خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوامی مسائل کے فوری اور مؤثر حل، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور پسماندہ علاقوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حلقہ پی کے 26 بونیر کی ہمہ جہت ترقی اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کے ساتھ مسلسل رابطہ، ان کے مسائل کا براہِ راست جائزہ لینا اور موقع پر احکامات جاری کرنا عوامی خدمت کے مؤثر نظام کا اہم حصہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ نیابت پی کے 26 بونیر میں منعقدہ پبلک ڈے کے موقع پر اپنے حجرے میں مختلف عوامی وفود،عمائدین اورشہریوں سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔
حلقے کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود نے اپنے علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں، سڑکوں، تعلیم، صحت، آبنوشی، بجلی اور دیگر بنیادی عوامی مسائل سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔ سید فخر جہان نے تمام مسائل تفصیل سے سنے اور ان کے فوری حل کے لیے متعلقہ محکموں کے افسران کو موقع پر ضروری ہدایات جاری کیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں حکومت صوبے کے تمام علاقوں میں متوازن ترقی، عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور محروم علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو بلاامتیاز ریلیف کی فراہمی اور عوامی وسائل کا شفاف استعمال حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے وژن کے مطابق شفاف حکمرانی، قانون کی بالادستی، عوامی خدمت اور انصاف پر مبنی نظام کے قیام کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں، جبکہ صوبائی حکومت اسی وژن کو مدنظر رکھتے ہوئے عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنا رہی ہے۔
سید فخر جہان نے کہا کہ پبلک ڈے کا مقصد عوام اور منتخب نمائندوں کے درمیان براہِ راست رابطے کو مزید مضبوط بنانا، عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر سننا اور ان کے فوری حل کو یقینی بنانا ہے۔
