انٹرنیشنل مکس مارشل آرٹس کے مقابلوں کا آغاز ،پشاور سپورٹس کمپلیکس کے پی ایس بی ہال میں ہو گیا، جس میں پاکستان اور افغانستان کے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمد خان ترند تھے، جنہوں نے افغان کھلاڑیوں کو روایتی چترالی ٹوپیاں پہنا کر خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تاج محمد خان ترند نے کہا کہ ایسے ایونٹس دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرد و خواتین کھلاڑیوں کی شرکت خوش آئند ہے اور صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
خیبرپختونخوا مکس مارشل آرٹس ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے کہا کہ ایونٹ کا مقصد ایشین گیمز اور دیگر بین الاقوامی مقابلوں کے لیے کھلاڑیوں کی تیاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مقابلوں کی نگرانی بین الاقوامی لائسنس یافتہ ریفریز کریں گے۔ افغان کھلاڑیوں نے بہترین میزبانی پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔
