معاونِ خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی خیبرپختونخوا و چیئرمین ڈیڈک ضلع ٹانک، عثمان خان بیٹنی کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ کونسل ٹانک میں ضلعی ترقیاتی رابطہ کمیٹی (ڈیڈک) کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ٹانک جمشید خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) ریاض خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ حلیم شاہ کنڈی سمیت ضلع بھر کے مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران تمام متعلقہ محکموں نے اپنی کارکردگی رپورٹس پیش کیں جبکہ جاری ترقیاتی منصوبوں پر معاونِ خصوصی عثمان خان بیٹنی کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مختلف ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت، درپیش مسائل اور ان کے بروقت حل کے حوالے سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر معاونِ خصوصی عثمان خان بیٹنی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام محکمے اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لائیں اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کی رفتار تیز کریں تاکہ صوبائی حکومت کی جانب سے منظور شدہ منصوبوں کے ثمرات بروقت عوام تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔عثمان خان بیٹنی نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی کے وژن کے مطابق صوبائی حکومت شفاف، معیاری اور پائیدار ترقی پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور تمام منصوبے مقررہ معیار اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کی کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ بدعنوانی، غفلت یا اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے تمام افسران پر زور دیا کہ وہ ایمانداری، شفافیت اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تاکہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک مؤثر انداز میں پہنچ سکیں۔اجلاس کے اختتام پر مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ محکموں کو منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی مفاد کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دینے کے لیے ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔
