وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان تاج محمد خان ترند نے آج اپنے ترقیاتی فنڈ سے مکمل ہونے والے تین اہم عوامی منصوبوں کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ افتتاح کیے گئے منصوبوں میں کوزہ بانڈہ–چھتر پلین روڈ، گجبوڑی روڈ اور اجمیرہ پل (نزد تبلیغی مرکز) شامل ہیں، جن کی تکمیل سے مقامی آبادی کو آمدورفت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی اور علاقے کی سماجی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
افتتاحی تقریب میں چیئرمین ضلع زکوٰۃ کمیٹی بٹگرام عطاء اللہ خان بانیاں، سابق چیئرمین تحصیل بٹگرام عطاء اللہ خان ترند، خیال محمد خان ترند، مقامی عمائدین، مشران، پارٹی رہنماؤں، کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تاج محمد خان ترند نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، معیاری انفراسٹرکچر کی تعمیر اور ضلع بٹگرام کی ہمہ جہت ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے بجٹ میں آر ایچ سی کوزہ بانڈہ کی اپ گریڈیشن کے لیے 50 کروڑ روپے جبکہ یونیورسٹی کیمپس کے لیے زمین کی خریداری کی مد میں 51 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سپورٹس کمپلیکس اور تحصیل سطح کے کرکٹ گراؤنڈ کی تعمیر بھی موجودہ بجٹ کا حصہ ہے، جو ضلع کے نوجوانوں کو کھیلوں کی جدید سہولیات فراہم کرنے اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
مشیر کھیل نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اس عزم کا عملی مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں، پلوں، صحت، تعلیم اور کھیلوں کے شعبوں میں جاری منصوبے عوام کی فلاح و بہبود اور علاقے کی پائیدار ترقی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بعض عناصر ترقیاتی عمل پر بے بنیاد الزامات لگا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم حکومت کی شفاف کارکردگی اور مکمل ہونے والے منصوبے خود ان الزامات کا بہترین جواب ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی بھی محکمے میں بدعنوانی کا کوئی ٹھوس ثبوت موجود ہے تو اسے سامنے لایا جائے، حکومت مکمل شفافیت کے ساتھ ہر سطح پر تحقیقات کے لیے تیار ہے۔
تاج محمد خان ترند نے کہا کہ بٹگرام کے عوام نے ہمیشہ ترقی کی سیاست پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور یہی اعتماد ہماری ذمہ داریوں میں مزید اضافہ کرتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع بٹگرام کی تعمیر و ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور نوجوانوں کو بہتر مواقع کی فراہمی کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ پوری رفتار سے جاری رکھا جائے گا تاکہ بٹگرام کو صوبے کے ترقی یافتہ اضلاع کی صف میں نمایاں مقام دلایا جا سکے۔
تقریب کے اختتام پر مشیر کھیل نے مختلف علاقوں کے عوام سے ملاقاتیں بھی کیں، ان کے مسائل سنے اور متعلقہ حکام کو عوامی مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔
