خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان سے ان کے دفتر پشاور میں یونیسف کے نمائندہ وفد نے پیر کے روز اہم ملاقات کی۔ وفد کی قیادت یونیسف کی سینئر کوارڈینیشن آفیسر نوشین ملک نے کی جبکہ فیلڈ مینیجر عرفان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ مسعود یونس، چیف انجینئر سنٹر امجد شمشیر اور محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔ملاقات کے دوران صوبے میں صاف پانی کی فراہمی، سینیٹیشن اور ڈرینیج کے شعبوں میں جاری منصوبوں اور باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ یونیسیف کے نمائندہ وفد نے صوبائی وزیر کو خیبر پختونخوا اور بالخصوص ضلع چارسدہ میں یونیسیف کی جاری واٹر سپلائی، سینیٹیشن اور ڈرینیج منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وفد نے منصوبوں کی پیش رفت، درپیش چیلنجز اور عوام کو صاف پانی اور بہتر نکاسی آب کی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ یونیسیف مختلف علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، حفظانِ صحت سے متعلق آگاہی اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لیے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ اس موقع پر مستقبل میں مزید مشترکہ منصوبوں اور تکنیکی تعاون کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔صوبائی وزیر فضل شکور خان نے صوبے میں عوام کو صاف پانی اور بہتر سینیٹیشن سہولیات کی فراہمی کو حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت شہری اور دیہی علاقوں میں واٹر سپلائی اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے صاف پانی اور مؤثر سینیٹیشن نظام ناگزیر ہے۔صوبائی وزیر نے یونیسیف کی جانب سے خیبر پختونخوا میں جاری ترقیاتی اور فلاحی اقدامات کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت اور محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ یونیسیف کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا تاکہ جاری منصوبوں کو بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کیا جا سکے۔
