وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان تاج محمد خان ترند سے انصاف لیبر ونگ کی صوبائی کابینہ نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران انصاف لیبر ونگ کے وفد نے تنظیمی امور، کارکردگی اور صوبے بھر کے مزدوروں کو درپیش مسائل کے حوالے سے مشیر موصوف کو تفصیلی آگاہ کیا۔ وفد نے مزدور طبقے کی فلاح و بہبود، حقوق کے تحفظ اور روزگار سے متعلق مختلف امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔اس موقع پر تاج محمد خان ترند نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف مزدور طبقے کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزدور ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کے مسائل کا حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان نے انصاف لیبر ونگ کے وفد کو یقین دلایا کہ مزدوروں کو درپیش مسائل کے حل اور ان کے جائز حقوق کے حصول کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے انصاف لیبر ونگ کی تنظیمی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ونگ مزدوروں کی آواز مؤثر انداز میں متعلقہ فورمز تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
