
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سمیع اللہ خان کی زیر صدارت منگل کے روز ان کے دفتر میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے امور کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور آئندہ کے نئے منصوبوں کے حوالے سے غوروخوص ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکریٹری ٹرانسپورٹ فیاض عالم، منیجنگ ڈائریکٹر خیبرپختونخوا اربن موبیلٹی اتھارٹی افتخار احمد، ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ حسن عابد، چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹرانز پشاور ڈاکٹر سید مرتضی اصغر بخاری سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے مختلف شعبوں کے تحت صوبہ بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں اور آئندہ کے لیے تجویز کردہ نئے منصوبوں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور معاون خصوصی کو منصوبوں کی موجودہ صورتحال، پیش رفت، مالی امور، درپیش مسائل اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران پشاور بی آر ٹی نظام کی توسیع و جدید کاری، الیکٹرک بسوں، بی آر ٹی انفراسٹرکچر کی سولرائزیشن، نئے فیڈر روٹس اور رسائی کے مقامات کی بہتری، خواتین کے لیے الیکٹرک موبیلٹی پروگرام، پشاور ویلی میں سب اربن ریل سروس کی فزیبلٹی، صوبائی الیکٹرک موبیلٹی اقدامات، ہری پور، ایبٹ آباد اور مانسہرہ کے لیے ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ، ٹرانسپورٹ کمپلیکسز و ٹرکنگ ٹرمینلز اور ضم شدہ اضلاع میں ٹرانسپورٹ سہولت مراکز کے قیام سمیت دیگر اہم منصوبوں کے امور کے حوالے سے انھیں آگاہ کیا گیا۔معاون خصوصی سمیع اللہ خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام جاری منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں اور مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان کے ثمرات جلد از جلد عوام تک پہنچ سکیں۔انہوں نے کہا کہ نئے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے فزیبلٹی اسٹڈیز، کنسلٹنٹ کے تکنیکی جائزوں اور دیگر درکار ضروری مراحل کو ترجیحی بنیادوں پر جلد مکمل کیا جائے تاکہ قابل عمل منصوبوں پر عملی کام کا آغاز بلا تاخیر ممکن بنایا جا سکے۔معاون خصوصی نے واضح کیا کہ عوامی مفاد سے وابستہ ٹرانسپورٹ کے اہم منصوبوں کے لیے درکار فنڈز کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دی جائے گی اور صوبائی حکومت اس شعبے کی ترقی کے لیے ضروری وسائل کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی۔سمیع اللہ خان نے کہا کہ ایک مؤثر، محفوظ، سستی اور جدید پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام عوام کی بنیادی ضروریات میں شامل ہے۔ بہتر سفری سہولیات نہ صرف شہریوں کی روزمرہ زندگی کو آسان بناتی ہیں بلکہ معاشی سرگرمیوں، روزگار، تعلیم اور صحت کی سہولیات تک عوام کی رسائی بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ٹرانسپورٹ کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے، بہتر سفری ذرائع کو فروغ دینے اور صوبے کے شہری و دور دراز علاقوں کے عوام کو بہتر ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔اس مقصد کے لیے موجودہ نظام کی بہتری کے ساتھ نئے اور جدید منصوبوں کو مرحلہ وار عملی شکل دی جا رہی ہے۔
