مشیر کھیل تاج محمد خان ترند کا ضلع مالاکنڈ کا دورہ، محکمہ کھیل کی کارکردگی پر بریفنگ، مختلف سپورٹس گراؤنڈز کا معائنہ، کرکٹ اکیڈمی کو نیٹ فراہم، شجرکاری اور کھلاڑیوں کی بھرپور سرپرستی کی ہدایت

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان تاج محمد خان ترند اور سیکرٹری کھیل و امورِ نوجوانان محمد آصف ضلع مالاکنڈ پہنچ گئے، جہاں ڈپٹی کمشنر مالاکنڈ محمد فیاض خان شیرپاؤ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر سعید اختر، ڈائریکٹر ورکس احمد علی اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر مالاکنڈ محمد فیاض خان شیرپاؤ پورا دن مشیر کھیل کے ہمراہ رہے، جبکہ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر سعید اختر، ڈائریکٹر ورکس احمد علی اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران بھی مختلف سرگرمیوں اور دوروں میں ان کے ساتھ موجود رہے۔دورے کے دوران ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر سعید اختر نے محکمہ کھیل مالاکنڈ کی کارکردگی، جاری و مجوزہ کھیلوں کے ایونٹس، سپورٹس گراؤنڈز اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی پریزنٹیشن دیتے ہوئے بریفنگ دی۔بعد ازاں مشیر کھیل تاج محمد خان ترند نے ضلع مالاکنڈ میں مختلف کھیلوں کی سہولیات اور سپورٹس انفراسٹرکچر کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے رنگ محلہ پلے گراؤنڈ (تحصیل بٹ خیلہ)، ظفر پارک بٹ خیلہ، ڈھیری آلہ ڈنڈ بیڈمنٹن ہال، حنیف خان میموریل سپورٹس کمپلیکس تھانہ اور جلالہ پلے گراؤنڈ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی کاموں، دستیاب سہولیات اور گراؤنڈز میں درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈائریکٹر ورکس احمد علی کو موقع پر ہی ضروری ہدایات جاری کیں تاکہ تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرتے ہوئے ترقیاتی کام بروقت مکمل کیے جا سکیں۔دورے کے دوران مشیر کھیل نے کرکٹ اکیڈمی کا بھی دورہ کیا اور نوجوان کھلاڑیوں کی سہولت کے لیے اکیڈمی کو کرکٹ نیٹ فراہم کیا۔ انہوں نے جاری ہاکی میچ بھی دیکھا، کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں مزید محنت اور لگن سے کھیلنے کی تلقین کی۔مشیر کھیل نے سپورٹس کمپلیکس میں شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا اور کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ سرسبز اور صاف ماحول کا فروغ بھی ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔اس موقع پر مشیر کھیل تاج محمد خان ترند نے ہدایت کی کہ تمام کھیلوں کے ایونٹس میں عوامی نمائندوں کو باقاعدگی سے مدعو کیا جائے تاکہ عوام کو اپنے منتخب نمائندوں کی خدمات اور کھیلوں کے فروغ کے لیے جاری اقدامات سے آگاہی حاصل ہو۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات اور مکمل سرپرستی فراہم کی جائے تاکہ وہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خیبرپختونخوا اور پاکستان کا نام قومی و بین الاقوامی سطح پر روشن کریں۔مشیر کھیل نے مزید ہدایت کی کہ ضلع مالاکنڈ میں جتنے بھی سپورٹس گراؤنڈز مکمل ہو چکے ہیں انہیں جلد از جلد فعال کیا جائے، جبکہ جن منصوبوں پر کام رکا ہوا ہے انہیں فوری طور پر دوبارہ شروع کیا جائے تاکہ مالاکنڈ کے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور آگے بڑھنے کے مزید مواقع میسر آ سکیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت وزیراعلیٰ محمد سہیل آفرید کی قیادت میں کھیلوں کے فروغ، جدید سپورٹس انفراسٹرکچر کی تعمیر اور نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ صوبے کے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے۔

مزید پڑھیں