خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اوقاف، حج مذہبی و اقلیتی امور عدنان قادری کا چارج سنبھالنے کے بعد مختلف وفود سے ملاقات اور مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔ موصوف نے اپنے دفتر میں مختلف وفود سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے وزارت ملنے پر پیرکے روزمبارک باد وصول کی جبکہ مختلف وفود کے مسائل بھی سنے اور ان کے حل کے لئے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ اس موقع پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کی خوشحالی اور ترقی ان کی اولین ترجیح ہے ۔ اس موقع پر صوبائی صدر وامیر مرکزی جمیعت شانگلہ ڈاکٹر یحی اخون خیل بھی موجود تھے جو اپنے علاقہ کےوفد کی قیادت کر رہے تھے۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے عدنان قادری نے ہدایت دی کہ صوبہ بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز ان آئمہ کرام کا اغزازیہ جلد از جلد ریلیز کریں جن ائمہ کرام کا ایک مسجد سے دوسری مسجد تبادلہ ہوا ہے۔جبکہ آئمہ کرام کا اعزازیہ ان کے پرسنل اکاؤنٹس میں منتقل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ۔انہوں نے مزید کہا بقایا آئمہ کرام کی دوبارہ ویری فیکیشن کو فوری طور پر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے اپنے محکمہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمے میں میں مثبت تبدیلی لانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔ صوبے کی عوام فلاح وبہبود ان کی ترجیحات میں شامل ہیں اورکوشش ہے کہ عوام کے لیے وہ منصوبے لائیں جن سے ان کے بنیادی مسائل حل ہو سکیں اور ان کو روزگار کے مواقع میسر آسکے
