صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان کی زیرِ صدارت ٹانک واٹر سپلائی و سینیٹیشن سکیموں سے متعلق اجلاس

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان کی زیرِ صدارت ضلع ٹانک میں واٹر سپلائی اور سینیٹیشن سکیموں سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں جاری منصوبوں، مختلف واٹر سپلائی سکیموں کی فعالیت، سینیٹیشن سہولیات اور عوام کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ٹانک نے صوبائی وزیر کو ضلع میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے تحت جاری مختلف واٹر سپلائی اور سینیٹیشن سکیموں، ان کی موجودہ صورتحال، پیش رفت اور درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ مختلف علاقوں میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے متعدد واٹر سپلائی سکیموں پر کام جاری ہے، اجلاس میں مختلف سکیموں کی بحالی، ضروری مرمت اور عوامی ضرورت کے مطابق ان کی کارکردگی بہتر بنانے کے امور بھی زیرِ غور آئے۔صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ضلع ٹانک میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور تمام سکیموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے لوگوں کو پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی ضرورت کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔صوبائی وزیر نے سینیٹیشن منصوبوں کے حوالے سے بھی متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کی سہولیات کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور جاری منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جائے۔صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے فوری ازالے کے لیے ضلعی سطح پر مؤثر رابطہ کاری کو یقینی بنایا جائے اور واٹر سپلائی سکیموں سے متعلق عوامی شکایات پر فوری کارروائی کی جائے۔

مزید پڑھیں