کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ نے مون سون سیزن سے قبل ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر شہر کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ کرتے ہوئے ندی نالوں اور نکاسی آب کے نظام کی صفائی کے کاموں کا جائزہ لیا اور متعلقہ اداروں کو 5 روز کے اندر تمام زیر التواء کام مکمل کرنے کی ہدایت جاری کردی۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر کوہاٹ محمد نواز وزیر، ڈبلیو ایس ایس سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سعد قریشی اور ایکسئین ایریگیشن بھی کمشنر کے ہمراہ تھے۔ وفد نے شہر کے مختلف برساتی نالوں، آبی گزرگاہوں اور حساس مقامات کا معائنہ کیا جہاں مون سون بارشوں سے قبل صفائی اور نکاسی آب کے انتظامات جاری ہیں۔ حکام نے کمشنر کو جاری منصوبوں اور حفاظتی اقدامات پر بریفنگ دی تاہم متعدد مقامات پر کام کی سست رفتاری اور ناقص پیشرفت پر معتصم باللہ نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔انہوں نے متعلقہ افسران کو متنبہ کیا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ سے متعلق معاملات میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔کمشنر نے ہدایت کی کہ ندی نالوں، برساتی گزرگاہوں اور نکاسی آب کے نظام کی صفائی کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ بارشوں کے دوران شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے بچا جا سکے۔انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو 5 دن کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ مقررہ مدت کے اندر تمام کام ہر صورت مکمل کئے جائیں بصورت دیگر ذمہ دار افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔معتصم باللہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مون سون تیاریوں کی روزانہ بنیادوں پر نگرانی کرے گی جبکہ تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطے اور ہم آہنگی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیشگی اقدامات اور بروقت منصوبہ بندی ہی ممکنہ نقصانات کو کم کرنے اور شہریوں کو محفوظ رکھنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔دورے کے اختتام پر کمشنر کوہاٹ نے ہدایت کی کہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے نکاسی آب کے نظام کو مکمل طور پر فعال بنایا جائے اور حساس مقامات کی خصوصی نگرانی کی جائے تاکہ مون سون بارشوں کے دوران شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
