خیبرپختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان کی زیرِ صدارت محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے سنٹر ریجن کی جاری اور سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) سمیت پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سینیٹیشن منصوبوں اور دیگر اہم محکمانہ امور سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس صوبائی کے دفتر پشاور میں پیر کو منعقد ہوا۔اجلاس میں چیف انجینئر سنٹر امجد شمشیر نے صوبائی وزیر کو سنٹر ریجن کے مختلف اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی مجموعی صورتحال، فنڈز کے استعمال، منصوبوں کی تکمیل کی رفتار، درپیش چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ سنٹر ریجن میں متعدد واٹر سپلائی اور سینیٹیشن سکیموں پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ عوام کو صاف پینے کے پانی کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کے لیے مختلف منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اجلاس میں سکیموں کی بروقت تکمیل، معیارِ تعمیر، شفافیت، فنڈز کے مؤثر استعمال اور فیلڈ مانیٹرنگ کے نظام کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر فضل شکور خان نے اس موقع پر کہا کہ عوام کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اس حوالے سے نہایت اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل میں کسی قسم کی غفلت یا غیر ضروری تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام جاری سکیموں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور منصوبوں میں اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد ان منصوبوں کے ثمرات میسر آسکیں۔صوبائی وزیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فنڈز کے شفاف اور مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جائے اور منصوبوں پر پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے۔ فضل شکور خان نے ہدایت کی کہ ایسے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے جن سے زیادہ سے زیادہ آبادی مستفید ہو رہی ہے
