Home Blog Page 293

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا حاملہ خواتین کے لیے صحت بخش غذا کی فراہمی کا خصوصی پیکج منظور۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپورنے ماں اور بچے کی صحت اور نوزائیدہ بچوں کی بہتر نشونما کیلئے ایک اہم قدم کے طور پر پسماندہ علاقوں میں حاملہ خواتین کو صحت بخش غذا کی فراہمی کیلئے خصوصی پیکج دینے کااصولی فیصلہ کیا ہے، پیکج کے تحت ان علاقوں میں حاملہ خواتین کو مخصوص عرصے کےلئے صحت بخش غذا فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو صوبے میں دوران زچگی شرح اموات کو کم سے کم کرنے کےلئے ٹھوس اقدامات کی ہدایت کی ہے اور اس سلسلے میں مڈ وائفری کے شعبے کو مستحکم کرنے اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس مقصد کےلئے شراکت دار اداروں کے تعاون سے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔یہ فیصلے انہوں نے منگل کے روز پراونشل پاپولیشن ٹاسک فورس کے چوتھے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کئے۔ اجلاس میں زچگی کے دوران اموات کی شرح کو کم کرنے اور نوزائیدہ بچوں کی بہتر نشونما کےلئے چائلڈ میرج ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کروانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔صوبائی کابینہ اراکین ارشد ایوب ،عدنان قادری، آفتاب عالم، مینا خان آفریدی ، فیصل ترکئی ، بیرسٹر محمد علی سیف ، مز مل اسلم، فخرجہان، مشعال یوسفزئی، لیاقت علی خان کے علاوہ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری سید امتیاز حسین شاہ،وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، متعلقہ انتظامی سیکرٹریز ، محکمہ بہبود آبادی اور شراکت دار اداروں کے اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں نکاح ناموں میں بلڈ ٹیسٹ کو لازمی قرار دینے کے قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے اور متعلقہ حکام کو شادی سے پہلے بلڈ ٹیسٹ کےلئے مقامی سطح پر سہولیات کی فراہمی کےلئے اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔ اجلاس میں خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات اور سہولیات تک لوگوں کی رسائی آسان بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا اور اس مقصد کےلئے محکمہ صحت کے تمام مراکز میں خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات و سہولیات کی فراہمی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں لوگوں کو خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق بڑے پیمانے پر آگاہی دینے کےلئے خصوصی مہم شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، اس مقصد کےلئے دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ کےلئے سیمینارز بھی منعقد کئے جائیں گے ۔ ٹاسک فورس اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ دیگر صوبوں کی نسبت خیبرپختونخوا کی آبادی میں اضافے کی شرح سب سے کم ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے ملک کے لئے ایک چیلنج ہے ، اس سے نمٹنے کےلئے مربوط اور بروقت اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آباد ی اور وسائل کے درمیان توازن قائم کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے ، اس مقصد کےلئے حکومت ، شراکت دار اداروں اور نجی شعبے کو ملکر کام کرنا ہوگا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دوران زچگی اموات ، نوزائیدہ بچوں کی اموات اور بچوں کی کمزور نشونما کے مسائل پر خصوصی توجہ دی جائے، ان مسائل کی نشاندہی کرکے ان کے حل کےلئے قابل عمل پلان تیار کیا جائے ۔ نئے بہبود آبادی مراکز ان علاقوں میں قائم کئے جائیں جہاں صحت کے مراکز دستیاب نہیں ، صوبے میں مڈ وائفری کے شعبے کو مضبوط بنانے کےلئے شراکت دار اداروں کے تعاون سے پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے۔

وزیر صحت خیبرپختونخوا قاسم علی شاہ کی ترقیاتی سکیموں اور دیگر اقدامات بارے پریس کانفرنس

صحت کی اے ڈی پی سکیموں کیلئے 232 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، 89 جاری اور 32 نئی سکیمیں ہیں،صوبے میں کچھ ہی مہینوں میں ائیر ایمبولینس، برین ٹیومر کے علاج کیلئے گاما نائف ریز سنٹر کا قیام، طالبعلم موسٰی کی حادثاتی موت پر انتہائی افسوس ہے، آئی سی یو بیڈز بڑحارہے ہیں، روبوٹیک سرجریز متعارف کررہے ہیں، موٹر بائیک رسپانس یونٹ، حیات آباد کوہیلتھ سٹی بنارہے ہیں، ایگزیکٹیو ہیلتھ چیک اپ تمام ہسپتالوں میں شروع ہوچکاہے، وزیر اعلٰی جلد افتتاح کرینگے، نوشہرہ ہسپتال ویڈیو سکینڈل میں ملوث افراد کو معطل کردیا ہے: وزیر صحت سید قاسم علی شاہ کا پریس کانفرنس کے دوران اظہار خیال

وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے محکمہ صحت کے ترقیاتی پروگرام اور دیگر اقدامات بارے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحت کی اے ڈی پی سکیموں کیلئے 232 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جن میں 89 جاری اور 32 نئی سکیمیں شامل ہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سیکرٹری ہیلتھ محمود اسلم وزیر اور ڈائریکٹرجنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر محمد سلیم اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایڈمنسٹریشن ڈاکتر سراج بھی موجود تھے۔ وزیر صحت نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ پہاڑی علاقوں تک رسائی حاصل کرنے کیلئے صوبے میں کچھ ہی مہینوں میں ائیر ایمبولینس سروس کا آغاز کررہے ہیں۔ برین ٹیومر کے علاج کیلئے گاما نائف ریز سنٹر کا قیام عمل میں لارہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر صحت نے بتایا کہ طالبعلم موسٰی کی حادثاتی موت پر انتہائی افسوس ہے۔آئی سی یو بیڈز بڑحارہے ہیں۔ نوشہرہ ہسپتال ویڈیو سکینڈل میں ملوث افراد کو معطل کردیا ہے۔وزیر صحت نے بتایا کہ روبوٹیک سرجریز متعارف کررہے ہیں جس سے وقت وسائل دونوں کی بچت ہوگی۔ دیہی علاقوں میں ہیلتھ ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے موٹر بائیک رسپانس یونٹ قائم کررہے ہیں جبکہ حیات آباد کوہیلتھ سٹی قرار دینے کیلئے منصوبہ بندی کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بُزرگ شہریوں کے باوقار طریقے سے مفت علاج کیلئے ایگزیکٹیو ہیلتھ چیک اپ تمام ہسپتالوں میں شروع ہوچکاہے جس کا باقاعدہ افتتاح وزیر اعلٰی علی امین گنڈاپور جلد کرینگے۔ سید قاسم علی شاہ نے مزید بتایا کہ اس بجٹ میں ریزرو فنڈ مختص کیا گیا ہے تاکہ کسی کا علاج نہ رکے۔ ہم ڈاکٹروں اور نرسوں کا پول بنارہے ہیں۔ جس میں کنٹریکٹ کی بنیاد پر ہسپتالوں میں سٹاف کی کمی کو پورا کیا جائے گا۔ ریجنز میں ٹراما سنٹرز بنانے ہیں تاکہ سٹیبل مریض کو ریفر کیا جاسکے۔ مریضوں کا 60 فیصد سے زیادہ بوجھ پشاور کے اسپتالوں پر ہے۔ اسپتالوں میں صرف آئی سی یو بیڈز کو بڑھانا کافی نہیں ہوگا.

صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں رنگ و نسل سے ہٹ کر امن و امان کے قیام کیلئے مل کر جدوجہد کرنی ہوگی

صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں رنگ و نسل سے ہٹ کر امن و امان کے قیام کیلئے مل کر جدوجہد کرنی ہوگی امن و امان کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے آج اگر ہم نے امن کی بحالی کیلئے مل کر کردار ادا نہ کیا تو کل امن لانے کا خواب ادھورا رہ جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنوں دو سڑک کے مقام پر دو افراد کے قتل کے خلاف دیئے گئے دھرنے میں شرکت کے موقع پر کیا اس موقع پر سابق صوبائی اسمبلی کے امیدوار حاجی ملک محمد اللہ داوڑ, معصوم وزیر و دیگر بھی موجود تھے صوبائی وزیر پختون یار خان کا کہنا تھا کہ روانہ اس قسم کے واقعات پیش ہو رہے ہیں لاشوں کو دیکھ کر غم زدہ ہوں مزید ہم لاشیں اٹھانے کے متحمل نہیں ہو سکتے امن و امان کی طرف بڑھنا ہوگا امن و امان کا قیام حکومت کے ساتھ مل کر لانا ہوگا انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا حکومت پسماندگان کے ساتھ غم کی اس گھڑی میں برابر کی شریک ہے خیبر پختونخوا کی حکومت عوام کو خوشحالی,امن اور ترقی دینے کیلئے کوشاں ہے ہماری حکومت کی پہلی کوشش یہ ہوگی کہ ہم مشترکہ طور پر امن قائم کرسکیں کیونکہ امن کسی ایک فرد کا مسئلہ نہیں بلکہ ہم سبھی کا مشترکہ مسئلہ ہے اب امن و امان کے قیام کیلئے اکھٹے ہونے کا وقت آگیا ہے انہوں نے کہاکہ غم زدہ خاندانوں کو تسلی دیتا ہوں کہ خیبر پختونخوا کی حکومت آپ کے ساتھ کھڑی ہے اکیلا نہیں چھوڑے گی انہوں نے کہا کہ امن کے حوالے سے سنجیدگی کے ساتھ سب کو سوچنا ہوگا اور اس بارے میں مشترکہ طور پر عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ہم اپنے سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ان عناصر کے خلاف متحد ہوں گے تو تب ہی ان کو شکست دے سکیں گے اور علاقے کو امن ک گہوارہ بنا سکیں گے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا خراب ٹرانسفارمرز کی فوری مرمت اور بجلی لوڈشیڈنگ پر سخت احکامات جاری

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپورنے تمام ڈویژنل کمشنرز اورڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی کے پیش نظر خراب ٹرانسفارمر زکی مرمت کا فوری بندوبست کیاجائے ، صوبائی حکومت اس مقصد کیلئے ضلعی انتظامیہ کو درکار فنڈز فراہم کرے گی ۔اُنہوں نے مزید ہدایت کی کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کم سے کم کرنے کیلئے متعلقہ واپڈا اہلکاروں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے ۔ بجلی لوڈ شیڈنگ سے متعلق جو شیڈول جاری ہوا ہے اس سے ہٹ کر ایک منٹ کی بھی لوڈ شیڈنگ برداشت نہیں کی جائے گی ۔ یہ ہدایات اُنہوںنے پیر کے روز وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں منعقدہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرزکے ایک اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے جاری کیں۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم کے علاوہ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سید امتیاز حسین شاہ ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان ، سیکرٹری خزانہ عامر سلطان ترین بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ ویڈیولنک اجلاس میں شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ صوبائی حکومت کی پالیسی پر عمل درآمد کیلئے فرنٹ لائن ٹیم ہیں، انہیں عوام کو ریلیف دینے اور حکومت کی گڈ گورننس حکمت عملی پر عمل درآمد کیلئے روایتی طریقہ کار سے ہٹ کرکام کرنا ہو گا ، کسی سے کوئی انتقام نہیں لیا جائے گا، سرکاری اہلکار تسلی سے عوام کی خدمت کریں۔ ہم انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے اور نہ ہی سیاسی انتقام کی بنیاد پر کسی افسر کا تبادلہ کیا جائے گا۔ اُنہوںنے واضح کیا کہ سرکاری اہلکاروں کی ٹرانسفر/ پوسٹنگ صرف اور صرف کارکردگی کی بنیاد پر ہو گی، اگر کسی اہلکار کی کارکردگی قابل اطمینان نہیں ہو گی تو اس کا تبادلہ ضرور ہو گا ۔ وزیراعلیٰ نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو اپنے متعلقہ ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ منصوبے عوام کے ٹیکس کے پیسے سے چلتے ہیں ، ایک ایک پیسے کی حفاظت اور دانشمندانہ استعمال یقینی بنایا جائے ۔ اُنہوںنے صوبے کے سیاحتی مقامات تک جانے والی خراب سڑکوں کی فوری مرمت کی بھی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ جن علاقوں میں ٹوارزم روڈز بند ہیں ، انہیں فوری کھولا جائے ، حکومت اس مقصد کیلئے درکار فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی ۔ اُنہوںنے واضح کیا کہ سیاحوں کی سہولت کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا ۔وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنرز کو آنے والے مون سون سیزن میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاریاں بروقت مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ ضلعی انتظامیہ اس سلسلے میں درکار معاونت کیلئے متعلقہ محکمے سے رابطے میں رہے ۔ وزیراعلیٰ نے حساس اضلاع میں محرم کے دوران فول پروف سکیورٹی کے انتظامات بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ محرم کے سلسلے میں پیشگی انتظامات کئے جائیں ۔ وزیراعلیٰ نے شندور پولو فیسٹیول کیلئے بھی انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ شندور پولو گراونڈ میں سیاحوں کیلئے تمام سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جائے ۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو عید الاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی کیلئے خصوصی اقدمات کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ قربانی کے جانوروںکی آلائشوں کو تلف کرنے کیلئے ڈمپنگ کا بندوبست کیا جائے ۔

شہریوں کو محفوظ خوراک فراہم کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے،وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو

خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کا گلیات میں بڑا کریک ڈاؤن، مشہور ہوٹلوں کے معائنے، حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 6 ہوٹلز کے کچن سیل، لاکھوں روپے جرمانے بھی عائد، ترجمان فوڈ اتھارٹی

خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے نتھیاگلی کے مشہور ہوٹلوں پر اچانک چھاپے مار کر بڑے پیمانے پر کارروائیاں کیں۔ صفائی کی انتہائی ابتر صورتحال اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر چھ بڑے ہوٹلوں کے کچن کو سربمہر کرکے لاکھوں روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ اس سلسلے میں ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز ڈپٹی ڈائریکٹر کامران خان کی نگرانی میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے نتھیاگلی کے مشہور ہوٹلوں کی چیکنگ کی، جن میں ناقص صفائی، حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی، عملے کے پاس میڈیکل سرٹیفکیٹ نہ ہونے، خراب خوردنی تیل کے استعمال اور زائد المیعاد چکن گوشت و دیگر خوراکی اشیاء برآمد ہونے پر 6 ہوٹلوں کے کچن کو سیل کر دیا گیا اور لاکھوں روپے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔تفصیلات کے مطابق کارروائیاں شہریوں اور سیاحوں کی شکایات موصول ہونے پر کی گئیں تاکہ حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل درآمد اور معیاری و محفوظ خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے ایبٹ آباد ٹیم کی کامیاب کاروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کریک ڈاؤن اور چھاپوں کا مقصد شہریوں اور سیاحوں کی صحت کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ سیکرٹری محکمہ خوراک ظریف المعانی نے بھی فوڈ سیفٹی ٹیموں کی کاکردگی کو سراہتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے عناصر کے خلاف فوڈ اتھارٹی حکام کو بروقت اطلاع دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں غیر معیاری خوراکی اشیاء سے وابستہ کاروباروں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے فوڈ اتھارٹی حکام کو ہدایت کی ہے کہ سیاحتی مقامات میں ہوٹلوں کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے۔ شہریوں کو محفوظ خوراک فراہم کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔

خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات ارشد ایوب نے کہا ہے کہ ٹی ایم ایز کی ڈیجیٹلائزیشن کے لئے کام جاری ہے

خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات ارشد ایوب نے کہا ہے کہ ٹی ایم ایز کی ڈیجیٹلائزیشن کے لئے کام جاری ہے تاکہ ان کے نظام میں شفافیت لائی جا سکے اور فنڈز کا آڈٹ کیا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں بلدیات سے متعلق منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ داؤد خان بھی موجود تھے۔ صوبائی نے کہا کہ ایک آن لائن ڈیش بورڈ بنایا جا رہا ہے جس کا افتتاح اسی مہینے کر دیا جائے گا۔ جس میں پیدائش، شادی، وفات اور طلاق کا سرٹیفکیٹ آن لائن دیا جائے گا جو کہ نادرہ کے ساتھ منسلک ہوگا اس کے علاوہ ٹی ایم اوز کی ریونیو جنریشن کی تفصیلات بھی موجود ہونگی، اس سسٹم کا افتتاح اسی مہینے کر دیا جائے گا اس کے علاوہ عوام کو جو مشکلات اور شکایات محکمے بلدیات سے متعلق درپیش ہوں گی وہ بھی اس ڈیش بورڈ پر آن لائن جمع کروائی جا سکیں گی جن کا ازالہ کیا جائے گا۔

خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت میجر (ر) سجاد بارکوال کی زیرصدارت محکمہ زراعت کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا پہلا ماہانہ اجلاس سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا

خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت میجر (ر) سجاد بارکوال کی زیرصدارت محکمہ زراعت کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا پہلا ماہانہ اجلاس سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا اجلاس میں سیکر ٹری محکمہ زراعت جاوید مروت محکمہ زراعت کی تمام ونگز کے ڈائریکٹر جنرلز، چیف پلاننگ آفیسر، زرعی یونیورسٹی سوات، ڈیرہ اسماعیل خان، پشاور یونیورسٹی کے رجسٹرار اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہاکہ زراعت کی ترقی کے لیے موجودہ صوبائی حکومت سنجیدہ ہے اور اس ضمن میں تمام وسائل بروئے کارلارہی ہے انہوں نے ہدایت کی کہ تمام افسران آپس میں کوآرڈینیشن رکھیں جبکہ ضلعی زرعی افسران اپنے متعلقہ اضلاع کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے زراعت کی ترقی اور فصلی پیداوار میں اضافہ کیلیے حکومت کی طرف سے منظور شدہ منصوبوں میں مشاورت کریں انہوں نے کہا کہ دوسروں صوبوں کی نسبت خیبر پختونخوا کی مٹی بڑی زرخیز ہے جو زراعت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے انہوں نے مزید کہا کہ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہر مہینے بلایاجائیگا جس میں زراعت کی ترقی کیلیے اٹھائے گئے اقدامات اور منصوبوں پر پیش رفت کے متعلق جائزہ لیا جائیگا اس لئے تمام افسران اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں اور زراعت کی ترقی میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ اجلاس میں سوات، ڈی آئی خان اور پشاور کی زرعی جامعات کے مختلف اہم امور بھی زیر غورلائے گئے۔

خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اوقاف و مذہبی امور صاحبزادہ محمد عدنان قادری 9 مئی واقعات کے الزامات سے بری ہوگئے

خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اوقاف و مذہبی امور صاحبزادہ محمد عدنان قادری 9 مئی واقعات کے الزامات سے بری ہوگئے

انسداد دہشت گردی عدالت نمبر 2 پشاور نے صوبائی وزیر عدنان قادری کو بری کر دیا

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اصغر علی شاہ نے فیصلہ سنا دیا

صوبائی وزیر عدنان قادری پر 9 مئی واقعات میں ایک سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دھاوا بولنے اور تھوڑ پھوڑ کا الزام تھا.

اللہ کے فضل و کرم سے تمام الزامات سے بری ہوگئے ہیں. صوبائی وزیر عدنان قادری کا موقف

جمہوریت کی بالادستی اور عوامی خدمت کے نصب العین پر قائم رہیں گے. عدنان قادری

انتظامیہ، عدلیہ اور قانون سے احترام کا رشتہ قائم رکھیں گے. عدنان قادری

اپنے وکیل حبیب اللہ مہمند کا بھی مشکور ہوں جنہوں نے بہترین انداز میں مقدمہ پایہ تکمیل تک پہنچایا. عدنان قادری

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے تعلیم کے حوالے سے وفاقی بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے تعلیم کے حوالے سے وفاقی بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا بجٹ 83 ارب روپے سے کم کر کے 32 ارب روپے جبکہ سوشل سیکٹر کا ترقیاتی بجٹ 203 ارب روپے سے کم کر کے صرف 83 ارب روپے کردیا ہے۔یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں مزمل اسلم نے کہا کہ وزیر پلاننگ احسن اقبال تعلیم کے حصول پر ویسے تو طویل لیکچر دیتے رہتے ہیں مگر اب اپنی ناقص پلاننگ سے قوم کو ہی اعلیٰ تعلیم سے محروم کرنے پر تلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح بجٹ کم کرنے سے تو یونیورسٹیاں دیوالیہ ہو جائیں گی اور طلبہ تعلیم کے حصول سے محروم ہو جائیں گے۔مشیر خزانہ نے کہا کہ اگر یہ ذمہ داری صوبوں کو منتقل کرنی تھی تو اس کیلئے باقاعدہ کوئی پروگرام کوئی طریقہ کار مرتب کرتے،ایسے کام زبانی جمع خرچ سے نہیں ہوا کرتے۔مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ تمام یونیورسٹیاں اپنی آمدن واخراجات کا از سر نو جائزہ لے کر اپنے بجٹ پر نظرثانی کریں۔

خیبر پختونخوا کے وزیر جنگلات و ماحولیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے کرک کے کرد شریف پہاڑ پر آگ لگنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ جنگلات کے حکام کو الرٹ رہنے اور آگ پر قابو پانے کی ہدایت کی

خیبر پختونخوا کے وزیر جنگلات و ماحولیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے کرک کے کرد شریف پہاڑ پر آگ لگنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ جنگلات کے حکام کو الرٹ رہنے اور آگ پر قابو پانے کی ہدایت کی ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی ہدایات کی روشنی میں خیبر پختونخوا حکومت نے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے پہاڑ پر لگی آگ کو بجھانے کیلئے ٹیم کو کرک بھیج دیا ہے۔وزیر جنگلات نے کہا کہ کرک کے ڈی ایف او اپنے عملے اور ضلعی انتظامیہ کے عملہ سمیت آگ بجھانے کیلئے پہاڑ پر پہنچے،جس پہاڑ پر آگ بھڑک اٹھی ہے وہ اجتماعی ملکیت ہے، آگ پر تقریباً 80فیصد قابو پا لیا گیا ہے صرف ایک جگہ پر آگ باقی ہے جہاں تک رسائی فی الحال ممکن نہیں لیکن ٹیم وہاں تک پہنچنے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ صوبائی وزیر جنگلات و ماحولیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے محکمہ جنگلات کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث پہاڑوں پر آگ لگنے کے واقعات کی روک تھام کیلئے الرٹ رہیں اور اس حوالے سے حفاظتی اقدامات اٹھائے جائیں۔