وزیر جسٹس ریٹائرڈ قیصر ارشاد نے اس شعبے میں خواتین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں درکارقسم کی مدد کی یقین دہانی کرائی۔ تقریب کے گیسٹ آف آنر ڈاکٹر سید حسین شاہد سہروردی نے خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے خواتین کو بااختیار بنانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ہمارا مذہب خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں حقوق دیتا ہے۔اس موقع پر میلے کے بارے میں ایک دستاویزی ویڈیو مہمانوں اور سامعین کو دکھائی گئی جس میں میلے کے تمام واقعات کی تصویر کشی کی گئی۔ کہانی سنانے کے اثرات کو بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی کے شعبہ انگریزی کے طلباء نے ایک ایکٹ کی شکل میں دکھایا۔افغان بے گھر خواتین کو درپیش شناخت شدہ چیلنجز پر ایک پریزنٹیشن دائمن گل نے پیش کی۔ فیسٹیول کے انعقاد پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صفیہ احمد نے فیسٹیول کے منتظمین اور اسپانسرز کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کے اختتام پر پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والی نوجوان قابل خواتین میں شیلڈز اور ایوارڈز تقسیم کئے گئے۔
خیبرپختونخوا کے وزیر سیاحت کی لندن میں ورلڈ ٹریول مارٹ ایونٹ کے موقع پر سری لنکا کے وزیر سیاحت سے ملاقات
سیاحتی روابط بڑھانے کے لیے خیبرپختونخوا کے وزیر سیاحت، ثقافت و اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے ورلڈ ٹریول مارٹ ایونٹ کے موقع پر سری لنکا کے وزیر سیاحت ہارین فرنینڈو سے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیر سیاحت خیبرپختونخوا اور سری لنکن وزیر سیاحت نے خیبرپختونخوا اور سری لنکا کے درمیان مشترکہ ثقافتی اور تاریخی ورثے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سیاحت کے شعبے میں تعاون کی راہیں تلاش کرنے پر زور دیا۔بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے خیبرپختونخوا کے ثقافتی تنوع، تاریخی اہمیت اور قدرتی حسن پر روشنی ڈالی اور سری لنکا کو خیبرپختونخوا میں سیاحت کے شعبے میں موجود مواقعوں سے استفادہ کرنے کی دعوت دی۔ وزیر سیاحت خیبرپختونخوا نے پائیدار سیاحتی طریقوں کو فروغ دینے کے لئے خیبرپختونخوا حکومت کے وژن سے سری لنکن ہم منصب کو آگاہ کیا اور کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لئے سیاحتی شعبے میں بڑی گنجائش موجود ہے اور مل کر کام کرنے سے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی و سیاحتی تبادلوں کو بھی فروغ ملے گا۔ سری لنکن وزیر ہارین فرنینڈو نے سیاحت کے شعبے کو ترقی دینے میں خیبر پختونخوا کی کوششوں کی تعریف کی اور دونوں خطوں میں سیاحت کے لیے جدید طریقوں اور تکنیکی مہارت کے اشتراک میں دلچسپی ظاہر کی۔ ملاقات سیاحت کے ماہرین کے تبادلے، مشترکہ مارکیٹنگ کی کوششوں اور خیبر پختونخوا اور سری لنکا کے درمیان بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
ہیلتھ کلینک میں ڈی ایچ او کے زیر نگرانی افغان باشندوں کو صحت کی سہولیات مہا کی جارہی ہیں۔
آفغان بندرگاہ کے طور پر طورخم بارڈر پر واپسی کی مخصوص ترانزٹ کیمپس پر افغان باشندوں کی صحت کلینک قائم کی گئی ہے۔ ہیلتھ سروسز ڈائریکٹر جنرل کے ترجمان ڈاکٹر ارشاد روغانی کے مطابق، پشاور کے ہیلتھ کلینک میں ڈی ایچ او کے نظرانداز میں افغان باشندوں کی صحت کی خصوصی تدابیر کی جارہی ہیں۔ پچھلے سات دنوں میں 1 ہزار سے زائد افغان باشندوں کا طبی معائنہ کیا گیا ہے، جیسے کے ترجمان ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ارشاد روغانی نے بیان کیا۔ پشاور کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر لنڈی کوتل ہسپتال میں اب تک 45 افغان باشندوں کا مزید طبی تشخیص کیلئے ریفر کیا گیا ہے، اس کی ویڈیکل تیم کے ذریعے۔ اس ترانزٹ کیمپس میں تمام افغان باشندوں کو صحت کی مفت دیکھ بھال اور ضروری ادویات مہیا کی جارہی ہیں، ترجمان ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ارشاد روغانی نے اہمیت دی ہے۔
خیبرپختونخوا میں سیاحت کے شعبے میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں، وزیر سیاحت خیبر پختونخوا
لندن میں ‘ورلڈ ٹریول مارٹ’ایونٹ میں خیبر پختونخوا کے وزیر سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے وفاقی وزیر سیاحت وصی شاہ کے ہمراہ پاکستان خصوصاً صوبہ خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے افتتاحی تقریب میں شرکت کی. اس تقریب میں دنیا بھر سے آئے ہوئے مختلف مندوبین، سرمایہ کاروں اور سیاحوں نے شرکت کی، جنہوں نے ایونٹ کے پہلے روز پاکستان پویلین کے مختلف حصوں خصوصاً خیبرپختونخوا سٹال میں زیادہ دلچسپی کا اظہار کیا. اس موقع پر سیاحوں اور سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے اداروں اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتوں میں خیبرپختونخوا کے نگران وزیر سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے سیاحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے کئے گئے اقدامات، غیر ملکی سیاحوں کے لیے خیبرپختونخوا میں پرکشش مقامات اور روایتی سیاحت سے ہٹ کر مذہبی سیاحتی مواقعوں پر روشنی ڈالی. گفتگو کے دوران صوبائی وزیر سیاحت نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ پاکستان کو سیاحتی سرمایہ کاری کے لیے ایک اہم مقام سمجھیں، اور اس شعبے میں سرمایہ کاری کریں جس کے لئے صوبائی حکومت ہر قسم کے تعاون کے لئے تیار ہے. سیاحوں کو اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے دلکش مناظر جن میں سرسبز وادیاں اور شاندار پہاڑی چوٹیاں شامل ہیں، جہاں سیاح فطرت کے ساتھ ساتھ اہم مذہبی مقامات، خاص طور پر بدھ مت سے متعلق مقامات کی سیر پر امن ماحول میں کرسکتے ہیں. یاد رہے کہ خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی عالمی سیاحوں کی توجہ خیبرپختونخوا کی جانب مبذول کرنے کے لیے ورلڈ ٹریول مارٹ 2023 میں حصہ لے رہی ہے۔ ‘پاکستان پویلین میں ‘ خیبرپختونخوا سٹال لگایا گیا ہے، جہاں ثقافتی اور روایتی اشیاء، دستکاری، ملبوسات، دستاویزی فلمیں، بروشرز، پمفلٹس، اور دیگر سیاحتی مواد رکھے گئے ہیں اور سیاحوں اور سرمایہ کاروں کو بریفنگ دی جارہی ہے. یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ لندن میں ورلڈ ٹریول مارٹ دنیا کے سب سے بڑے ٹریول شوز میں سے ایک ہے، جو عالمی سفری خریداروں کو دنیا بھر میں 5,000 سے زیادہ مشہور مقامات اور برانڈز سے جوڑتا ہے۔ ایونٹ 8 نومبر 2023 تک جاری رہے گا۔
