خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان نے کہا ہے کہ صوبے میں نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے تمام اضلاع کو میرٹ اور ضرورت کے مطابق منصفانہ فنڈز فراہم کیے جائیں گے، جبکہ پسماندہ اور کم ترقی یافتہ علاقوں کی دیرینہ محرومیوں کے خاتمے کے لیے خصوصی ترجیح دی جائے گی تاکہ عوام کو پینے کے صاف پانی اور نکاسیٔ آب کی بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے جاری، نئے اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے منعقدہ ایک اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ٹیکنیکل سمیت محکمہ کے دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں صوبائی وزیر کو سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP)، ایکسلریٹڈ امپلیمنٹیشن پروگرام (AIP)، تکمیل کے قریب منصوبوں، امبریلا سکیموں اور دیگر جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈائریکٹر ٹیکنیکل نے منصوبوں کی موجودہ پیش رفت، فنڈز کے اجراء، درپیش مسائل اور آئندہ کے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر ہدایت جاری کی کہ تمام جاری ترقیاتی سکیموں کے لیے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل ہوں اور عوام جلد از جلد ان سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام افسران منصوبوں کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ نئی سکیموں کی منصوبہ بندی میں شفافیت، میرٹ اور عوامی ضرورت کو اولین ترجیح دی جائے، جبکہ وسائل کی منصفانہ تقسیم کے ذریعے صوبے کے تمام اضلاع کو یکساں ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پسماندہ علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی اور بنیادی سہولیات کی بہتری موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
