صوبائی وزیر فضل شکور خان کی پیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سے ملاقات، چارسدہ بالخصوص پی کے-65 میں بجلی کے مسائل کے حل پر تفصیلی تبادلہ خیال

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان نے چیف ایگزیکٹو آفیسر پیسکو سے انکے دفتر میں ملاقات کی، جس میں ضلع چارسدہ، بالخصوص حلقہ پی کے-65 میں بجلی کی فراہمی سے متعلق عوامی مسائل، لوڈشیڈنگ اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران صوبائی وزیر فضل شکور خان نے چارسدہ کے عوام کو بجلی کی فراہمی میں درپیش مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لوڈشیڈنگ کے مسئلے کے فوری حل اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی مسلسل اور بلا تعطل ترسیل عوام کی بنیادی ضرورت ہے، اس لیے چارسدہ میں جاری لوڈشیڈنگ کے مسئلے کے حل کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔صوبائی وزیر نے چارسدہ بازار کے لیے منظور شدہ فیڈر پر کام جلد شروع کرنے کے حوالے سے پیسکو حکام کو ضروری ہدایات جاری کرنے کی سفارش بھی کی، تاکہ علاقے میں بجلی کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکے اور شہریوں کو درپیش مسائل میں کمی لائی جا سکے۔انہوں نے حلقہ پی کے-65 میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے مطلوبہ میٹیریل کی بروقت ریلیز اور فراہمی کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ میٹیریل کی عدم دستیابی کے باعث ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار متاثر نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے کہا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام ضروری وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پیسکو نے صوبائی وزیر کو یقین دہانی کرائی کہ چارسدہ بازار فیڈر پر جلد از جلد کام شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران، بالخصوص ایم ایم، کو مطلوبہ میٹیریل کی ریلیز کے لیے ضروری ہدایات جاری کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔چیف ایگزیکٹو آفیسر پیسکو نے چارسدہ میں لوڈشیڈنگ کے مسئلے کے حل اور عوام کو ممکنہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون اور عملی اقدامات کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ عوامی مشکلات کے ازالے کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ مؤثر رابطہ اور اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ چارسدہ بالخصوص پی کے-65 میں بجلی سے متعلق عوامی مسائل کے حل، منظور شدہ منصوبوں پر پیش رفت اور مطلوبہ میٹیریل کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے باہمی رابطہ مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

مزید پڑھیں