وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان تاج محمد خان ترند کی زیر صدارت چھپڑا ہاسٹل ناران، بٹہ کنڈی یوتھ ہاسٹل اور یوتھ پالیسی 2026 سے متعلق اہم اجلاس

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان تاج محمد خان ترند کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں چھپڑا ہاسٹل ناران، بٹہ کنڈی یوتھ ہاسٹل، جاری ترقیاتی منصوبوں اور یوتھ پالیسی 2026 سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان محمد آصف، ڈائریکٹر امورِ نوجوانان عباس آفریدی، ڈائریکٹر ورکس ڈیپارٹمنٹ، ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر مانسہرہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران چھپڑا ہاسٹل ناران کی موجودہ صورتحال، سہولیات کی بہتری، تزئین و آرائش اور انتظامی امور پر تفصیلی غور کیا گیا، جبکہ بٹہ کنڈی یوتھ ہاسٹل میں جاری رینوویشن کے کام کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ اجلاس میں یوتھ پالیسی 2026 کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس پر پیش رفت کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر مشیر کھیل و امورِ نوجوانان تاج محمد خان ترند نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسرز اپنے اپنے اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا ہر ماہ کم از کم ایک مرتبہ لازمی دورہ کریں اور منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیاری عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسرز اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرز کے ساتھ ہر ماہ ایک اجلاس منعقد کیا جائے گا، جس میں ان کی کارکردگی، جاری منصوبوں اور اہداف پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔تاج محمد خان ترند نے مزید ہدایت کی کہ بٹہ کنڈی یوتھ ہاسٹل میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے اور ان کی رسائی محکمہ امورِ نوجوانان کے ڈائریکٹوریٹ سے منسلک کی جائے تاکہ ہاسٹل کی مؤثر نگرانی، سکیورٹی اور دیکھ بھال کو ہر وقت یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کی فلاح و بہبود، جدید سہولیات کی فراہمی، سرکاری املاک کی مؤثر نگرانی، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور نوجوانوں کے لیے جامع و مؤثر پالیسی سازی کو اپنی ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے، اور ان اہداف کے حصول کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے ادا کریں۔

مزید پڑھیں