صوبائی وزیر برائے محنت، فیصل خان ترکئی کی زیرِ صدارت محکمہ محنت کے اہم اجلاس کا انعقاد ہوا، جس میں صوبے بھر کی لیبر کالونیوں سے متعلق امور، نئی تعمیر ہونے والی لیبر کالونیوں، مزدوروں کے لیے تیار کیے گئے انتظامی معلوماتی نظام (ڈیش بورڈ) اور مختلف انتظامی معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں حکام نے صوبائی وزیر کو لیبر کالونیوں کی موجودہ صورتحال، دستیاب رہائشی یونٹس، الاٹمنٹ کے عمل اور دیگر انتظامی امور سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ مزدوروں کی سہولت اور بہتر انتظامی نگرانی کے لیے جدید معلوماتی نظام بھی تیار کیا جا رہا ہے۔صوبائی وزیر فیصل خان ترکئی نے ہدایت کی کہ تمام غیر الاٹ شدہ رہائشی یونٹس کو ترجیحی بنیادوں پر جلد از جلد الاٹ کیا جائے تاکہ مستحق مزدور اور ان کے اہل خانہ ان رہائش گاہوں سے مستفید ہو سکیں اور کالونیاں مکمل طور پر آباد ہوں۔انہوں نے لیبر کالونیوں میں غیر قانونی رہائش کے مسئلے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اس حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو غیر قانونی رہائش کی واضح اور جامع رپورٹ پیش کرے اور غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔صوبائی وزیر نے مزید ہدایت کی کہ نگراں عملہ (کیئر ٹیکرز) کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے، انہوں نے کہا کہ غیر قانونی قابضین کے خلاف مؤثر کارروائی نہ کرنے یا واجبات کی وصولی میں ناکامی کی صورت میں متعلقہ نگراں عملے کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی کی جائے۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران لیبر کالونیوں سے 286 غیر قانونی رہائشیوں کو بے دخل کیا جا چکا ہے، جبکہ آئندہ بھی اس کارروائی کو مزید مؤثر اور تیز کیا جائے گا۔صوبائی وزیر فیصل خان ترکئی نے لیبر کالونیوں میں خوبصورتی، مرمت اور ترقیاتی کاموں کو ترجیح دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام فلیٹس اور مکانات میں ضروری مرمت، تزئین و آرائش اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ مزدوروں کو صاف، محفوظ اور بہتر رہائشی ماحول فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محکمہ محنت مزدوروں کی فلاح و بہبود، رہائشی سہولیات کی بہتری اور سرکاری املاک کے شفاف و مؤثر انتظام کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔
