وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ عثمان بیٹنی کو خیبرپختونخوا ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (کے پی ٹیوٹا) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا چیئرپرسن مقرر کیا ہے۔ یہ تقرری خیبرپختونخوا ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی ایکٹ 2015 کی دفعہ 5(3) کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔اس حوالے سے معاون خصوصی عثمان بیٹنی نے کے پی ٹیوٹا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرپرسن کی تقرری پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کےاعتماد پر پورا اترنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کے پی ٹیوٹا میں مؤثر پالیسی سازی، ادارہ جاتی اصلاحات اور فنی و پیشہ ورانہ تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو معیاری اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت فراہم کی جا سکے۔عثمان بیٹنی نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق صوبائی حکومت نوجوانوں کو معیاری فنی و پیشہ ورانہ تعلیم فراہم کرنے اور انہیں ہنر مند بنا کر روزگار کے بہتر مواقع مہیا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کے پی ٹیوٹا کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، صنعت دوست اور مؤثر ادارہ بنانے کے لیے اصلاحاتی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ صوبے میں فنی تعلیم کے شعبے کو مزید مضبوط اور فعال بنایا جا سکے۔
