وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ آئی ایم ایف کے تیارکردہ وفاقی بجٹ کے اثرات پہلے دن سے شروع ہوگئے ہیں۔ جعلی حکومت نے مالی سال کے پہلے دن عوام پر پٹرول بم گرادیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے اپنے چچا شہباز شریف کے چور ہونے پر مہر تصدیق ثبت کردی۔ مریم نواز کا قول ہے جب پٹرول اور بجلی مہنگا ہوجائے تو سمجھ لو ملک کا وزیراعظم چور ہے۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ پٹرول اور بجلی دونوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہے۔ نواز شریف کہا کرتے تھے رات کے اندھیرے میں پٹرول مہنگا کرنا عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے۔ پٹرول کی نئی قیمتوں سے پہلے سے بے قابو مہنگائی اب بے لگام ہوجائیگی۔ یہ تو آئی ایم ایف بجٹ کی شروعات ہے آگے آگے دیکھ ہوتا ہے کیا۔ عوامی مینڈیٹ سے منتخب حکومت عوامی مفادات سامنے رکھ کر فیصلے کرتی ہے لیکن مینڈیٹ چور حکومت کو عوام کی کوئی فکر نہیں۔
خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات ارشد ایوب خان نے لوکل کونسل بورڈ حیات آباد کے دفتر کا دورہ کیا
خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات ارشد ایوب خان نے لوکل کونسل بورڈ حیات آباد کے دفتر کا دورہ کیا جہاں پر انہیں مختلف سیکشنز کے بارے میں آگاہی دی گئی۔اچانک دورے کے دوران صوبائی وزیر نے عملے کی حاضری کا جائزہ لیا اور اسے یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔ صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ ہماری جماعت کا منشور ہے کہ ہر کام میرٹ پر ہونا چاہیے، آپ کسی سیاسی یا سرکاری دباؤ میں آئے بغیر اپنا کام سرانجام دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور اور مردان ڈویژنز کے ٹی ایم اوز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ داؤد خان بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر ارشد ایوب نے کہا کہ اپنے پیٹرول کے اخراجات کو کم سے کم کیا جائے چھوٹی ٹی ایم اوز کا بھی 10 لاکھ روپے ماہانہ پٹرول بل آ رہا ہے جو کہ قابل قبول نہیں ہے۔ اس نظام کو ہمیں جلد از جلد ٹھیک کرنا ہوگا تاکہ عوام اس سے مستفید ہو سکیں، اگر ایسا نہ ہوا تو ہم مزید مالی خسارے میں چلے جائیں گے۔ جو ٹی ایم اوز کام کریں گی ان کے کام کو سراہا جائے گا اس لئے کسی کے کہنے پر کوئی غلط کام نہ کیا جائے اگر کوئی پوسٹنگ ٹرانسفر کی دھمکی دیتا ہے تو ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ ہمیں اپنے ٹی ایم ایز کے نظام کو خود مختار بنانا چاہیے تاکہ حکومت پر کوئی مالی بوجھ نہ پڑے۔اگلے ہفتے سے تمام سینیٹیشن گاڑیوں میں ٹریکنگ سسٹم لگا دیا جائے گا تاکہ پیٹرول کا بے دریغ اور غلط استعمال نہ ہو سکے۔
خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی کی زیر صدارت لوکل ایجوکیشن گروپ ایل ای جی کا اجلاس منعقد ہوا
خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی کی زیر صدارت لوکل ایجوکیشن گروپ ایل ای جی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبہ بھر کے تمام تعلیمی شعبے میں کام کرنے والے پارٹنرز نے شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا کہ تعلیمی نظام میں کام کرنے والے ڈونرز، غیر سرکاری تنظیموں، سرکاری اداروں اور محکمہ تعلیم کے ذیلی اداروں کے لیے لازم ہے کہ وہ سکول سے باہر طلبہ کو سکولوں میں لانے اور آؤٹ آف سکول شرح کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ باہمی اشتراک سے ایسی پالیسی وضع کی جائے جو کہ قابل عمل ہو، انہوں نے ہدایت کی کہ آزمائشی بنیاد پر کچھ اضلاع کا انتخاب کر کے وہاں تعلیمی سرگرمیوں کا اجراء کیا جائے گا۔ ڈبل شفٹ سکولز پروگرامز، اے ایل پی سینٹرز، داخلہ مہم، خصوصی اقدامات، ای سی ای رومز اور دیگر اہم پروگرامز پائلٹ پراجیکٹ کے تحت منتخب کردہ اضلاع میں شروع ہوں گے۔ شرح خواندگی بڑھنے آؤٹ آف سکول ریشو کو کنٹرول کرنے اورتعلیم کے معیارمیں بہتری لانے کے بعد پروگرام کو صوبے کے دیگر تمام اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لوکل ایجوکیشن گروپ ایل ای جی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں سیکرٹری ایجوکیشن مسعود احمد سپیشل سیکرٹری اسفندیار خٹک پارٹنر ارگنائزیشنز ان سی ایچ ڈی، یونیسیف، ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن، جی ائی زی اور دیگر سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ وزیر تعلیم نے ہدایت دی کہ پائلٹ شدہ اضلاع میں کم شرح خواندگی اور کمزور اضلاع بشمول وہ علاقے شامل ہو جہاں پر خواتین کی تعلیمی شرح کم ہو انہوں نے کہا کہ تمام ایجوکیشن گروپ ممبرز کی ذمہ داری ہوگی کہ خواتین کی شرح خواندگی بڑھانے کے لیے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح خواتین کی تعلیم ہے اور محکمہ تعلیم کے زیادہ تر وسائل گرلز ایجوکیشن پر خرچ کئے جائیں گے۔ انہوں نے این سی ایچ ڈی ادارے کے تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلیم کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسز،ڈی پی ڈی، ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی، ڈی سی ٹی ای، ٹیکسٹ بک بورڈ اور دیگر تمام زیلی اداروں کی خدمات ان کو حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تعلیم پر اربوں روپے خرچ کر کے تعلیم کو اولین ترجیح قرار رہی دے رہی ہیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ ہمارے اصلاحات کی بدولت صوبے کی تعلیمی نظام میں بہت بہتری آئی ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں اساتذہ سسٹم میں شامل کئے جا چکے ہیں۔ تاہم ابھی بھی مزید اقدامات کی ضرورت ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ تمام سٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر ان کے تجربات سے فوائد حاصل کر کے صوبے کے تعلیمی نظام میں بہتری لائی جائے۔ وزیر تعلیم نے تمام سٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عنقریب دوسرے اجلاس میں تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے روڈ میپ تیار کر کے عملی کام شروع کیا جائے گا۔
وزیر صحت سید قاسم علی شاہ کی طرف سے کینٹ جنرل ہسپتال پشاور کو ادویات کا عطیہ
خیبر پختونخوا کے وزیر صحت سید قاسم علی شاہ کی طرف سے کینٹ جنرل ہسپتال پشاور کو ادویات کا عطیہ دیا گیا ہے، ادویات کا عطیہ ممبر کینٹ بورڈ محمداُسید سیٹھی اور ایگزیکٹیو آفیسر کینٹ بورڈ پشاور کی درخواست پر فراہم کیا گیا۔ وزیر صحت کا اس موقع پر کہنا تھا کہ کینٹ بورڈ ہسپتال نوتھیہ، سواتی پھاٹک، گلبرگ، لال کرتی، کالا باڑی اور لنڈی ارباب سمیت دیگر ملحقہ علاقوں کے عوام کو صحت کی بہتر خدمات فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان ادویات میں گولیاں، شربت وائل و دیگر ضروری ادویات شامل ہیں۔ وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے یہ بھی بتایا کہ اس اقدام سے ملحقہ علاقوں کے عوام کو صحت کی بہترین سہولیات مہیا ہونگیں جبکہ ادویات کی بلا تعطل فراہمی بھی یقینی ہو جائے۔ ادویات کی فراہمی پر کینٹ بورڈ کے وائس پریزیڈنٹ ید اللہ بنگش، ممبر محمد اسید سیٹھی، نعیم بخش نعمان فاروق اور علی جان نے عوام کی جانب سے وزیر صحت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر نے حیات آباد پشاور میں
وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر نے حیات آباد پشاور میں پاکستان انجینئرنگ کونسل کے تعاون سے انجینئرنگ یونیورسٹیوں کے ساتویں فائنل ائیر انجینئرنگ ڈیزائن پراجیکٹس ایکسپو 2024 کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ مذکورہ نمائش میں صوبہ بھر کی مختلف انجینئرنگ یونیورسٹیوں کے طلبہ کی جانب سے تیار کردہ مختلف انجینئرنگ پراجیکٹس کے ماڈلز رکھے گئے تھے۔نمائش کی منعقدہ تقریب میں پاکستان انجینئرنگ کونسل کے ایڈوائزر انجینئر میر مسعود رشید، ایڈیشنل رجسٹرار انجینئر جہانزیب خان اور متعدد یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز و دیگر حکام نے شرکت کی۔ معاون خصوصی نے نمائش میں یونیورسٹیوں کے طلبہ کی جانب سے بنایے گئے انجینئرنگ ماڈلز کا معائنہ بھی کیا اور ان میں گہری دلچسپی ظاہر کی جبکہ طلبہ کی تخلیقی کوششوں پر انکی حوصلہ افزائی کی۔انھوں نے اس موقع پر پاکستان انجینئرنگ کونسل کے تعاون سے چھ مہینے پر محیط فیلڈ انٹرنشپ مکمل کرنے والے انجینئرنگ طلبہ میں سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کیئے۔معاون خصوصی نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مختلف انڈسٹریز میں تیکنیکی تربیت کیلئے 5 فیصد طلبہ کو انٹرنشپ پر رکھنے کیلئے ایکٹ بن گیا ہے اور اب اس کے لئے رولز بنیں گے تاکہ بلاکسی مالی مشکلات طلبہ پریکٹیکل ہنر سیکھیں۔انھوں نے کہا کہ ہماری یہ سوچ ہے کہ یونیورسٹیوں اور فنی تعلیمی اداروں کے سلیبس میں انٹرپرینیورشپ کا جز ہونا چاہیئے کیونکہ عملی زندگی میں کامیاب لوگوں نے اپنی کیرئر کا آغاز ہی انٹرپرینیورشپ سے کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سٹارٹ آپس اور کلسٹر ڈویلپمنٹ کیلئے 5 ارب روپے تک کے مفت قرضہ جات کا بڑا منصوبہ شروع کررہی ہے جس سے طلبہ استفادہ اٹھا سکتے ہیں۔معاون خصوصی نے طلبہ سے کہا کہ ہماری نسل میں کسی بھی چیز کی کمی نہیں اور وہ انتہائی ذہین اور باصلاحیت ہیں لہذا وہ اپنی تخلیقات اور برانڈز کو کارامد بنانے کیلئے ان کی مارکیٹنگ کریں جبک بورڈ آف انوسٹمنٹ کے ذریعے بھی وہ مدد لے سکتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ طلبہ اپنی ان تخلیقات کو پھیلائیں کیونکہ ہم نے ہر پہلو سے اس صوبے کو اٹھانا ہے۔انھوں نے اس موقع پر ایکسپو کے انعقاد پر پاکستان انجینئرنگ کونسل کا شکریہ ادا کیا اور طلبہ کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔تقریب کے آخر میں معاون خصوصی کو پی ای سی کی جانب سے شیلڈ بھی پیش کی گئی۔
خیبر پختونخوا کے وزیر برائے مال نذیر احمد عباسی نے کہا ہے
خیبر پختونخوا کے وزیر برائے مال نذیر احمد عباسی نے کہا ہے کہ ضلع ایبٹ آباد میں سکولوں کی خستہ حالی، بنیادی ضروریات اور اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ اسی سلسلے میں صوبائی وزیر مال کے ساتھ ڈائریکٹریس ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ثمینہ الطاف کی منگل کے روز پشاور میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ضلع ایبٹ آباد کے تعلیمی اخراجات، مسائل اور دیگر آمور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔صوبائی وزیر مال نے ہدایت کی کہ ضلع ایبٹ آباد کے بچے اور بچیوں کو معیاری تعلیم دلوانے، دور جدید کے تقاضوں کے مطابق تعلیم کے حصول کو ممکن بنانے اور بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے کیلئے محکمہ تعلیم کی تمام تر صلاحیتیں اور وسائل کو بروئے کار لایا جائے اور اس زمرے میں کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں مزید ہدایت کی کہ پہاڑی علاقے ہونے کے ناطے اکثر دور دراز کے سکولوں میں اساتذہ کی کمی اور غیر حاضری کی شکایات موصول ہوتی ہیں جن کا فوراً حل نکلوایا جائے اور سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی حاضری کو بھی یقینی بنوانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔ڈائریکٹریس ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ثمینہ الطاف نے صوبائی وزیر مال کو ضلع ایبٹ آباد کے تعلیمی نظام کو بہتر بنانے اور سکولوں کو جدید تعلیمی سہولیات سے آراستہ کرنے کے حوالے سے یقین دہانی کروائی اور کہا کہ تعلیمی ایمرجنسی کے نام سے ضلع ایبٹ آباد کے لیے ایک جامع پلان تیار کروایا جائے گا جس کے تحت ضلع کے تمام تعلیمی مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر جلد از جلد حل کروانے میں مدد ملے گی۔
ورلڈ سپورٹس جرنلسٹس ڈے کے حوالے سے خیبر پختونخوا اسمبلی میں تقریب
> مشیر کھیل سید فخر جہان کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت
خیبر پختونخوا رائٹرز ایسوسی ایشن نے پاکستان سپورٹس رائٹرز فیڈریشن اور سپورٹس جرنلسٹس کی عالمی تنظیم اے آئی پی ایس کے تعاون سے ورلڈ جرنلسٹس ڈے منایا جبکہ اس موقع پر اے آئی پی ایس کے سو سال مکمل ہونے پر سالگرہ کیک بھی کاٹا گیا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان اس حوالے سے صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں منعقدہ پر وقار تقریب میں مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں کرکٹر محمد رضوان، سکواش کے سابق عالمی چیمپئن شپ قمر زمان، اے آئی پی ایس ایشیا کے سیکرٹری امجد عزیز ملک، پشاور پریس کلب کے سابق صدر ایم ریاض، سپورٹس رائٹرز ایسوسی خیبر پختونخوا کے صدر عاصم شیراز، سابق اولمپئن رحیم خان، پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ، پشاور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر اصغر علی خان، سابق ایم پی اے ڈاکٹر ذاکر شاہ، کھلاڑیوں، آرگنائزرز، خصوصی کھلاڑیوں، سپورٹس جرنلسٹس اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ عالمی یوم اس عزم کے ساتھ منایا گیا کہ سوشل میڈیا کے عروج میں فیک نیوز کی روک تھام کے لئے سپورٹس جرنلسٹس کی استعداد کار بڑھائی جائے گی جس کے لئے ورکشاپس اور سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر سید فخر جہان نے عالمی یوم کے موقع پر سپورٹس جرنلسٹس اور اے آئی پی ایس کو مبارکباد دی اور کہا کہ کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود میں سپورٹس جرنلسٹس کا بڑا کردار ہے۔انھوں نے کہا کہ صحافی مثبت انداز میں کام کر کے صوبے اور کھلاڑیوں کو قومی اور عالمی سطح پر روشناس کرا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرپراونشل گیمز اور ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔ ہارس شو بھی ہوگا جبکہ رائیڈنگ کلب اور کھیلوں کے میدان بنا رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ حیات آباد سپورٹس کمپلیکس کو مکمل کرلیا ہے اورقیوم سپورٹس کمپلیکس میں چھوٹے چھوٹے کام جلد مکمل کئے جائیں گے۔مشیر کھیل کا مزید کہنا تھا کہ ضم اضلاع میں چار سپورٹس کمپلیکس تکمیل کے مراحل میں ہیں اور کوشش کر رہے ہیں کہ ستمبر میں ان کا افتتاح کیا جائے۔انھوں نے کہا کہ سکول سطح پر کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کرایا جائے گا اورملک اور بیرون ملک کھیلنے جانے والے کھلاڑیوں کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔اسی طرح کھلاڑیوں کو ماہانہ اعزازیہ دیا جائے گا اورٹیلنٹ کو سامنے لاکر نکھارا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اراکین اسمبلی اور محکموں کے افسران و دیگر شعبوں کے کرکٹ میچز کرائے جائیں گے۔ تقریب میں کرکٹر محمد رضوان، امجد عزیز ملک، رحیم خان اور عاصم شیراز نے بھی خطاب کیا۔
وزیر مواصلات و تعمیرات کا دلہ زاک روڈ کے تعمیراتی کام میں تاخیر پر نوٹس
خیبر پختونخوا کے وزیر مواصلات و تعمیرات شکیل احمد نے پشاور دلہ زاک روڈ کے تعمیراتی کام میں تاخیر اور سست روی کا سخت نوٹس لیا ہے۔اس حوالے سے انہوں نے دلہ زاک روڈ کا اچانک معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کا خود تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر محکمہ کے متعلقہ افسران بھی موجود تھے دورے کے دوران صوبائی وزیر نے علاقے کے معززین سے روڈ کے تعمیرارتی کام سے متعلق آگہی حاصل کی۔انہیں بتایا گیا کہ اس عوامی منصوبے پر کام کئی مہینوں سے بند ہے اور اس سے مقامی آبادی اور عوام کوسفر کرنے میں بڑی مشکلات کا سامنا ہے خاص طور پر سڑک کے درمیان موجود بجلی کے کھمبے آئے روزحادثات کا سبب بنتے ہیں۔ صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نے ہدایت کی کہ محکمہ واپڈا سے اس منصوبے کے معاملہ کی اچھی طرح سے پیروی کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس پرجیکٹ کے لئے فنڈز دستیاب ہیں اور واپڈا کو بھی مذکورہ مد میں رقوم فراہم کی گئی ہیں لیکن اس کے باوجود یہ پراجکیٹ پہلے ہی بڑی تاخیر کا شکار رہا ہے اور اس میں مزید تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔صوبائی وزیرمواصلات و تعمیرات نے بعدازاں دو کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والی مشئی شریف سڑک کا بھی با ضابطہ افتتاح کیا اس موقع پر افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کے ایجنڈے میں کرپشن کا خاتمہ سرفرست ہے اور ہم تمام اداروں کو کرپشن سے پاک اور بااختیار بنانا چاہتے ہیں تاکہ وہ عوام کی بہتر طریقے سے خدمات سرانجام دے سکیں۔انھوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ صوبے میں تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور بہتر معیارکو ہر حال میں یقینی بنانا ہوگا جس پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے انسدادِ بدعنوانی بریگیڈیئر (ر) محمد مصدق عباسی کی زیر صدارت انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی پہلی ماہانہ کھلی کچہری
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے انسدادِ بدعنوانی بریگیڈیئر (ر) محمد مصدق عباسی کی زیر صدارت انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی پہلی ماہانہ کھلی کچہری ڈائریکٹوریٹ آف انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پشاور میں منگل کے روز منعقد ہوئی جس میں ڈائریکٹر انٹی کرپشن رب نواز خان سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی اور سائلین کی شکایات تفصیل سے سنیں۔کھلی کچہری کا انعقاد پشاور کے علاوہ ڈائریکٹوریٹ آف انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے ریجنل دفاترنوشہرہ، مردان، سوات، مالاکنڈ، آبیٹ آباد،کوہاٹ،بنوں، ڈی آئی خان اور مانسہرہ میں بھی کیا گیا اورانٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے اعداد و شمار کے مطابق 544 سے زائد افراد نے کھلی کچہری میں شرکت کی جبکہ 52 شکایات درج کی گئیں۔ کھلی کچہری میں گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے انسداد بدعنوانی بریگیڈیئر ر مصدق عباسی نے کہاکہ سرکاری اداروں میں بدعنوانی کا خاتمہ انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کا بنیادی مینڈیٹ ہے۔ انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ شکایت کنندگان کا معاون ادارہ ہے۔کسی بھی محکمے میں اختیارات کا غلط استعمال ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ جو بھی سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے یا غبن کرنے میں ملوث ہو اس سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ بریگیڈیئر (ر) محمد مصدق عباسی نے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کی تشہیر کی روک تھام کیلئے متعلقہ اداروں سے ملکر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تشہیری ادارے تشہیری مہم اجازت نامے اور دیگر لوازمات کی تصدیق کے بعد کریں۔ شہری ہاؤسنگ سوسائٹیز میں پلاٹ کی خریداری سے پہلے متعلقہ اجازت ناموں ا ور دستاویزات کی تصدیق لازمی کریں تاکہ بعد میں مسائل و پریشانی کا سامنا نہ کرنے پڑے اور قیمتی سرمایہ ضائع ہونے سے بچ جائے۔ کھلی کچہری میں شہریوں نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے حوالے سے شکایات پیش کیں۔ اسی طرح مختلف سرکاری محکموں میں ٹھیکوں اور خریداری میں متعلقہ قوانین پر عمل نہ کرنے کی شکایت پر معاون حصوصی بریگیڈیئر (ر)مصدق عباسی نے ٹھیکوں اور خریداری کی تفصیل کیپرا سے حاصل کرنے کی ہدایت کی اور بے ضابطگی ثابت ہونے پر کاروائی کی ہدایت کی۔ اسی طرح محکمہ جنگلات مانسہرہ سے متعلق شہری کی شکایت پر ترجیحی بنیادوں پر کاروائی کی ہدایت کی گئی۔ کوآپریٹیو سوسائٹی تاروجبہ نوشہرہ میں بائی لاز کے عدم نافذ اوردکانوں کے غیر قانونی الاٹمنٹ کے حوالے سے شکایات پر معاون خصوصی نے شکایات کی تصدیق کی ہدایت کی۔ معاون خصوصی بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی نے درج شکایات کے حوالے سے انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ حکام کو درج شکایات کو ٹریک کرتے ہوئے ان پرپیشرفت اور کارروائی سے آگاہ رکھنے کی ہدایت کی۔ شہریوں نے معاون خصوصی بریگیڈیئر (ر)مصدق عباسی کی جانب سے کھلی کچہری کی انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد سے محکمے ا ور عوام میں فاصلے کم ہونگے۔ انٹی کرپشن کے ریجنل دفاتر میں بھی کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جہاں پر عوامی شکایات و مسائل سنے گئے۔
مون سون بارشوں اور سیلاب کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے اقدامات، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی زیر صدارت اجلاس
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی زیرصدارت پیر کے روز مون سون بارشوں اور سیلاب کے نقصانات سے بچنے کیلئے پیشگی اقدامات کے بارے میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ و قبائلی امور، متعلقہ انتظامی سیکرٹریز سمیت آرمی، ریسکیو، پی ڈی ایم اے سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔اجلاس میں جن علاقوں میں فلیش فلڈز کا خطرہ موجود ہے وہاں ضروری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ ریلیف کی جانب سے مون سون پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 2022 کے سیلاب کو مدنظر رکھتے ہوئے حفاظتی اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ تمام محکموں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد مون سون پلان ترتیب دیا گیا ہے۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ طوفانی بارشوں، آندھی اور سیلاب کے نتیجے میں نقصانات سے بچنے کیلئے تمام ادارے پیشگی اقدامات بروقت مکمل کریں۔ سیاحتی اضلاع میں سیاحوں کی آمد کے پیش نظر اقدامات کئے جائیں۔شہروں میں اربن فلڈنگ کی روک تھام کے لئے تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں اور ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔دریاؤں اور نالوں کے اطراف سیلاب سے بچاو کے لئے حفاظتی بندوں کا معائنہ کیا جائے اور حفاظتی انتظامات پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ضلعی انتظامیہ دریاؤں اور نالوں کے اطراف غیر قانونی تعمیرات اور ناجائز تجاوزات کیخلاف کاروائیاں جاری رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے بچاؤ کے لئے فنڈز کی دستیابی یقینی بنائی جارہی ہے۔ چیف سیکرٹری کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب کے خطرے سے دوچار اضلاع میں انتظامیہ پہلے سے اشیائے خوردونوش، پیٹرول اور ادویات کا وافر ذخیرہ یقینی بنائیں۔ چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کو کم سے کم کرنے کیلئے بروقت اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مون سون بارشوں کے دوران ضلعی انتظامیہ کے افسران اپنے ڈیوٹی اسٹیشن میں موجود رہیں اور صورتحال پر نظر رکھیں۔
