وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سیاحت و ثقافت ملک عدیل اقبال کی زیر صدارت محکمہ سیاحت، ثقافت، آثارِ قدیمہ و میوزیم کے جاری ترقیاتی منصوبوں اور محکمانہ امور کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری سیاحت و ثقافت سعادت حسن سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ سیاحت، ثقافت، آثارِ قدیمہ و میوزیم کے جاری منصوبوں پر پیش رفت، تعمیراتی کام کے معیار اور مختلف محکمانہ امور کا جائزہ لیا گیا۔ جاری منصوبوں کی موجودہ صورتحال اور پیش رفت سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں معاون خصوصی ملک عدیل اقبال نے ہدایت کی کہ محکمہ کے جاری منصوبوں میں تعمیراتی کام کے معیار پر کسی صورت سمجھوتہ نہ کیا جائے اور منصوبوں کو مقررہ معیار اور ضابطوں کے مطابق مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ ساتھ تعمیراتی معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ملک عدیل اقبال نے مزید ہدایت کی کہ محکمانہ امور میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے اور تمام معاملات قواعد و ضوابط کے مطابق انجام دیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی وسائل کا مؤثر اور شفاف استعمال حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس لیے منصوبوں اور محکمانہ امور کی مؤثر نگرانی پر خصوصی توجہ دی جائے۔
