وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے بہبودِ آبادی طفیل انجم نے کہا ہے کہ محکمہ بہبودِ آبادی کے فیلڈ سٹاف کو درپیش جائز مسائل اور مشکلات کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں گے، فیلڈ سٹاف محکمہ بہبودِ آبادی کی خدمات عوام تک پہنچانے میں بنیادی کردار ادا کر رہا ہے، ان کے مسائل کا حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں فیلڈ سٹاف ایسوسی ایشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر نیاز علی یوسفزئی اور جنرل سیکرٹری بحت زادہ خان نے کی، جبکہ دیگر عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔وفد نے معاونِ خصوصی کو فیلڈ سٹاف کو درپیش مختلف مسائل، مشکلات اور اپنے جائز مطالبات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور ان کے حل کے لیے معاونِ خصوصی سے تعاون اور عملی اقدامات کی درخواست کی۔معاونِ خصوصی طفیل انجم نے وفد کے مسائل اور مطالبات غور سے سنے اور یقین دلایا کہ فیلڈ سٹاف کے جائز مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام سے مشاورت کرکے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بہبودِ آبادی کے فیلڈ سٹاف کی خدمات قابلِ قدر ہیں اور حکومت ان کے مسائل کے حل اور انہیں بہتر ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فیلڈ سٹاف کے جائز مسائل اور مطالبات کا قواعد و ضوابط کے مطابق جائزہ لے کر ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ محکمہ کی کارکردگی اور عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات میں مزید بہتری لائی جا سکے۔
