خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان نے ضلع چارسدہ میں مون سون شجرکاری مہم کا افتتاح کیا

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ حاجی فضل شکور خان نے ضلع چارسدہ میں محکمہ جنگلات کے زیر اہتمام مون سون شجرکاری مہم کا باضابطہ افتتاح کرتے ہوئے پودا لگا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران اور لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔شجرکاری مہم کے موقع پر صوبائی وزیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ درخت قدرت کا انمول تحفہ ہیں جو ماحول کو آلودگی سے محفوظ رکھنے، موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات میں کمی لانے، زمین کے کٹاؤ کو روکنے اور آئندہ نسلوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مون سون شجرکاری مہم محض پودے لگانے تک محدود نہیں بلکہ ان کی حفاظت اور نشوونما بھی ہماری قومی، مذہبی اور سماجی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی قیادت میں صوبے کو سرسبز، صاف ستھرا اور ماحولیاتی آلودگی سے پاک بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی آج پوری دنیا کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے، جس سے نمٹنے کے لیے زیادہ سے زیادہ شجرکاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے مذید کہا کہ صحت مند ماحول ہی صحت مند اور خوشحال معاشرے کی ضمانت ہے، اس لیے ہر شہری کو چاہیے کہ وہ کم از کم ایک پودا ضرور لگائے اور اسے درخت بننے تک اس کی حفاظت کرے۔ انہوں نے تعلیمی اداروں، سرکاری محکموں، سماجی تنظیموں اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ آئندہ نسلوں کو ایک سرسبز، محفوظ اور خوشحال پاکستان دیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ بھی صاف ماحول اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے، کیونکہ صاف پانی اور سرسبز ماحول عوام کی بہتر صحت کے لیے ناگزیر ہیں۔آخر میں صوبائی وزیر نے مختلف اقسام کے پودے بھی لگائے اور شہریوں میں مفت پودے تقسیم کیے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری کو قومی فریضہ سمجھتے ہوئے اس مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

مزید پڑھیں