وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی خصوصی ہدایات پر صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان کا ضلع صوابی کا دورہ، کھلی کچہری کا انعقاد، عوامی مسائل سنے اور متعدد شکایات کے فوری حل کے احکامات جاری

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان نے ضلع صوابی کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں عوامی مسائل کے براہ راست حل کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیاگیا کھلی کچہری میں عوام، عمائدین علاقہ، سماجی شخصیات اور محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے متعلقہ افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر لوگوں نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی، ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن، نئی واٹر سپلائی سکیموں، پرانی سکیموں کی بحالی، نکاسی آب، مرمت و بحالی اور دیگر عوامی مسائل سے متعلق اپنی شکایات اور تجاویز صوبائی وزیر کے سامنے پیش کیں۔صوبائی وزیر فضل شکور خان نے تمام مسائل تفصیل سے سنے اور متعدد شکایات کے فوری حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ضروری احکامات جاری کیے، جبکہ دیگر مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ان کی بروقت تکمیل یقینی بنانے پر زور دیا۔کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی قیادت میں عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام اور صوبائی حکومت کے درمیان فاصلے کم کرنا، مسائل کو براہ راست سننا اور ان کا فوری حل یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ صوبے بھر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور جدید انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے متعدد منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن کا ایک اہم منصوبہ جاری ہے، جس کے تحت ابتدائی مرحلے میں 100 سولرائزیشن سکیموں کی منظوری دی جا چکی ہے، جن میں سے 10 سکیمیں کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی گئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے کے اگلے مرحلے میں 700 مزید ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن شامل ہے۔ اس منصوبے کے لیے خیبر پختونخوا حکومت کے حصے کے فنڈز دستیاب ہیں، تاہم بیرونی فنڈز کی بروقت ریلیز میں کچھ تاخیر کے باعث منصوبے کی رفتار متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جیسے ہی بیرونی فنڈز جاری ہوں گے، منصوبے پر تیز رفتاری سے کام کا آغاز کیا جائے گا اور تمام سکیمیں مقررہ معیار کے مطابق مکمل کی جائیں گی تاکہ عوام کو سستی، پائیدار اور بلا تعطل پانی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن سے بجلی کے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی، توانائی کی بچت ہوگی، پانی کی فراہمی کا نظام مزید مستحکم ہوگا اور سرکاری وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جا سکے گا۔

مزید پڑھیں