دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے لیے عسکری و سیاسی قیادت کو متحد ہو کر مؤثر حکمت عملی اپنانا ہوگی، طارق محمود آریانی

یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر مردان میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پولیس کے شہداء اور غازیوں کی بے مثال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب میں شہداء کے اہلِ خانہ، عوامی نمائندوں، سول و پولیس حکام، مختلف محکموں کے افسران، طلبہ و طالبات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے ریونیو اینڈ اسٹیٹ طارق محمود آریانی نے کہا کہ وطن کے امن، استحکام اور عوام کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا اور ان کے اہلِ خانہ کی عزت و تکریم ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے عسکری اور سیاسی قیادت کو باہمی اعتماد، اتحاد اور مربوط حکمت عملی کے تحت مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی ہی وہ قوت ہے جس سے امن دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ہمیشہ کے لیے ناکام بنایا جا سکتا ہے۔رکنِ قومی اسمبلی علی محمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں اور ان کا قرض کبھی ادا نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے تجویز دی کہ شہداء کے خاندانوں کی فلاح، بحالی اور مسائل کے مستقل حل کے لیے ایک باقاعدہ وزارت قائم کی جائے تاکہ ان خاندانوں کو ایک مؤثر اور مربوط نظام کے تحت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔کمشنر مردان ڈویژن جاوید مروت نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دے کر امن کی بنیاد مضبوط کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے اہلِ خانہ کے مسائل کے حل کے لیے ایک ایسا فعال اور مؤثر نظام تشکیل دینے کی ضرورت ہے جس کے ذریعے ان کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جا سکیں اور انہیں غیر ضروری دفتری کارروائی سے نجات ملے۔ڈی آئی جی مردان قاسم علی خان نے کہا کہ قربانیاں زندہ قوموں کی علامت ہوتی ہیں اور خیبر پختونخوا پولیس نے اجتماعی مفاد، امن و امان اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے جوانوں نے اپنے خون اور پسینے سے امن کی آبیاری کی ہے اور مستقبل میں بھی امن کے قیام کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مردان مسعود بنگش نے کہا کہ مردان میں قائم امن پولیس کے شہداء اور غازیوں کی بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں جن کا کوئی نعم البدل نہیں اور پوری قوم اپنے شہداء کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔تقریب کے دوران پولیس کے شہداء کی قربانیوں، بہادری اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کے کردار پر مبنی خصوصی دستاویزی فلم پیش کی گئی جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔ طلبہ و طالبات نے شہداء کی عظمت، حب الوطنی اور امن کے موضوع پر تقاریر پیش کیں جبکہ ملی نغموں کے ذریعے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، جس سے تقریب کا ماحول جذباتی اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہوگیا۔تقریب کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی، غازیوں کی صحت و سلامتی، وطنِ عزیز میں دیرپا امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

مزید پڑھیں