چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی زیر صدارت صوبے میں جیم سٹون بزنس کی ترقی اور کھیلوں کو فروغ دینے کے حوالے سے پشاور میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ صنعت اور محکمہ کھیل کے سیکرٹریز، ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی، بزنس و سپورٹس ایسوسی ایشنز کے نمائندوں اور اہم عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیف سیکریٹری نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ قیمتی پتھروں کی صنعت سے وابستہ سرمایہ کاروں، کاروباری افراد اور تاجروں کو بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو اللہ تعالیٰ نے بڑی مقدار میں قیمتی جواہرات کے خزانو ں سے نوازا ہے اور اگر وسیع طور پر سرمایہ کاری کی جائے تو صوبے کی اقتصادی ترقی میں یہ شعبہ نمایاں کردار ادا کرنے کے ساتھ مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع پیدا کر سکتا ہے۔چیف سیکریٹری نے مزید کہاکہ حکومت ایک ایسا سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے جو نجی شعبے کی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کر نے اور کاروباری عمل میں آسانی کو یقینی بنانے کے ساتھ صوبے کے قیمتی پتھروں کی تجارت کو فروغ دینے کے لیے ضروری بنیادی ڈھانچہ فراہم کرے۔ انہوں نے حکام کو مزید ہدایت کی کہ وہ ایسے اقدامات اٹھائیں جو سرمایہ کاری کے طریقہ کار کو آسان،ہموار اور شعبہ صنعت میں مزید اسٹیک ہولڈرز کو راغب کریں۔اجلاس میں جیم سٹون بزنس پر بات چیت کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا اور اس حوالے سے چیف سیکرٹری نے بین الاقوامی معیار کے کھلاڑی پیدا کرنے کے ضمن میں صوبے کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے پیشہ ورانہ ماحول بنانے کی اہمیت پر زور دیا جہاں سپانسرز اور سرمایہ کار کھیلوں کی ترقی میں آسانی سے اپنا کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سہولیات اور کھیل کے میدانوں میں نمایاں بہتری کی بدولت خیبر پختونخوا اب قومی اور بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی کے لیے تیار ہے جس سے ہمارے کھلاڑیوں کی پروفائل بلند ہونے کے ساتھ صوبے کا وقار بھی بلند ہو گا۔انہوں نے سپورٹس حکام کو بھی ہدایت کی کہ وہ قومی و بین الاقوامی ایونٹس کے انعقاد میں اپنی کوششیں مزیدتیز کریں اور پرائیویٹ سیکٹر اور سپورٹس ایسوسی ایشنز کے درمیان شراکت داری کو فروغ دیں۔کھیلوں کے مضبوط انفراسٹرکچر کی ترقی میں کارپوریٹ سپانسرشپ کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے انہوں نے کھلاڑیوں، کوچز اور کھیلوں کے وابستہ دیگر افراد کو ضروری تعاون فراہم کرنے کے پیش نظرسرمایہ کاروں اور کاروباری رہنماؤں سے صوبے میں مختلف کھیلوں کے فروغ میں اپنا حصہ ڈالنے کی بھی اپیل کی جس کے لئے صوبائی حکومت سپورٹ فراہم کرے گی.