
یونیورسٹی آف ملاکنڈ میں عالمی میڈیا اور اطلاعاتی خواندگی ہفتہ 2026 کے سلسلے میں ایک آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا، جس کا موضوع ’’ہم سب کا کردار ہے_عوام کے لیے میڈیا اور اطلاعاتی خواندگی‘‘ تھا۔
سیمینار کا مقصد طلبہ، اساتذہ اور دیگر شرکائ میں عصر حاضر کے ڈیجیٹل دور میں میڈیا اور اطلاعاتی خواندگی کی اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔یونیورسٹی آف ملاکنڈ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ مشیر برائے اطلاعات، ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ محمود جان بابر اس موقع پرمہمان مقرر تھے۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے محمود جان بابر نے میڈیا کے ذمہ دارانہ انداز میں استعمال، تنقیدی سوچ، ڈیجیٹل آگاہی، معلومات کی تصدیق اور ایک باخبر و ذمہ دار معاشرے کی تشکیل میں میڈیا خواندگی کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے غلط معلومات، گمراہ کن اطلاعات اور تیزی سے بدلتے ہوئے ڈیجیٹل معلوماتی ماحول سے پیدا ہونے والے چیلنجز کو بھی اجاگر کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس نے کہا کہ میڈیا اور اطلاعاتی خواندگی طلبہ اور شہریوں دونوں کے لیے ایک ناگزیر مہارت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور مصنوعی ذہانت کے وسیع استعمال کے دور میں معلومات کا تنقیدی جائزہ لینے، معتبر ذرائع کی شناخت کرنے اور حقائق کو غلط معلومات سے الگ کرنے کی صلاحیت باخبر فیصلوں اور ذمہ دار شہری ہونے کے لیے نہایت ضروری ہے۔سیمینار کے ذریعے تعلیمی اداروں، میڈیا کے پیشہ ور افراد اور عام شہریوں کی ذمہ داریوں کو اجاگر کیا گیا، تاکہ اخلاقی ابلاغ، ڈیجیٹل ذمہ داری اور عوامی سطح پر باخبر و مثبت شرکت کے کلچر کو فروغ دیا جا سکے۔یہ سیمینار میڈیا اینڈ ڈیجیٹل لٹریسی سوسائٹی نے یونیورسٹی آف ملاکنڈ کے میڈیا سیل اور یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹر کے اشتراک سے منعقد کیا۔ جو یونیورسٹی کے اس عزم کا عکاس ہے عوامی شعور، تنقیدی سوچ، ذمہ دارانہ ڈیجیٹل سرگرمیوں اور ایسے باخبر شہریوں کی تربیت کو فروغ دےا جائے، جو میڈیا کے تیزی سے پیچیدہ ہوتے ہوئے ماحول میں مؤثر انداز میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔تقریب میں مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، اساتذہ، انتظامی افسران، یونیورسٹی آف ویٹرنری سائنسز سوات کے تعلقات عامہ کے افسر اکرام اللہ عارف اور چکدرہ پریس کلب کے صدر محمد جلیل کی قیادت میں وفد نے بھی شرکت کی۔وائس چانسلر نے مہمان مقرر، مہمانوں، طلبہ اور دیگر شرکائ کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ طلبہ کو میڈیا خواندگی کے حوالے سے بہتر مواقع فراہم کیے جائیں گے اور ذمہ دار شہری ہونے کے شعور کو مزید فروغ دیا جائے گا۔سیمینار کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس اور محمود جان بابر کی قیادت میں آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا
