وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے فنی تعلیم محمد عثمان بیٹنی نے آج کے پی ٹیوٹا ہیڈ آفس کا دورہ کیا، جہاں منیجنگ ڈائریکٹر کے پی ٹیوٹا میاں عبدالقادر شاہ نے ان کا استقبال کیا۔دورے کے دوران منیجنگ ڈائریکٹر نے معاونِ خصوصی کو ادارے کی مجموعی کارکردگی، فنی و پیشہ ورانہ تعلیم کے فروغ کے لیے جاری اقدامات، مختلف تربیتی پروگراموں اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر کے پی ٹیوٹا کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔معاونِ خصوصی محمد عثمان بیٹنی نے فنی تعلیم اور ہنر مندی کے فروغ کے لیے کے پی ٹیوٹا کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مہارتیں فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فنی و پیشہ ورانہ تعلیم کے شعبے کو مزید مستحکم بنانے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر میاں عبدالقادر شاہ نے معاونِ خصوصی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ کے پی ٹیوٹا صوبے میں معیاری فنی تعلیم کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھے گا۔
