
محکمہ ایکسائز وٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا نے پشاور شہر میں منشیات کے خلاف تازہ کارروائیوں میں بھاری مقدار میں منشیات برامد کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ صوبائی حکومت کی منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اور وزیر ایکسائز سید فخرجہان کی ہدایات کے تحت صوبہ بھر میں جاری کارروائیوں کے تحت ایکسائز انٹیلیجنس اور تھانہ ایکسائز پشاور کی جانب سے منشیات سپلائرز کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 5800 گرام منشیات برآمد کرکے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔محکمہ ایکسائز سے موصولہ تفصیلات کے مطابق ایکسائز انٹیلیجنس سکواڈ I -B نے جوائنٹ چیک پوسٹ پر کارروائی کرتے ہوئے گاڑی نمبر CAG -868کی تلاشی کے دوران 1200 گرام چرس برآمد کی۔ کارروائی کے دوران ملزم دانش سفطین ملک ولد محمد سفطین ملک کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا جس کے خلاف مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے تھانہ ایکسائز پشاور میں مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔ایک اور کارروائی کے دوران ایکسائز انٹیلیجنس سکواڈ I -B نے ایچ گول چوک کے مقام پر کارروائی کرتے ہوئے 1000 گرام ہیروئن اور 1200 گرام چرس برآمد کی۔ کارروائی کے دوران دو ملزمان جلات خان ولد شہزادہ اور فضل ہادی ولد سلام بر خان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان کے خلاف تھانہ ایکسائز پشاور میں مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔اسی طرح تھانہ ایکسائز پشاور نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایچ گول چوک کے مقام پر اسکول بیگ کی آڑ میں منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ دوران تلاشی 2400 گرام چرس برآمد کرکے ملزم کمین خان ولد آدم خان کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کے خلاف تھانہ ایکسائز پشاور میں مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔
