خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر مردان کے دفتر میں طورو روڈ کی ڈوئلائزیشن کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ جنگلات، مواصلات، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، پیسکو، آبپاشی، ایس این جی پی ایل، پی ٹی سی ایل، ایم ڈی اے، اور تحصیل میونسپل آفیسر کے اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی۔اجلاس کا مقصد طورو روڈ کی ڈوئلائزیشن کے دوران درپیش چیلنجز کا جائزہ لینا اور ان کے حل کے لیے مجوزہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کرنا تھا۔ اجلاس میں مختلف محکموں نے اپنے شعبوں سے متعلقہ مسائل اور تجاویز پیش کیں تاکہ منصوبے پر جلد از جلد کام کا آغاز ممکن ہو سکے۔اس موقع پر وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے باہمی تعاون کو یقینی بنائیں اور منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ منصوبے کی پیش رفت پر مسلسل نظر رکھی جائے اور تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں۔اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ منصوبے پر جلد عملی اقدامات شروع کیے جائیں گے اور اگلے اجلاس میں پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ عوامی سہولت کے اس اہم منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے بھر پور اقدامات کیے جائیں گے۔
خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی مردان میں کارروائی، مرونڈا بنانے والی یونٹ سے ہزاروں کلو مضر صحت و غیر معیاری گڑ برآمد، کارخانہ سیل
خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی مضر صحت خوراک کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے فوڈ سیفٹی ٹیم نے خفیہ اطلاع ملنے پر مردان کے علاقے سکندری میں مرونڈا بنانے والے ایک یونٹ پر چھاپا مارا اور ہزاروں کلو گرام غیر معیاری و مضر صحت گڑ برآمد کرکے تلف کیا۔ترجمان فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے کاروائی کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز فوڈ سیفٹی ٹیم مردان نے خفیہ اطلاع ملنے پر سکندری کے علاقے میں مرونڈا بنانے والی یونٹ پر اچانک چھاپہ مارا اور دوران انسپکشن 4000 کلو سے زائد مضر صحت گڑ برآمد کیا گیا، جسے بحق سرکار ضبط کر لیا گیا۔ یونٹ میں صفائی کے ناقص انتظامات اور غیر معیاری اجزاء کے استعمال پر بھاری جرمانہ عائد کرتے ہوئے فیکٹری کو سیل کر دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل فوڈ سیفٹی واصف سعید نے کامیاب کاروائی پر فوڈ سیفٹی ٹیم کو سراہا اور کہا کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے غیر قانونی اور مضر صحت کاروباروں کی بروقت اطلاع دیں۔صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے ملاوٹ کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ خوراک کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عوام کو محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
بانی پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لئے سب ایک پیج پر ہیں، بیرسٹر ڈاکٹر سیف
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے تمام رہنماء، عہدیداران و کارکنان اور عوام سب ایک پیج پر ہیں،پی ٹی آئی میں اختلافات کی خبریں بڑھا چڑھا کر پیش کی جارہی ہیں۔پی ٹی آئی اختلاف کی خبریں جعلی حکومت کی خواہش ہوسکتی ہے مگر یہ حقیقت نہیں ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ جب سے آخری کال کا اعلان ہوا ہے جعلی حکومت کے حکمران پریس کانفرنس پر پریس کانفرنس کررہے ہیں لیکن انہیں چاہئیے کہ وہ اپنا دل بہلانے کی بجائے اپنی حکومت کا بوریاں بستر گول کرنے کی تیاری کریں کیوں کہ اب جعلی حکومت کے حکمرانوں کے حواس باختہ ہوچکے ہیں اور وہ پی ٹی آئی کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت سے پریشان اور خوف زدہ ہیں اب جعلی حکومت کو چاروں شانے چت کرنے کا وقت آپہنچا ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے نوجوانوں کے 24 نومبر کے احتجاج کے لئے حوصلے بلند ہیں
خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان کی سربراہی میں منگل کے روز دیوانہ بابا ضلع بونیر میں
خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان کی سربراہی میں منگل کے روز دیوانہ بابا ضلع بونیر میں پارٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی حلقہ پی کے 26 کی تمام ویلج کونسلز کے مشران، عہدیداروں،انصاف یوتھ اور انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے نمائندوں اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔اجلاس میں 24 نومبر کو پارٹی کے بانی چیر مین عمران خان کی فائنل احتجاجی کال کے سلسلے میں تیاریوں کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور پارٹی کے تمام عہدیداروں اور ورکرز نے متفقہ فیصلہ کیا کہ پی کے 26 کے تمام کارکنان اس احتجاجی کال پر لبیک کہہ کر بڑھ چڑھ حصہ لیں گے۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے تمام مقامی رہنماؤں اور پارٹی عہدیداروں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اپنے علاقوں میں ورکرز کو فعال بنانے کیلئے اپنی کوششوں کو تیز کریں۔انھوں نے کہا کہ بانی چیر مین کی احتجاجی کال پر ضلع بونیر سے ہزاروں افراد پر مشتمل قافلہ نکلے گا اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی سربراہی میں اسلام آباد کی جانب گامزن ہوگا۔صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ہماری یہ جہدوجہد اور احتجاج حق و باطل کے مابین ایک اہم معرکہ ہے جو آئین و قانون کی بالادستی و حکمرانی کیلئے پاکستان تحریک انصاف لڑ رہی ہے۔
مشیر صحت احتشام علی کو ہیومن کیپٹل انسویسٹمنٹ پروگرام سے متعلق بریفنگ
صوبے کے چار اضلاع کے 195 مراکز صحت کو ہیومن کیپٹل انوسٹمنٹ پروگرام کے تحت سولرائز کرنے کا فیصلہ، پروجیکٹ کے تحت صوبے میں اپنی نوعیت کا پہلا ریفرل مکینزم تیار، سیلاب سے تباہ 158 مراکز صحت کی تعمیر و فعالی، پروجیکٹ کا مقصد ان اضلاع میں پرائمری ہیلتھ کئیر کی خدمات کو بہتر بنانا ہے: مشیر صحت احتشام علی کو بریفنگ
صوبے کے چار اضلاع کے 195 مراکز صحت کو ہیومن کیپٹل انوسٹمنٹ پروگرام کے تحت سولرائز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ مشیر صحت احتشام علی کو ہیومن کیپٹل انسویسٹمنٹ پروگرام سے متعلق ہونے والی بریفنگ کے دوران کیا گیا۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر اکرام اللہ نے مشیر صحت کو پروجیکٹ سے متعلق بریف کیا۔ پروجیکٹ پشاور، نوشہرہ، صوابی اور ہری پور اضلاع میں نافذ ہے جس کو سیلاب کے بعد مراکز صحت کی بحالی و فعالی کیلئے صوبے کے 16 اضلاع تک توسیع دی گئی۔مشیر صحت کو بتایا گیا کہ یہ پروجیکٹ ساڑھے تین سال قبل ترتیب دیا گیا تھا۔مشیر صحت احتشام علی نے بریفنگ کے دوران احکامات جاری کیں عوامی فلاح کے پروجیکٹس کے نفاذ پر عملدارآمد کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ پر خصوصی توجہ اس لئے مرکوز ہے کہ اس سے پرائمری ہیلتھ کئیر کی فعالی مشروط ہے اور اس پروجیکٹ کے فوری نفاذ سے ان چار اضلاع میں بنیادی صحت کے ڈھانچے میں بہتری آئیگی۔ مشیر صحت کو بتایا گیا کہ پروجیکٹ کی کُل مالیت 85 ملین ڈالر ہے جس میں 42 % گرانٹ اور 58 % فیصد قرض ہے۔پروجیکٹ میں اب تک بارہ ملین ڈالر خرچ کئے جاچکے ہیں۔ پروجیکٹ کے تحت 195 ہیلتھ کئیر فیسیلیٹیز میں صحت کی سہولیات کی فراہمی مقصود ہے جس میں 151 بنیادی مراکز صحت 25 دیہی مراکز صحت، 13 کیٹگری ڈی ہسپتال اور 6 یٹگری سی ہسپتال شامل ہیں۔ پروجیکٹ کے تحت صوبے میں اپنی نوعیت کا پہلا ریفرل مکینزم تیار، پہلے چار اضلاع میں پائلٹ کیا جارہا ہے۔ ریفرل مکینزم میں ماں اور بچے کی صحت کے تحفظ کو خصوصی طور پر ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے۔ اب تک چودہ ہزار ڈیفالٹر بچوں کی ویکسینیشن کی گئی ہے۔ پروجیکٹ کے تحت صحت کی بنیادی سہولیات کی بہتری کیلئے 63 ملین ڈالر کی رقم مختص کی گئی ہے۔ ان اضلاع میں محکمہ صحت کے عملے کے استعداد کار کو بڑھانے اور سٹاف کی کمی کو دور کرنے کیلئے 3 ملین ڈالر جبکہ گورننس اور مینجمنٹ کی فعالی کیلئے 7.037 ملین کی رقم مختص کی گئی ہے۔ اسی طرح سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 158 متاثرہ مراکز صحت کی بحالی اور دوبارہ تعمیر کیلئے 10 ملین ڈالر کی رقم مختص کی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا کے وزیر لائیو سٹاک، فشریز و پی ٹی آئی ملاکنڈ ریجن کے صدر فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ
خیبر پختونخوا کے وزیر لائیو سٹاک، فشریز و پی ٹی آئی ملاکنڈ ریجن کے صدر فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ ملک میں حقیقی آزادی قریب ہے 24 نومبر جعلی وفاقی حکومت کے خاتمے کا دن ثابت ہوگا اور قائد عمران خان اور پاکستانی عوام کی حقیقی آزادی اور ملک میں امیر اور غریب کیلئے ایک قانون کی تمنا اور انصاف کے بول بالے کا خواب ضرور پورا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عوامی سیاست کی ہے قائد عمران خان کی قیادت میں مینڈیٹ چورنااہل حکمرانوں کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے کبل سوات میں 24 نومبر فائنل کال کے حوالے سے پارٹی ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ممبران قومی و صوبائی اسمبلی سلیم الرحمان، سہیل سلطان ایڈوکیٹ، حمید الرحمان اور چیئرمین تحصیل کبلسعید خان نے بھی خطاب کیا جبکہ چیئرمین ڈیڈیک سوات اختر خان ایڈوکیٹ اور تحصیل کبل کے پی ٹی آئی عہدیداران و کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ انتخابات میں پاکستانیوں کے مینڈیٹ کو کھلے عام چرایا گیا ہے جب تک قائد عمران خان اور دیگر پی ٹی آئی عہدیداروں سمیت کارکنوں اور پورے ملک میں ہمیں ہمارا چرایا ہوا مینڈیٹ واپس نہیں ملتا ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے ہماری وفاق میں دو تہائی اکثریت کو تبدیل کیا گیا ہے ہم پر فارم 47 کی وفاقی حکومت مسلط کی گئی انشائاللہ فائنل کال فیصلہ کرے گی کہ عوام عمران خان اور پاکستان کے ساتھ ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس احتجاج کے سوا کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے ہم کشتیاں جلا کر نکلے گے اور اپنا حق لے کر رہیں گے۔
کے ایم یو میں صوبہ بھر کی یونیورسٹیوں کے درمیان ماحولیاتی صفائی اور حفظانِ صحت پر دوسرا تقریری مقابلہ
واٹسین سیل اور لوکل کونسل بورڈ خیبرپختونخوا نے خیبر میڈیکل یونیورسٹی(کے ا یم یو) پشاور کے تعاون سے ماحولیاتی صفائی اور حفظانِ صحت پر یونیورسٹیوں کے درمیان دوسرا تقریری مقابلہ کامیابی کے ساتھ منعقد کیا۔ یہ ایونٹ ”ماحولیاتی صفائی کے ذریعے صحت مند معاشرے کی تشکیل میں کردار” کے موضوع پر ورلڈ ٹوائلٹ ڈے کی مناسبت سے منعقد کیا گیا۔ اس تقریب کی میزبانی اسسٹنٹ کوآرڈینیٹر لوکل گورنمنٹ خیبرپختونخوا عمران اللہ خان مہمند نے کی۔ مقابلے میں صوبے کی 14 جامعات کے طلبہ نے شرکت کی، جہاں 20 امیدواروں نے اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں تقاریر کیں۔ ان تقاریر میں ماحولیاتی صفائی کی اہمیت، موسمیاتی تبدیلی، عالمی حدت، اور عوامی شمولیت کے ذریعے ان چیلنجز سے نمٹنے جیسے اہم موضوعات پر روشنی ڈالی گئی۔ انگریزی مقابلے میں سرحد یونیورسٹی کے عبدالباسط نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ سٹی یونیورسٹی کی لائبہ یوسف نے دوسری اور اقراء نیشنل یونیورسٹی کی نوال سہیل نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اردو مقابلے میں گومل یونیورسٹی، ڈی آئی خان کے حسیب احمد نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ اقراء یونیورسٹی، پشاور کی مناحل ثاقب نے دوسری اور یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کے عبداللہ شاہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے اپنیخطاب میں صفائی اور حفظان صحت کے ذریعے بیماریوں کی روک تھام اور بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے صوبائی حکومت کی صحتِ عامہ اور صفائی پر توجہ کو سراہا اور صفائی کی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے نوجوانوں کی فعال شمولیت کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب کے اعزازی مہمان خصوصی گندھارا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اعجاز خٹک اور جامعہ پشاور کے ڈاکٹر اویس قرنی نے بھی حاضرین سے خطاب کیا۔ انہوں نے صحت مند معاشرے کی تشکیل میں صفائی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مستقل آگاہی مہمات اور اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ماحولیاتی صفائی کے چیلنجز کو مؤثر طریقے سے حل کیا جا سکے۔ تقریب کا اختتام ایک پروقار تقسیمِ انعامات کی تقریب پر ہوا، جہاں نمایاں کارکردگی دکھانے والے امیدواروں کو شیلڈز اور اسناد پیش کی گئیں۔ اس ایونٹ میں فیکلٹی ممبران، انتظامی افسران، اور مختلف اداروں کے طلبہ نے شرکت کی، جو صحتِ عامہ کے فروغ کے لیے اجتماعی عزم کا مظہر تھا۔ یہ مقابلہ صوبے کے تعلیمی اداروں کی جانب سے پائیدار طرز عمل کو فروغ دینے اور اہم صحتِ عامہ کی مہمات کو آگے بڑھانے کے عزم کا عکاس تھا، جس کا مقصد صحت مند اور مستحکم معاشروں کی تشکیل ہے۔
معاون خصوصی برائے فنی تعلیم (TEVTA) طفیل انجم کی ڈپٹی کمشنر مردان دفتر میں مردان کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے فنی و پیشہ ورانہ تعلیم (TEVTA) طفیل انجم اور ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر دفتر مردان میں منعقد ہوا جس میں تمام ضلعی محکموں کے افسران نے شرکت کی، اجلاس میں مردان کی مختلف ترقیاتی سکیموں پر کام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر ضلعی افسران نے اپنے اپنے محکمے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی طفیل انجم اور ڈپٹی کمشنر نے تمام ضلعی محکموں کو عوامی خدمات احسن و شفاف طریقے سے ادا رنے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے مختلف ترقیاتی سکیمز پر بھی بریفنگ لی اور متعلقہ محکموں کو کام کے معیار اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت بھی کی، طفیل انجم نے امید ظاہر کی کہ یہ اجلاس مردان کے ترقیاتی منصوبوں کو تیز کرنے اور عوامی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے اہم اور مفید ثابت ہوگا۔
خیبر پختونخوازکوٰۃ وعشر کونسل کے چیئرمین امتیاز خان نے کونسل کے ممبران سے کہا ہے کہ
خیبر پختونخوازکوٰۃ وعشر کونسل کے چیئرمین امتیاز خان نے کونسل کے ممبران سے کہا ہے کہ وہ زکوٰۃ و عشر کونسل میں مزید بہتری لائیں اور اس کی کارکردگی میں اضافہ کرنے کے لیے بہتر سے بہتر اقدامات اٹھائے جائیں نیز کونسل کی جانب سے مستحقین زکوٰۃ کی بہتری کے لیے کی جانے والی کوششوں سے متعلق عوم کو بھی باخبر ر کھیں تاکہ صوبے کے غریب اور نادار افراد حکومت کی فراہم کردہ سہولیات سے زیادہ تعداد میں استفادہ کر سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر پختونخوازکوٰۃ وعشر کونسل کے دوسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابقہ رکن قومی اسمبلی ساجد نواز خان اور زکوٰۃ و عشر کونسل کے ممبران اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ زکوٰۃ و عشر کونسل کے چیئرمین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زکوٰۃ فنڈز کے صحیح استعمال کو یقینی بنایا جائے گا انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے گزارا الاؤنس کی رقم 25 ہزار روپے اور جہیز فنڈز 2 لاکھ رو پہ کرنے کی ہدایت کی ہے، انہوں نے متعلقہ حکام سے کہا کہ وہ صوبے کے مدارس کی رجسٹریشن میں آسانی پیدا کریں تاکہ صوبے کے یتیم اور نادار افراد اس سے استفادہ حاصل کر سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوازکوٰۃ و عشر کونسل کے ایسے ملازمین جو دوسری جگہوں پر بھی ملازمت کر رہے ہیں کے خلاف انکوائری کی جائے اور پھر قانونی کارہ جوئی عمل میں لا کر ان کے ذمے جتنی بھی واجب الادا رقم ہے وہ ان سے وصول ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ زکوٰۃ و عشر کونسل میں ضم اضلاع کے لیے فنڈز کا زیادہ حصہ دیا گیا ہے۔ کونسل نے رواں اور ا ٓئندہ مالی سال تک بجٹ خرچ کرنے کے لیے سفارشات بھی پیش کیں جبکہ بجٹ میں ناگہانی آفات کے لیے رقم رکھنے کے لیے بھی تجاویز پیش کی گئیں۔
خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیا ت و دہی ترقی ارشد ایوب خان نے متعلقہ افسران سے کہا ہے کہ
خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیا ت و دہی ترقی ارشد ایوب خان نے متعلقہ افسران سے کہا ہے کہ وہ عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنے دفاتر سے باہر نکلیں اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پشاور میں صوبہ بھر کے چیف ایگزیکٹو آفیسرزڈبلیو ایس ایس سی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی حاجی فضل الٰہی، سپیشل سیکرٹری بلدیات ارشد آفریدی اور صوبہ بھر کے تمام سی اوز ڈبلیو ایس ایس سی بھی موجود تھے۔ اجلاس میں ارشد ایوب کو صوبے کے مختلف ڈبلیو ایس ایس سی کے چیف ایگزیکٹو نے اپنی اپنی کارکردگی اور مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی وزیر بلدیات و دہی ترقی ارشد ایوب خان نے کہا ہے کہ پشاور ڈبلیو ایس ایس سی کے تیار کردہ فارمیٹ کو تمام سی اوز ڈبلیو ایس ایس سی فالو کریں اس طرح تمام پراگریس روزانہ کی بنیادوں پر ان لائن اپ ڈیٹ ہوتی رہے گی جس کی بدولت بجٹ،صفائی، واٹر اینڈ سینی ٹیشن، واٹر کنکشن،ٹیو ب ویلز بجلی کے بلز، گاڑیوں کے فیول کے اخراجات، کوڑا کرکٹ اٹھانے سے متعلق رپورٹس، ملازمین کی تعداد اور دیگر امور میں بھی شفافیت آئے گی اور اس عمل سے حکومت کو کافی بچت ہوگی انہوں نے مزید کہا ہے کہ ناقص کارکردگی کے حامل ملازمین کو واپس کردیا جائے۔ انہوں نے تمام سی او ز ڈبلیو ایس ایس سی کو ہدایت کی کہ انہیں تمام لائبلٹی کی تفصیلات اور جہاں مزید بجٹ کی ضرورت ہے رپورٹ بنا کر فراہم کی جائے اور جو بھی ملازم غیر حاضر پایا جائے اس کی تنخواہ کاٹ لی جائے انہوں نے کہا ہے کہ پانی کے ضیاع کو روکنے کے لیے باقاعدہ کمشنرز سے رابطہ کیاجائے گا کیونکہ پانی کا ضیا ع ایک سنگین مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویلج کونسلوں کے چیئرمینوں اور ممبران کے ذریعے عوام میں شعور اور آگاہی فراہم کی جائے۔ انہوں نے سی ای اوز ڈبلیو ایس ایس سی کو اپنی اپنی حدود میں ڈینگی سپرے کر نے اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کے دفتر میں ایک ڈش بورڈ قائم کی ہدایت کی جس میں تمام سی اوز ڈبلیو ایس ایس سی اپنا اپنا ڈیٹا روزانہ کی بنیاد پر اپلوڈ کریں انہوں نے کہا کہ یہی پر فا مہ تمام ٹی ایم ایز کو بھی فراہم کیا جائے کیونکہ یہ پر فارمہ فیلڈ آپریشن کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے انہوں نے کہا کہ پی ڈی کے پی سیپ جہاں جہاں سائیڈ کلیئر ہیں ان پر فورا ٹینک کا کام شروع کریں مزید کہا کہ ٹیول کی بجلی کے بلوں کے بہت زیادہ اخراجات حکومت اٹھا رہی ہے اس کے تدارک کے لیے فوری طور پر ٹیوب ویلز کو سولرائزیشن پر منتقل کیا جائے انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایس ایس سی سی کے ماہانہ اور اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ہفتہ وار اجلاس طلب کیئے جائیں تاکہ ان کی کارکردگی جانچی جاسکے۔
