خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان کی زیرِ صدارت ضلع خیبر میں جاری واٹر سپلائی اسکیموں، ٹیوب ویلز کی صورتحال اور انہیں شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس پیر کے روز منعقد ہوا۔اجلاس میں ضلع خیبر میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ انتظام واٹر سپلائی سکیموں اور ٹیوب ویلز کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایکسین خیبر نے صوبائی وزیر کو ضلع میں فعال اور غیر فعال واٹر سپلائی سکیموں اور ٹیوب ویلز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع خیبر میں متعدد ٹیوب ویلز فعال ہیں، جن کے ذریعے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، جبکہ کچھ ٹیوب ویلز اس وقت مختلف وجوہات کی بناء پر غیر فعال ہیں۔ صوبائی وزیر کو آگاہ کیا گیا کہ غیر فعال ٹیوب ویلز کی مرمت اور بحالی کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں اور انہیں جلد از جلد فعال کر کے عوام کو پانی کی فراہمی بحال کی جائے گی۔اجلاس میں ضلع خیبر میں ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی کے نظام پر منتقل کرنے کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی صوبائی وزیر نے شمسی توانائی کے منصوبے پر پیش رفت، ممکنہ بجلی کی بچت اور عوام کو بلاتعطل پانی کی فراہمی کے لیے قابلِ عمل اقدامات پر بھی بریفنگ لی۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ غیر فعال ٹیوب ویلز کی بحالی کا عمل تیز کیا جائے اور عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے مزید ہدایت کی کہ ضلع خیبر میں واٹر سپلائی سکیموں اور ٹیوب ویلز کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ شمسی توانائی پر ٹیوب ویلز کی منتقلی سے نہ صرف بجلی کے اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ پانی کی فراہمی کا نظام بھی مزید مؤثر اور پائیدار بنایا جا سکے گا۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ضلع خیبر میں جاری تمام واٹر سپلائی سکیموں کی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لیا جائے اور جہاں کہیں تکنیکی یا انتظامی مسائل درپیش ہوں انہیں فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ عوام کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے۔
