نیشنل جونیئر چیمپئن شپ اختتام پذیر، خیبرپختونخوا کی شاندار کارکردگی

نیشنل جونیئر چیمپئن شپ 2026 پشاور سپورٹس کمپلیکس میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ چار روزہ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے ایک ہزار سے زائد کھلاڑیوں نے سکواش، ایتھلیٹکس، والی بال، بیڈمنٹن، کراٹے اور ٹیبل ٹینس کے مقابلوں میں حصہ لیا۔
خیبرپختونخوا نے بوائز کیٹیگری میں ایتھلیٹکس، والی بال، بیڈمنٹن اور سکواش میں گولڈ جبکہ کراٹے میں سلور میڈل حاصل کیا۔ گرلز کیٹیگری میں سکواش میں گولڈ اور سلور جبکہ ایتھلیٹکس اور ٹیبل ٹینس میں سلور میڈلز اپنے نام کیے۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی مشیر کھیل و امورِ نوجوانان خیبرپختونخوا تاج محمد خان ترند تھے، جنہوں نے فاتح کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کیے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر، ڈائریکٹر آپریشن جمشید بلوچ، نازیہ ذکی، شاہ فیصل، یوسف آفریدی اور مختلف سپورٹس فیڈریشنز و ایسوسی ایشنز کے عہدیداران بھی موجود تھے۔
تاج محمد خان ترند نے کہا کہ چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد نوجوان ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے اور کھیلوں کے فروغ کی جانب اہم قدم ہے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو بہترین کھیلوں کی سہولیات اور ہر ممکن سرپرستی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ وہ قومی و بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر سکیں

مزید پڑھیں