وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے جنگلات و ماحولیات پیر مصور خان نے کہا ہے کہ جنگلی حیات اور جنگلات کے تحفظ کے لئے ٹرینڈ ہیومن ریسورس انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تربیت یافتہ اور پیشہ ور افرادی قوت انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کے نوجوانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبرپختونخوا فاریسٹ سکول تھائی ایبٹ آباد میں 89ویں فاریسٹ گارڈ کورس کی شاندار پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔تقریب میں پیر مصور خان غازی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ چیف کنزرویٹر فاریسٹس نادرن فاریسٹ ریجن-II ایبٹ آباد جناب اصغر خان صاحب، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر گلیز فاریسٹ ڈویژن جناب بلال احمد اور محکمہ جنگلات کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ تقریب کے دوران کامیاب فاریسٹ گارڈز اور وائلڈ لائف واچرز میں سرٹیفکیٹس اور اعزازات تقسیم کیے گئے، جو ان کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ تربیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ وزیراعلی کے مشیر جنگلات و ماحولیات پیر مصور خان غازی نے اپنے خطاب میں فارغ التحصیل نوجوانوں کو مبارکباد پیش کی اور جنگلات و جنگلی حیات کے تحفظ میں ان کے کردار کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تربیت یافتہ اور پیشہ ور افرادی قوت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ محکمہ جنگلات خیبرپختونخوا مستقبل میں بھی اسی طرح کے تربیتی پروگرام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتا ہے تاکہ صوبے کے قیمتی جنگلاتی و حیاتیاتی وسائل کا مؤثر تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم سب نے مل کر جنگلات کے فروغ اور اسکا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
