شاور اور مانسہرہ میں پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کے خلاف محکمہ ایکسائز کی کارروائیاں تیز، متعدد یونٹس اور جائیدادیں سیل

خیبرپختونخوا محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول کی جانب سے پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کے خلاف جاری خصوصی مہم کے تحت پشاور اور مانسہرہ میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، جن کے دوران متعدد نادہندہ پراپرٹی یونٹس اور جائیدادوں کو سیل کر دیا گیا۔محکمہ ایکسائز سے موصولہ تازہ تفصیلات کے مطابق ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر (ETO-III) پراپرٹی ٹیکس پشاور ذاہد اقبال خان کی خصوصی ہدایت پر یونیورسٹی روڈ پشاور پر بڑے ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائی کی گئی۔ متعدد بار نوٹسز جاری کیے جانے کے باوجود پراپرٹی ٹیکس واجبات ادا نہ کرنے والے کئی معروف برانڈز اور کمرشل یونٹس کو قانون کے مطابق سیل کر دیا گیا۔دریں اثنا ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر (ETO-VI) پراپرٹی ٹیکس پشاور اعجاز انور کی سربراہی میں بھی پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کے خلاف خصوصی مہم جاری رہی۔ انہوں نے فیلڈ سٹاف کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جائیداد مالکان سے ملاقاتیں کیں اور انہیں واجب الادا پراپرٹی ٹیکس کی بروقت ادائیگی کی ہدایت کی۔ اس دوران متعدد ایسے یونٹس کا معائنہ کیا گیا جن کے ذمہ طویل عرصے سے ٹیکس واجبات بقایا تھے۔
بارہا نوٹسز کے باوجود واجبات ادا نہ کرنے والے متعدد پراپرٹی یونٹس کو سیل کر دیا گیا جبکہ دیگر نادہندگان کو حتمی نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ مقررہ مدت کے اندر ٹیکس ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ادھر ضلع مانسہرہ میں بھی پراپرٹی ٹیکس کی عدم ادائیگی پر متعدد جائیدادوں کو سیل کر دیا گیا۔ محکمہ ایکسائز کی ٹیموں نے نادہندگان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے واجبات کی وصولی کے لیے قانونی اقدامات اٹھائے۔اس موقع پر متعلقہ افسران نے کہا کہ پراپرٹی ٹیکس صوبائی محصولات کا اہم ذریعہ ہے، جس سے عوامی خدمات، ترقیاتی منصوبوں اور حکومتی امور کے لیے مالی وسائل فراہم ہوتے ہیں۔ انہوں نے جائیداد مالکان پر زور دیا کہ وہ اپنے واجبات بروقت ادا کریں تاکہ قانونی کارروائی، جرمانوں اور سیلنگ سے بچا جا سکے۔محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول نے واضح کیا ہے کہ صوبہ بھر میں پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور سرکاری محصولات کی وصولی یقینی بنانے کے لیے تمام قانونی اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔

مزید پڑھیں