محکمہ ایکسائز وٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا کی جانب سے انسداد منشیات کے حوالے سے جاری کریک ڈاؤن کے سلسلے میں ایکسائز انٹیلیجنس بیورو نے پشاور میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے 102 کلو گرام چرس برآمد کرلی، جبکہ دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔صوبائی حکومت کی انسداد منشات کے حوالے سے زیروٹالرنس پالیسی اور وزیر ایکسائز سید فخرجہان کی جاری کردہ ہدایات کے سلسلے میں محکمہ ایکسائز کے تحت منشیات کے خلاف کارروائیاں تسلسل کیساتھ جاری ہیں۔محکمہ ایکسائز سے موصولہ تفصیلات کے مطابق مذکورہ کارروائی ایکسائز انٹیلیجنس بیورو خیبرپختونخوا کے سربراہ عاکف نواز خان کی نگرانی میں خفیہ اطلاع پر کی گئی۔ کارروائی کے دوران مشتبہ گاڑی کی تلاشی کے نتیجے میں گاڑی سے 102 کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔موقع پر موجود دو ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ برآمد شدہ منشیات قبضے میں لے کر گرفتار ملزمان کے خلاف پشاور ایکسائز پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ محکمہ ایکسائز کے مطابق صوبے بھر میں منشیات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور معاشرے کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
