خیبر پختونخوا اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی و رکن صوبائی اسمبلی عبدالکریم تورڈھیر کی زیر صدارت بدھ کے روز صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں کمیٹی کے اراکین و ممبران صوبائی اسمبلی عبدالمنعم خان، محمد رشاد خان، منیر حسین لغمانی، افتخار علی مشوانی، ڈاکٹر حمید الرحمن، احتشام علی اور رنگیز خان نے شرکت کی، جبکہ احمد کنڈی اور ارباب محمد عثمان خان بذریعہ زوم اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں چیئرمین و سیکرٹری پاکستان ٹوبیکو بورڈ، محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول، محکمہ زراعت، محکمہ قانون، محکمہ اطلاعات، صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ، ایڈووکیٹ جنرل آفس کے حکام و افسران نے بھی شرکت کی، جبکہ سابق ممبر پاکستان ٹوبیکو بورڈ ایاز خان بھی بذریعہ زوم اجلاس میں شریک رہے۔اجلاس کے دوران خصوصی کمیٹی کے گزشتہ اجلاس کی سفارشات کی روشنی میں تشکیل دی گئی سب کمیٹی کے قیام، اس کے دائرہ کار اور اب تک ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان ٹوبیکو بورڈ کی جانب سے تمباکو کی غیر مجاز اور غیر قانونی خریداری کی روک تھام، متعلقہ قوانین، قواعد و ضوابط اور موجودہ طریقہ کار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول کے حکام نے اجلاس کو خصوصی کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں سب کمیٹی کے قیام سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں سب کمیٹی تشکیل دے کر اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔اس موقع پر بتایا گیا کہ سب کمیٹی کے دائرہ کار (ٹی او آرز) میں تمباکو سے متعلق قانونی اور ریگولیٹری امور کا جائزہ لینا، موجودہ قوانین کا مطالعہ کرنا اور بالخصوص یہ تعین کرنا شامل ہے کہ صوبائی حکومت اس شعبے میں قانون سازی، ضابطہ کاری اور پالیسی اقدامات کے حوالے سے کس حد تک اپنا کردار ادا کر سکتی ہے۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ سب کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کے لیے چیئرمین خصوصی کمیٹی کو مناسب وقت مقرر کرنے کی درخواست ارسال کر دی گئی ہے اور اس ضمن میں جلد از جلد کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔چیئرمین خصوصی کمیٹی عبدالکریم تورڈھیر نے ہدایت کی کہ تشکیل کردہ سب کمیٹی کا اجلاس جلد از جلد منعقد کیا جائے تاکہ تمباکو سے متعلق معاملات میں صوبائی حکومت کے قانونی و آئینی دائرہ اختیار اور ممکنہ اقدامات کا واضح تعین کیا جا سکے۔ انہوں نے سب کمیٹی کی کارگزاری، سفارشات اور عملدرآمد کے حوالے سے خصوصی کمیٹی کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق پیش رفت سے آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔چیئرمین خصوصی کمیٹی نے کہا کہ تمباکو خیبر پختونخوا کی ایک اہم پیداوار ہے، جس سے بڑی تعداد میں کاشتکاروں کا روزگار اور معاشی دارومدار وابستہ ہے۔ اس لیے تمباکو سے متعلق قانونی اقدامات میں کاشتکاروں کے جائز حقوق، ان کی پیداوار کی منصفانہ خریداری، مناسب معاوضے اور ممکنہ حق تلفی کے تدارک کو خصوصی اہمیت دی جائے۔انھوں نے ہدایت کی کہ پاکستان ٹوبیکو بورڈ کی ویب سائٹ پر ایم آئی ایس سسٹم کو شئیر کیا جائے تاکہ تمباکو کے اصل پیداواری کاشت کاروں کی رجسٹریشن کا عمل تیز ہو سکے۔ اجلاس میں سب کمیٹی کی تشکیل میں محکمہ داخلہ کے نمائندے کو بھی شامل کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔

مزید پڑھیں