بی آر ٹی کی عوام کے لئے سفری سہولیات میں اضافہ کرنے اور اس کی آمدن بڑھانے کے لیے 90 روزہ جامع پلان تیار کیا جائے، آصف رفیق

گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے مواصلات و تعمیرات، بلدیات، ٹرانسپورٹ، زراعت اور ہاؤسنگ آصف رفیق نے ماس ٹرانزٹ بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے 90 روزہ جامع لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ادارے کے ریونیو میں اضافے کے لیے بھی مؤثر حکمت عملی وضع کی جائے، جبکہ پرانی بسوں کو جدید ماڈل کے مطابق بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔یہ ہدایات انہوں نے منگل کے روز پشاور میں بی آر ٹی ٹرانسپورٹ کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ محمد زبیر، چیف ایگزیکٹو آفیسر بی آر ٹی، منیجنگ ڈائریکٹر خیبر پختونخوا اربن موبیلٹی اتھارٹی افتخار خان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران چیف ایگزیکٹو آفیسر بی آر ٹی نے ادارے کی مجموعی کارکردگی، انتظامی امور، سفری سہولیات اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا ماس ریپڈ بس ٹرانزٹ پشاور کے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے بی آر ٹی نیٹ ورک میں متعدد نئے روٹس شامل کرنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔اس موقع پر مشیر ٹرانسپورٹ آصف رفیق نے کہا کہ بی آر ٹی عوام کو جدید، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے والا ایک اہم ادارہ ہے، لہٰذا اس کی کارکردگی میں مزید بہتری لانے اور درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مؤثر اور نتیجہ خیز حکمت عملی اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ادارے کے انتظامی اور مالیاتی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شفافیت یقینی بنائی جائے، دستیاب وسائل کا مؤثر استعمال کیا جائے اور آمدن میں اضافے کے لیے قابل عمل تجاویز پیش کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارے کی تمام پالیسیوں اور اقدامات میں عام آدمی کے مفاد، سہولت اور سفری ضروریات کو ہر صورت مقدم رکھا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر، آسان اور معیاری ٹرانسپورٹ سہولیات میسر آسکیں۔

مزید پڑھیں