وزیراعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے زراعت میاں محمد عمر سے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ سمیع اللہ خان نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سمیع اللہ خان کے اپنے حلقہ انتخاب میں محکمہ زراعت سے متعلق جاری ترقیاتی منصوبوں، کسانوں کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے مختلف تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ زراعت دلنواز خان، ڈائریکٹر جنرل کارپ رپورٹنگ الطاف شاہ، پلاننگ آفیسر نثار خان بھی موجود تھے۔اس موقع پر مشیر زراعت میاں محمد عمر نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت پر صوبائی حکومت زرعی شعبے کی ترقی، کسانوں کی خوشحالی اور جدید زرعی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ پانی کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے واٹر مینجمنٹ کے منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے۔ نہری پانی کے بہتر استعمال، بارانی علاقوں میں آبی وسائل کے تحفظ، جدید آبپاشی نظام اور آن فارم واٹر مینجمنٹ کے فروغ کے ذریعے پانی کے ضیاع کو کم کرنے اور زرعی پیداوار میں اضافہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کاشتکاروں کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے اور زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر سرمایہ کاری کر رہی ہے تاکہ کم وسائل کے باوجود زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکے۔اس موقع پرمعاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ سمیع اللہ خان نے اپنے حلقے کے کسانوں کو درپیش مسائل سے مشیر زراعت کو آگاہ کیا اور محکمہ زراعت کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ مشیر زراعت نے یقین دہانی کرائی کہ کسانوں کے مسائل کے بروقت حل اور زرعی ترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
