مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان خیبرپختونخوا تاج محمد خان ترند سے ان کے حلقہ انتخاب سے آئے ہوئے عوامی وفود نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے اپنے اپنے علاقوں کو درپیش مسائل، عوامی ضروریات اور جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں سے متعلق مشیر کھیل کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان تاج محمد خان ترند نے عوام کے مسائل اور تجاویز کو انتہائی توجہ سے سنا اور متعلقہ حکام کو موقع پر ہی ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے مسائل کے فوری، مؤثر اور ترجیحی بنیادوں پر حل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر تاج محمد خان ترند نے کہا کہ عوامی خدمت حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور عوام کے مسائل کا بروقت ازالہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا عوام کی فلاح و بہبود اور علاقوں کی متوازن ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، جبکہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام سے مسلسل رابطہ رکھنا اور ان کے مسائل کو براہِ راست سن کر حل کرنا ہی عوامی نمائندوں کی اصل ذمہ داری ہے، اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
