محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا نے منشیات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئےضلع نوشہرہ میں 4.8 کلوگرام چرس برآمد کرلی۔
محکمہ ایکسائز سے موصولہ تفصیلات کے مطابق تھانہ ایکسائز نوشہرہ کی ٹیم نے جی ٹی روڈ، امان گڑھ پل کے قریب کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ موٹرسائیکل نمبر AZH-076 کو روک کر تلاشی لی۔ دورانِ تلاشی موٹرسائیکل کی سیٹ میں مہارت سے چھپائی گئی 4,800 گرام (4.8 کلوگرام) چرس برآمد کر لی گئی۔
کارروائی کے دوران ملزم نامدار خان ولد روئیداد خان، سکنہ پشاور، کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ برآمد شدہ منشیات قبضے میں لے کر ملزم کے خلاف تھانہ ایکسائز نوشہرہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ صوبے بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور معاشرے کو منشیات کی لعنت سے پاک بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
