کوہاٹ میں تعلیمی اداروں کے درمیان اختلافات ختم، کمشنر معتصم باللہ شاہ کی مصالحتی کوششیں کامیاب

کوہاٹ میں تعلیمی حلقوں کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی ایک اعلیٰ سطحی مصالحتی اجلاس کے بعد ختم ہو گئی جس کی صدارت کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ نے کی۔کمشنر آفس کوہاٹ میں منعقدہ اس اہم اجلاس میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کوہاٹ کے اساتذہ کرام اور کوہاٹ تعلیمی بورڈ کے چیئرمین کے درمیان پیدا ہونے والی غلط فہمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ فریقین نے کھلے دل سے اپنے اپنے مؤقف پیش کئے جس کے بعد اختلافات کو خوش اسلوبی سے حل کر لیا گیا۔اجلاس میں دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ طلبہ و طالبات کے بہترین تعلیمی مفاد کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا اور مستقبل میں ایسے تنازعات سے مکمل اجتناب کیا جائے گا۔ اس موقع پر کمشنر کوہاٹ معتصم بااللہ شاہ نے فریقین کے درمیان مفاہمت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے ادارہ جاتی استحکام کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔ کمشنر نے کہا کہ تعلیم یافتہ طبقہ معاشرے کیلئے رول ماڈل ہوتا ہے اس لئے اساتذہ اور تعلیمی اداروں کے ذمہ داران کو برداشت، صبر اور باہمی احترام کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں کے مابین ہم آہنگی نہ صرف صوبے بلکہ ملک کے مجموعی مفاد میں بھی ناگزیر ہے۔ مصالحتی اجلاس کے اختتام پر دونوں فریقین نے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھنے اور تعلیمی معیار کی بہتری کیلئے مشترکہ طور پر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔حکام کے مطابق اس پیشرفت کو کوہاٹ ڈویژن میں تعلیمی استحکام اور انتظامی ہم آہنگی کیلئے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں